پاکستان

خواجہ آصف تاحیات نااہل قرار، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دے دیا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت بھی ختم کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تین رکنی لارجر بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو نااہل قرار دے دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ خواجہ آصف کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا گیا، وہ 2013 کا الیکشن بھی نہیں لڑ سکتے تھے۔

’’ سیاسی معاملات عدالتوں میں آنے سے سائلین کا وقت ضائع ہوتا ہے‘‘
ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ خواجہ آصف این اے 110 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے اہل نہیں تھے، عدالت کو منتخب نمائندوں کو نااہل کرنے کے لیے عدالتی اختیار استعمال کرنا اچھا نہیں لگتا، سیاسی قوتوں کو اپنے تنازعات سیاسی فورم پر حل کرنے چاہیے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ سیاسی معاملات عدالتوں میں آنے سے سائلین کا وقت ضائع ہوتا ہے، پارلیمنٹ فیڈریشن کے اتحاد کی علامت ہے اور عزت و تکریم کی حقدار ہے، عوام کا پارلیمنٹ پر اعتماد اراکین کے کردار پر منحصر ہے، درخواست گزار کی سیاسی جماعت عدالت آنے کی بجائے پارلیمنٹ میں معاملہ اٹھاتی تو مناسب تھا۔

’’ خواجہ آصف نے کاغذات نامزدگی میں یہ اکاوٴنٹ ظاہر نہیں کیا‘‘
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ خواجہ آصف نے نیشنل بنک آف دبئی کا بنک اکاوٴنٹ بھی کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا، خواجہ آصف کی جانب سے 2013 کے کاغذات نامزدگی کی بجائے 2015 میں پہلی بار یہ اکاوٴنٹ ظاہر کیا، مختلف اوقات میں خواجہ آصف نے اپنی آجر کمپنی کے ساتھ تین معاہدے کیے جن کے تحت خواجہ آصف کو اقامہ دیا گیا تھا، دستاویز کے مطابق کمپنی کے کل ملازمین کی تعداد 1250 تھی، خواجہ آصف کا نام منیجمنٹ کنسلٹنٹ کے طور پر سیریل نمبر 303 پر ہے، ان سے اوپر 302 اور نیچے سیریل پر مستری اور مزدور شامل ہیں۔

’’ الیکشن کمیشن نے خواجہ آصف کی رکنیت ختم کردی ‘‘

Related Articles

Back to top button