بین الاقوامی

بائیڈن انتظامیہ اور کانگریس مسلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرے ، ”APPAC“ کے زیر اہتمام یوم کشمیر کی خصوصی تقریب

کانگریس میں ٹام لینٹوس انسانی حقوق کمیٹی چئیرمین کے ساتھ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق بات کرونگا ، کانگریس مین ٹام شوازی کا خطاب، سینیٹر باب مینینڈیز اور سینیٹر کوری بوکر کے ویڈیو بیانات

پاکستانی اور کشمیری امریکن کمیونٹی ، مظلوم و محکوم کشمیریوں سے اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ وہ ان کے حقوق کےلئے امریکہ میں ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے
تقریب سے کانگریس مین ٹام شوازی ، پاکستانی سفیر ڈاکٹراسد مجید خان ، ڈاکٹر اعجاز، ڈاکٹر محمود عالم ، پرفیسر فیضان،ڈاکٹرتنویر میر ،پروفیسر زاہد بخاری ، عظیم میاں ، عائشہ کو اور پرویز صدیقی کا خطاب
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نیویارک (خصوصی رپورٹ) پاکستانی اور کشمیری امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کی جانب سے صدر جو بائیڈن اور ان کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لئے مسلہ کشمیر کے حل کو جلد از جلد یقینی بنائیں ، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں ۔کمیونٹی قائدین کی جانب سے امریکی سینٹ کی امور خارجہ کمیٹی کے چئیرمین سینیٹر باب مینینڈیز ، سینیٹر کوری بوکر سمیت ڈیموکریٹک قیادت سے کہا گیا ہے کہ کانگریس کے ایوان نمائندگان اور سینٹ میں کنٹرول حاصل کرنے کے بعد ، مقبوضہ کشمیر اور وہاں انسانی حقوق کی صورتحال کے حوالے سے وہ اپنی ان باتوں پر بھی عمل کریں کہ جو ایوانوں میں اکثریت حاصل کرنے سے پہلے وہ کرتے رہے ۔واشنگٹن میں پاکستانی سفیر ڈاکٹراسد مجید کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکہ اور اقوام عالم ، بھارت کی جانب سے کشمیر میں آبادی کے تناسب کی تبدیلی کےلئے لاکھوں بھارتیوں کو کشمیر کا ڈومیسائل جاری کرنے کے عالمی و اقوام متحدہ کے قوانین کے متصادم اقدام کا بھی نوٹس لے ۔
امریکن پاکستانی کمیونٹی کی ایک اہم و نمائندہ تنظیم ” امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی “(اے پی پیک ۔APPAC) کے زیر اہتمام ”یوم یکجہتی کشمیر “ کے حوالے سے آن لائن سیمینار سے امریکی کانگریس مین ٹام شوازی ، امریکہ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹراسد مجید خان ، ڈاکٹر اعجازاحمد، ڈاکٹر محمود عالم ، پرفیسر فیضان الحق،کشمیری امریکن خاتون رہنما ڈاکٹرتنویر میر ،پروفیسر زاہد بخاری ،سینئر صحافی عظیم میاں ، عائشہ کو اور فارماسسٹ پرویز صدیقی سمیت دیگر نے شرکت کی ۔”کشمیری بنا انسانی حقوق “ کے موضوع پر ہونیوالے اس سیمینار میں یو ایس سینٹ کی امور خارجہ کمیونٹی کے چئیرمین سینیٹرباب مینینڈیز اور یو ایس سینیٹر کوری بوکر کے کشمیر اور انسانی حقوق کے حوالے سے ویڈیو بیانات بھی دکھائے گئے ۔
نے خطاب میں کہا کہ امریکہ میں بسنے والی پاکستانی اور کشمیری امریکن کمیونٹی ، مظلوم و محکوم کشمیریوں سے اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ وہ ان کے حقوق کے حق میں اور ان کے ساتھ ہونیوالی نا انصافیوں کے خلاف امریکہ میں ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے ۔
کانگریس مین ٹام شوازی نے کہا کہ میں یو ایس کانگریس میں ٹام لینٹوس انسانی حقوق کمیٹی کے چئیرمین کے ساتھ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق بات کرونگا ۔ انہوںنے کہا کہ وہ پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی سے مسلسل رابطے میں ہیں اور مسلسل رابطے میں رہیں گے اور ان سے کشمیر کی صورتحال اور حقائق کے بارے میں آگاہی حاصل کرتے رہیں گے ۔ کانگریس مین شوازی کا کہنا تھا کہ کانگریس مین ٹام لینٹوس کا مانناتھا کہ تہذیب بہت حساس ہوتی ہے ، ہم اس کے گارڈئین ہیں اور ہمیں اس کے تحفظ کےلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔کانگریس مین شوازی کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری ، ویگر اور تبت کمیونٹی سمیت انسانی حقوق کے معاملات جہاں بھی ہوں ، وہاں ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
سیمینار سے خطاب کے دوران مقررین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسلہ کشمیر ایک متنازعہ مسلہ ہے جس کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئیے ۔ امریکہ میں بسنے والی کمیونٹی بائیڈن انتظامیہ اور اقوام متحدہ پر مسلسل زور دیتی رہے گی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں ۔

APPAC, Kashmir Day USA

Related Articles

Back to top button