اوورسیز پاکستانیز

رمضان کا مہینہ احکامات الٰہی کے مطابق خود کو بدلنے کا مہینہ ہے

امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی کے چئیرمین ڈاکٹر اعجاز احمد ومسز صبا اعجاز اور مسز ناہید بھٹی اور ان کے شوہر بدر بھٹی کی جانب سے روحانی محفل اور افطار ڈنر

رب العزت رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اپنی رحمتیں اور برکات سب پر بے پناہ نازل فرمائیں، ڈاکٹر اعجاز، بدر بھٹی، ناہید بھٹی
ممتاز علماءکرم ڈاکٹر علامہ سید شہزاد مصطفی الحسینی ، مفتی محمد فرحان کی خصوصی شرکت،ثناءخواں امجد حسین نے نظامت کے فرائض انجام دئیے،قونصل جنرل راجہ علی اعجاز ،نیلوفر عباسی کی خصوصی شرکت

نیویارک (اردو نیوز )امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی کے چئیرمین ڈاکٹر اعجاز احمد ومسز صبا اعجاز اور مسز ناہید بھٹی اور ان کے شوہر بدر بھٹی کی جانب سے اسلامک سنٹر آ ف لانگ آئی لینڈ میں روحانی محفل اور افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ۔ماہ رمضان المبارک کے حوالے سے منعقدہ اس محفل میں ممتاز علماءکرم ڈاکٹر علامہ سید شہزاد مصطفی الحسینی ، مفتی محمد فرحان نے خصوصی شرکت کی جبکہ عالمی شہرت یافتہ و صدارتی ایوارڈ یافتہ ثناءخواں امجد حسین نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔
میزبانان ڈاکٹر اعجاز احمد، صبا اعجاز، بدر بھٹی اور مسز ناہید بھٹی نے شرکاءکو خوش آمدید کہتے ہوئے ماہ رمضان المبارک نصیب ہونے پر مبارکبا د دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ اپنے اس بابرکت اور مقدس مہینے کی رحمتیں اور برکات ہر ایک کو نصیب فرمائیں ۔تقریب میں قونصل جنرل راجہ علی اعجاز، مسز عائشہ اعجاز اور نیلو فر عباسی سمیت پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی ۔ روحانی محفل کا آغاز تلاوت قران مجید سے ہوا جبکہ امجد حسین ، ڈاکٹر اعجاز احمد اور بدر بھٹی نے سرور کونین ،نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفی ﷺ کی بار گاہ اقدس میں ہدئیہ عقیدت پیش کیا ۔
الولائیت سنٹر نیویارک کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید شہزاد مصطفی الحسینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قران مجید میں ارشاد ہے کہ اے ایمان والو اللہ سے ڈرواور اس کی بار گاہ میں آنے کے لئے وسیلہ تلاش کرو چاہے وہ نیک اعمال ہوں ، عبادات کا ہو ،چاہے وہ وسیلہ قران کی صورت میں ہو ، چاہے وہ وسیلہ بندگان خدا کی صورت میں ہو ۔یوں بار گاہ رب کریم میں پہنچی ہوئی دعا مقبول ہو جاتی ہے ۔مزید فرمایا گیا کہ تم پر روزے فرض کئے تاکہ تم متقی ہو جاو¿۔ رمضان کریم جن جن کو نصیب ہوتا ہے ، وہ خوش قسمت ترین ہیں۔ انہیں اس ماہ مبارک کے ایک ایک لمحے سے مستفید ہو کر آقا کریم کی رضا حاصل کرکے اپنی دنیا و آخرت کو سنوارنا چاہئیے ۔
امجد حسین نے حضرت سیدنا موسیٰ علیہ السلام کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہاکہ ایک دن حضرت موسیٰ ؑ نے عرض کی کہ یا اللہ میری امت کا سب سے گنہگار ترین شخص کون ہے ؟اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ موسیٰ ؑ صبح فجر کے بعد جو بندہ آپ کو سب سے پہلے نظر آئے وہ تمہاری امت کا گنہگار ترین امتی ہو گا ۔آپ صبح فجر کے وقت باہر نکلے تو دیکھا کہ ایک شخص ایک بچے کو اٹھائے آبادی سے دو ر لے جا رہا تھا ۔ حضرت موسیٰ ؑ نے عرض کہ یا اللہ گنہگار ترین شخص دیکھ لیا ، اب مجھے سب سے نیک بند ہ بھی دکھا دے ۔کہا کہ مغرب کے بعد جو بندہ سب سے پہلے دیکھو وہ سب سے نیک امتی ہو گا۔ آپ ؑ نے دیکھا کہ وہی آدمی آرہا ہے کہ جس کو صبح دیکھا ۔ آپ ؑ حیرت میں مبتلا ہو گئے اور پوچھا کہ رب العزت یہ کیا معاجرہ ہے ۔اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ موسیٰ ؑ جب یہ بندہ صبح اپنے بچے کے ساتھ جا رہا تھا تو اس کے بچے نے سوال کہ ابو اس جنگل سے بڑی کوئی شے ہے ،والد نے کہا کہ ہاں بیٹے جنگل سے بڑے پہاڑ ہیں ،بچے نے پھر سوال کیا کہ ابو پہاڑوں سے بھی بڑی کوئی چیز ہے ؟با پ نے کہا کہ ہاں بیٹا پہاڑوں سے بڑا آسمان ہے ،بچے نے پوچھا کہ آسمان سے بڑی کوئی چیز ہے ؟ابو نے سوچ کر ندامت سے کہا کہ ہاں بیٹا آسمان سے بڑے تیرے باپ کے گناہ ہیں ،اس پر بچے نے پھر سوال کیا کہ ابو آ پ کے گناہوں سے بھی بڑی کوئی چیز ہے ؟باپ نے کہا کہ ہاں بیٹا وہ میرے رب کا فضل و کرم اور اس کی مغفرت ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ موسیٰ ؑ اس بندے نے اس عاجزی و انکساری سے مغفرت طلب کی تو میں نے اس کو معاف کردیا اور ان کے گناہ کو نیکیوں سے بدل دیا۔ اللہ تعالیٰ سے جو سچے دل سے معافی مانگتا ہے ،اسے اللہ تعالیٰ معاف فرماتے ہیں ۔
نیلو فر عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی فطرت ہے کہ وہ باتوں کو بھول جاتا ہے یا نظر انداز کردیتا ہے ۔ اسی فطرت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام مجید میں انسان کی دنیا و آخرت میں بہتری اور کامیابی کے لئے ایک بات کو بار بار دوہرایا ہے ۔بار بار انسان کو یاد دلایا ہے کہ وہ راہ حق پر چلے اور خیر اور فلاح پائے ۔ رمضا ن المبارک میں بھی ہمیں اپنی زندگی کو اللہ تعالی ٰ اور اس کے رسول مقبول ﷺ کے احکامات اور تعلیمات کے مطابق گذارنے کا عہد کرنا چاہئیے اور پھر عمر بھر اس عہد کی پاسداری کرنی چاہئیے ۔اسی میں فلاح اور کامیابی ہے ۔ناہید بھٹی نے کہا کہ ماہ رمضان فضیلتوں،برکتوں، رحمتوں اور برکات والا مہینہ ہے ۔اس مقدس ماہ صیام میں قران پاک کا نزول ہوا۔رب رحیم و کریم ہے ، سچے دل سے معافی مانگنے پر وہ اپنے بندے کو معاف فرمادیتا ہے کیونکہ وہ رب العالمین ہے اور اپنی مخلوق سے ستر ماو¿ں سے زیادہ پیار کرتا ہے ۔ماہ رمضان میں اس کی رحمتوں کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں اور شیطان بند کر دیا جاتا ہے ۔اس ماہ مقدس سے جس حد تک ممکن ہو مستفیدہوں ۔
مفتی محمد فرحان نے کہا کہ قران مجید میں رمضان المبارک کے روزوں اور ان کی اہمیت بیان کی گئی ہے ۔قران مجید کی تعلیمات پر غور کریں تو بہت واضح ہے کہ رمضان المبارک وہ مہینہ ہے کہ جس میں خصوصی طور پر اللہ تبارک تعالیٰ کا فضل و کرم اور بخشش و معافی طلب کرنی چاہئیے ۔یہ وہ مہینہ ہے کہ جس میں رحمتوں کے خزانوں کے منہ کھول دئیے جاتے ہیں ۔سال بھر ایسے لمحات اور وقت نصیب نہیں ہوتا۔اس مہینے میں آپ نا ممکن کو ممکن بنا سکتے ہیں ۔اسی مہینے میں فتح مکہ ہوئی ۔اس مہینے کو اپنے لئے اپنی عبادات اور دعاو¿ں سے جس حد تک ممکن ہے رحمتوں اور برکات سمیٹنے کا وسیلہ بنا لیں ۔ اس مہینے کی عبادات کو خصوصی درجہ حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ڈرائیونگ کرتے ہیں ۔ہمیں معلوم ہے کہ یوٹرن لینا خلاف قانون ہے لیکن اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں یوٹرن لینے کی ہمیشہ اجازت ہے ۔ انسان کو اجازت ہے کہ وہ اپنی زندگی میں کبھی بھی سچے دل اور نیک نیتی سے اپنے خالق و مالک کی جانب لوٹ جائے اور اس سے معافی طلب کرلے۔ اللہ کریم بہت غفور ا لرحیم ہیں ۔اگر ہم اس مہینے میں عبادات نہیں کریں گے تو کب کریں گے ۔رمضان کا مہینہ خود کو اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق تبدیل کرنے کا مہینہ ہے ۔یہی تبدیلی دنیا و آخرت میں کامیابی و کامرانی کا ذریعہ بنے گی ۔
قونصل جنرل راجہ علی اعجاز نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک جس تیزی سے گذر رہا ہے ، اسی رفتار سے ہمیں اس ماہ مقدس میں رب کریم کی رحمتیں اور برکات کو سمیٹ لینا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں کمیونٹی اور ملک و قوم کو بھی اپنی دعاو¿ں میں یاد رکھیں ۔میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کی عبادات کو شرف قبولت بخشیں ۔
تقریب میں بچے ارسلان اعجاز نے ماہ رمضان کی فصیلت اور نیک اعمال کے حوالے سے خوبصورت خطاب کیا جبکہ بچیوں نے نشید پڑھی ۔آخر میں امجد حسین نے دعا کروائی اور شرکاءکے اعزاز میں پرتکلف افطار نر دیا گیا۔

Related Articles

Back to top button