خبریں

امریکہ: تمام بالغ افراد 19 اپریل سے کورونا ویکسین لگوا سکیں گے

امریکہ کی 20 فیصد بالغ آبادی کئی وجوہات سے ویکسین لگوانے کی خواہاں نہیں ہے۔ کچھ افراد نے اسے غیر ضروری اور کچھ نے نقصان دہ قرار دیا ہے

اعداد و شمار کے مطابق اب تک چھ کروڑ بیس لاکھ امریکیوں کو مکمل طور پر کورونا ویکسین کی خوراک دی جا چکی ہے۔ یہ امریکہ کی بالغ آبادی کا 23 فیصد ہے

واشنگٹن (اردو نیوز ) امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ 19 اپریل سے امریکہ کی تمام بالغ آبادی یعنی 16 برس سے زائد عمر کے تمام افراد کورونا وائرس کے خلاف تحفظ فراہم کرنے والی ویکسین حاصل کرنے کے اہل ہونگے۔ اس سے پہلے اس ہدف کے لئے یکم مئی کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔
صدر بائیڈن نے پہلے کہا تھا کہ امریکہ میں 19 اپریل سے 90 فیصد بالغ آبادی کو ویکسین مل سکے گی، تاہم ویکسین کی رسد میں اضافے کے بعد، انہوں نے اعلان کیا ہے کہ اب مکمل سو فیصد بالغ آبادی مذکورہ تاریخ سے ویکسین حاصل کر سکے گی۔بائیڈن نے یہ اعلان امریکی ریاست ورجینیا میں قائم ایک ویکسین سینٹر کے دورے کے بعد وائٹ ہاوس میں پہنچ کر کیا۔
ایک قومی سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ امریکہ کی 20 فیصد بالغ آبادی کئی وجوہات سے ویکسین لگوانے کی خواہاں نہیں ہے۔ کچھ افراد نے اسے غیر ضروری اور کچھ نے نقصان دہ قرار دیا ہے، جبکہ کچھ افراد نے حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے پروگرام پر بے اعتباری کا اظہار کیا۔
ویکسین لگوانے میں ہچکچاہٹ کا شکار امریکیوں کی تعداد پچھلے کچھ عرصے میں قدرے کم ہوئی ہے۔ ماہرین اس کی وجہ، ویکسین لگوانے والے افراد میں کسی قسم کے مضر اثرات کا ظاہر نہ ہونا قرار دے رہے ہیں۔
تازہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک چھ کروڑ بیس لاکھ امریکیوں کو مکمل طور پر ویکسین کی خوراک دی جا چکی ہے۔ یہ امریکہ کی بالغ آبادی کا 23 فیصد ہے۔ اس کے علاوہ دس کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد کو کم از کم ایک ویکسین کی خوراک مل چکی ہے۔امریکہ میں ویکسین دینے کی ابتدا عمر رسیدہ افراد اور فرنٹ لائین پر کام کرنے والے افراد سے کی گئی تھی۔ لیکن اب سے دو ہفتوں کے بعد امریکہ کی تمام بالغ آبادی مقامی مراکز صحت، فارمیسیوں اور دوسرے ذرائع سے ویکسین حاصل کر سکے گی۔

All U.S. adults eligible for COVID-19 vaccination on April 19

Related Articles

Back to top button