اوورسیز پاکستانیز

پاکستانی امریکن فارماسسٹ ’فرزانہ احسن ‘ کروناوائرس کیخلاف جنگ میں شہید

تین ہفتے قبل فارماسسٹ فرزانہ احسن علیل ہوئیں جس کے بعد انہیں وائٹ پلین ہسپتال ، ویسٹ چیسٹر منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں داخل کرلیا گیا اور علاج شروع کیا گیا

نیویارک (محسن ظہیر سے ) نیویارک میں پاکستانی امریکن خاتون فارماسسٹ فرزانہ احسن ، کرونا وائرس کےخلاف جنگ میں شہید ہو گئی ہیں ۔ مرحومہ کی عمر59سال تھی اور ان کے پسماندگان میں شوہر اور ایک 21سالہ بیٹا ہیں ۔ فارماسسٹ فرزانہ احسن کے شوہر اسد صدیقی بھی فارماسسٹ ہیں ۔ ان کی فیملی کی بروکلین اور برونکس میں دو فارمیسی ہیں جنہیں دونوں میاں بیوی چلاتے تھے ۔ فرزانہ احسن پاکستانی کمیونٹی کی پہلی خاتون فارماسسٹ ہیں کہ جو کرونا کیخلاف جنگ میں شہید ہوئیں ۔
مرحومہ برونکس میں واقع اپنی فیملی کی فارمیسی میں کام کرتی تھیں ۔ کرونا وائرس کے پھیلنے کے دوران انہوں نے معمول کے مطابق فارمیسی جانا اور اپنے کام کا سلسلہ جار رکھا۔ تین ہفتے قبل فارماسسٹ وہ علیل ہوئیں جس کے بعد انہیں وائٹ پلین ہسپتال ، ویسٹ چیسٹر منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں داخل کرلیا گیا اور علاج شروع کیا گیا لیکن ان کی طبیعت بدستور خراب ہوتی گئی ۔ سانس لینے میں دشواری کی صورتحال کے پیش نظرانہیں 14اپریل کو ونٹی لیٹر پر ڈال دیا گیا ۔ اس دوران ان کی جان بچانے کے لئے انہیں ’پلازما‘ بھی دیا گیا لیکن ان کی طبیعت بہتر نہیں ہوئی ۔

فرزانہ احسن پہلی پاکستانی امریکن فارماسسٹ ہیں کہ جن کا کرونا وائرس کی وجہ سے انتقال ہوا۔ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں

فارماسسٹ فرزانہ احسن 23اپریل کو تین ہفتے تک زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اپنے خالق حقیقی کو جا ملیں اور بطور فارماسسٹ اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی میں زندگی کی بازی ہار گئیں ۔
پاکستانی امریکن فارماسسٹس کی نمائندہ تنظیم پاکستانی امریکن فارما سیوٹیکل ایسوسی ایشن (PAPA)کے عہدیداران، بورڈ ممبرز ، اسد صدیقی کے دوست احباب اور کمیونٹی ارکان نے فارماسسٹ فرزانہ احسن کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں، ان کے درجات بلند فرمائیں اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاءفرمائیں ۔
Pharmacist Farzana Ahson, Asad Siddiqui(Pharmacist),COVID-19

Related Articles

Back to top button