اوورسیز پاکستانیز

وائس قونصل جنرل نعیم چیمہ کومے کے شکار پاکستانی سلمان ممتاز کو دیکھنے کونی آئی لینڈ ہسپتال پہنچ گئے

وائس قونصل جنرل نے ہسپتال حکام سے سلمان ممتاز کی مرض ، علاج کے بارے میں تمام ضروری معلومات حاصل کیں پاکستانی سفارتی حکام سلمان ممتاز کی والدہ کلثوم اختر کے ویزے کے لئے امریکی ایمبسی اسلام آباد سے رابطہ کرے گی

نیویارک (محسن ظہیر سے ) نیویارک کے علاقے بروکلین میں واقع کونی آئی لینڈ ہسپتال میں تقریباً چھ ماہ کے عرصے تک کومے میں رہنے والا جواں سال پاکستانی سلمان ممتاز کی بے بسی کی حالت میں طویل علالت کی خبر کا پاکستانی قونصلیٹ نیویارک کی جانب سے ہنگامی طور پر نوٹس لے لیا گیا ہے ۔
سلمان ممتاز کی خبر سامنے آنے کے اگلے ہی روز پاکستان قونصلیٹ نیویارک کے وائس قونصل جنرل نعیم اقبال چیمہ 18فروری ، منگل کو کونی آئی لینڈ ہسپتال گئے جہاں تقریباً چھ ماہ تک کومے میں رہنے والے جواں سال پاکستانی سلمان ممتاز کی تیمارداری کی ۔ انہوں نے ہسپتال حکام سے مریض ،اس کے مرض ، اُس کے علاج و ضروریات سمیت دیگر اہم امور کے بارے میں تمام تر ضروری معلومات حاصل کیں۔وائس قونصل جنرل کو بتایا گیا ہے کہ سلمان ممتاز Anoxic Encephalopathyاور گردوں کے دائمی مرض میں مبتلا ہے اور گذشتہ دس ماہ سے زائد عرصے سے کومے میں ہے ۔
سلمان ممتاز کو دیکھنے کے بعد نعیم چیمہ نے اس نمائندے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سلمان ممتاز کی صحت ، جسمانی و ذہنی حالت نہایت ہی ابترہے ۔ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مریض کو شفا اور تندرستی عطاءفرمائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قونصلیٹ ، اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے سے سلمان ممتاز کی والدہ کے ویزہ کے لئے رابطہ کرے گی اور ضروری اقدام کرے گی ۔
واضح رہے کہ سلمان ممتاز ،سترہ اٹھارہ سال قبل امریکہ آیا۔اس کابروکلین میں فرائیڈ چکن کا بزنس تھا۔غیر شادی شدہ ہے اور گردوں کے مرض کا شکار تھا جس کی وجہ سے اس کا ڈائلا سز ہوا کرتا تھا۔ دس ماہ قبل ہارٹ اٹیک کے دوران کومے کی حالت میں چلا گیا جس کے بعد کونی آئی لینڈ ہسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں وہ چھ ماہ تک کومے میں رہا ۔ کومے کی حالت سے نکلنے کے باوجود اس کی حالت نہایت ہی تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔سلمان ممتاز کا امریکہ میں کوئی رشتہ دار نہیں ، چند ایک دوست احباب نے مدد کی کوشش کی ۔
مریض کی پاکستان میں موجود والدہ کلثوم اخترنے دو دفعہ امریکہ کا ویزہ اپلائی کیا تاکہ امریکہ آکر اپنے بیٹے کی دیکھ بھال کر سکے لیکن دونوں بار امریکی ایمبیسی نے ویزہ نہیں دیا ۔ والدہ کلثوم اخترپاکستانی سفارتی حکام سے اپیل کی تھی کہ وہ بھی انسانیت کے ناطے ان کی بیٹے کے حوالے سے ان کی مدد کریں ۔

یہ بھی پڑھیں: مجھے امریکہ کا ویزہ دلوا دو، کونی آئی لینڈ ہسپتال بروکلین میں ایک سال سے کومے میں موجود مریض سلمان ممتاز کی ماں کلثوم اختر کی فریاد

Related Articles

Back to top button