پاکستاناوورسیز پاکستانیز

نیویارک میں گولی لگنے سے زخمی ہونیوالا پاکستانی امریکن پولیس آفیسر انتقال کرگیا

NYPD Pakistani American Police Officer Fayaz Adeed Passes Away

نیویارک(اردو نیوز) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے پاکستانی امریکن پولیس آفیسر فیاض عدید جنہیں آف ڈیوٹی پیش آنے والے ایک واقعہ میں گولی مار کر شدید زخمی کردیا گیا تھا ، منگل کو خالق حقیقی سے جاملے۔ بروک ڈیل ہسپتال بروکلین کی جانب سے ان کے انتقال کی تصدیق کردی گئی۔

آفیسر فیاض عدید تین روز تک زندگی و موت کی کشمکش میں رہے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے منگل کو اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ پانچ سالوں سے نیویارک پولیس میں خدمات انجام دینے والے 26سالہ پولیس آفیسر فیاض عدید کے پسماندگان میں والدین کے علاوہ بیوہ اور دو بچے شامل ہیں۔ مرحوم کی نماز جنازہ کی تفصیل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

 

Fayaz Adeed

آفیسر فیاض چار روز قبل بروکلین ، نیویارک میں گاڑی خریدنے کے لئے گئے جہاں خریدار جعلی نکلا اور اس نے انہیں لوٹنے کی کوشش کی۔ اس دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اور فیاض عدیدسر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ گولی چلانے کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تاہم پولیس نے تین روز کی مسلسل سرچ کے بعد اسے اپ سٹیٹ نیویارک کے علاقے سے گرفتار کرلیا۔

نیویارک کے سٹی مئیر ایرک ایڈمز، پولیس کمشنر سیویل، پاکستانی سفارتی حکام سمیت نیویارک سٹی کے انتظامیہ سمیت اعلی حکام نے پولیس آفیسر فیاض کی وفات پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی بھی جواں سال پولیس آفیسر فیاض کے انتقال پر رنجیدہ اور افسردہ ہو گئی ہے۔

فیاض عدید بروکلین (نیویارک ) کے پولیس سٹیشن میں خدمات انجامد دے رہے تھے جس کی وجہ سے ان کا کمیونٹی سے قریبی رابطہ تھا۔ کمیونٹی میں موجود ان کے دوست احباب اور کمیونٹی کو انہیں گولی لگنے کے واقعہ پر شدید صدمہ پہنچا ۔ آفیسر فیاض عدید کے انتقال کی خبر جب جاری کی گئی تو سوشل میڈیا پر پاکستانی امریکن کمیونٹی تنظیموں اور ارکان کی جانب سے بڑی تعدادمیں آفیسر عدید کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا جا رہا ہے اور سوگوار خاندان سے اظہارتعزیت اور ہمدردی کا سلسلہ جاری ہے ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں پانچ سو سے زائد پاکستانی امریکن پولیس آفیسرز خدمات انجام دیتے ہیں۔

 

Related Articles

Back to top button