اوورسیز پاکستانیز

اکنا ریلیف نیویار ک کا ”فیڈ نیویارک“ پروگرام میں خدمات انجام دینے والوںکے اعزاز میں استقبالیہ

نیویارک (اردو نیوز) اکنا ریلیف کے زیراہتمام یوں تو پورے امریکہ میں سینکڑوں مقامات پر گرم کھانے اور راشن کی تقسیم ہوتی ہے لیکن نیویارک میں چارڈ فوڈ بیٹری اور مختلف مقامات پر گرم کھانے کی تقسیم کا بڑا نیٹ ورک قائم ہے۔ فیڈ نیویارک پروگرام میں بڑی تعداد میں رضاکار تنظیمیں اور ریستوران حصہ لیتے ہیں۔ ان رضا کاروں اور ریستورانوں کی حوصلہ افزائی کےلئے ایک ایوارڈ کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں رضاکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ان رضاکاروں کا تعلق مختلف ممالک سے تھا جبکہ اس پروگرام میں مفت کھانا فراہم کرنے والے ریستوران کباب کنگ، JOY، گورمے، سن شائین، چاندی، پنجاب ہوٹل، ساگر ریستوران کو بھی خصوصی ایواڈرز دئیے گئے جبکہ اکنا سٹروونگ اور شاہد آفریدی فاﺅنڈیشن کو بھی ان کے بھرپور تعاون کے شکریہ کےلئے خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔ پروگرام میں شرکت کےلئے مختلف مساجد کے امام اور بورڈ ممبر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اکنا ریلیف فیڈ نیویارک پروگرام کے انچارج انور گجر کا کہنا تھا کہ الحمدللہ صرف ایک سال میں فیڈ نیویارک پروگرام کے تحت نیویارک کے ہربورو میں گرم کھانے کی تقسیم کا پروگرام شروع ہو گیا ہے۔ اکنا ریلیف کے ریجنل ڈائریکٹر ارشد جمال نے اپنے خطاب میں رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم فخر سے یہ کہہ سکتے ہیں کہ مسلمان نوجوان اور بزرگ اس سوسائٹی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہماری بہنیں اسکارف میں اور ہمارے بھائی داڑھی اور ٹوپی کےساتھ لوگوں کی خدمت کرتے ہیں تو اسلام کے حوالے سے لوگوں کی غلط فہمیاں دور ہو جاتی ہیں۔ پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کے صدر آصف رحمان نے اکنا ریلیف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اکنا ریلیف خدمت کا بہترین کام انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے رضاکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ وہ لوگ ہیں جو معاشرے کو دینے والوں میں شمار ہوتے ہیں۔ امام حافظ ظفیر نے اسلام کی روشنی میں بھوکوں کو کھانا کھلانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے معاشرے میں خیر پھیلے گا۔
ممتاز کمیونٹی رہنما شفیق صدیقی نے اکنا ریلیف کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کے ان نیک کاموں کی وجہ سے آج امریکہ میں مسلمانوں کے حوالے سے لوگوں کے رویے میں تبدیلی آئی ہے۔

Related Articles

Back to top button