بھارتی جارحیت کےخلاف 28فروری کو اقوام متحدہ کے سامنے سکھ ، پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے بڑے مظاہرے کا اعلان
سکھ کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم ”سکھ فار جسٹس “ اور پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی جانب سے الگ الگ کال لیکن مشترکہ مظاہرے کا اعلان کیا گیا ہے
امریکہ کے مختلف شہروںمیں بسنے والی پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے بھارت کی جانب سے پاکستان میں جارحیت کے مظاہرے کی شدید الفاظ میں مذمت
دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو جانا چاہئیے ، بھارت کو منہ کی کھانا پڑے گی ، اقوام عالم کو بھارتی جنگی جنون کا نوٹس لینا چاہئیے،پاکستانی و کشمیری امریکن قائدین
نیویارک (اردو نیوز ) بھارتی جارحیت کے خلاف 28فروری جمعرات کو صبح ٹھیک گیارہ بجے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرکے سامنے سکھ، پاکستانی اور کشمیری کمیونٹیز نے مشترکہ اور بڑے احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے ۔اس مظاہرے کا اعلان سکھ کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم ”سکھ فار جسٹس “ جبکہ پاکستانی و کشمیری امریکن کمیونٹی کی جانب سے گذشتہ ہفتے یہاں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں کیا گیا جس کے انعقاد میں ظہیر احمد مہر،شمس الزمان ، شکیل شیخ ، طاہر سندھو، رانا جاوید، دانش ملک ،اشرف اعظمی ، وحید بٹ ، سلیم احمد ملک، فاروق مرزااور وکیل انصاری سمیت دیگر نے کیا ۔
منتظمین کے مطابق ”سٹاپ انڈیا ، فری کشمیر“ کے نام سے ہونیوالے مظاہرے میں نیویارک ٹرائی سٹیٹ ایریاکی سکھ ، پاکستانی اور کشمیری امریکن کمیونٹی کے مقامی قائدین اور ارکان بڑی تعداد میں شریک ہونگے۔وہ اقوام متحدہ کے سامنے جمع ہو کر بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود میں کی جانیوالی جارحیت سمیت بھارتی قیادت کے جنگی جنون کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں گے اور اقوام متحدہ سمیت اقوام عالم سے مطالبہ کریں گے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لے اور جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو لگام دے ۔
مظاہرہ صبح گیارہ بجے سے شروع ہو کر دوپہر ایک بجے تک جاری رہے گا ۔ظہیر احمد مہر کے مطابق مظاہرے کی تیاریاں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی ایک جماعت، گروپ کا نہیں بلکہ پوری کمیونٹی کا مشترکہ مظاہرے ہے ۔اس لئے نیویارک ٹرائی سٹیٹ ایریامیں بسنے والے تمام کمیونٹی قائدین اور ارکان سے اپیل ہے کہ وہ بڑھ چڑھ کر مظاہرے میں حصہ لیں اور اقوام متحدہ کے سامنے پہنچ کر بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے مظالم کے خلاف آواز بلند کریں ۔
مظاہرے کے حوالے سے پاکستانی امریکن کمیونٹی کے زیر اہتمام ہونیوالی آل پارٹیز کانفرنس میں شریک کمیونٹی کی مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے قائدین شمس الزمان ، شکیل شیخ ، طاہر سندھو، رانا جاوید، دانش ملک ،اشرف اعظمی ، وحید بٹ ، سلیم احمد ملک، فاروق مرزااور وکیل انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا ہے اور بھارتی جارحیت اور جنگی جنون کے خلاف ہم ایک قوم ، ایک کمیونٹی بن کر اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے اور امریکہ میں ہر فورم پر بھارتی جارحیت ،جنگی جنون اور ناپاک عزائم کو بے نقاب کریں گے ۔
واشنگٹن ڈی سی میں مقیم کشمیری کمیونٹی کے رہنما ظریف خان کے مطابق واشنگٹن میں موجود پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے آل پارٹیز اجلاس میں لائحہ عمل تیار کیا جائیگا اور فیصلہ کیا جائےگا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف امریکی دارالحکومت میں کیسے آواز بلند کی جائے ۔
امریکہ کے مختلف شہروںمیں بسنے والی پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے بھارت کی جانب سے پاکستان میں جارحیت کے مظاہرے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو جانا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو منہ کی کھانا پڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو بھارتی جنگی جنون کا نوٹس لینا چاہئیے۔