امیگریشن نیوزپاکستان

ٹرمپ انتظامیہ کا H1Bویزے روکنے پر غور

ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے آئندہ چند ہفتوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور اہم شعبوں میں خصوصی مہارت رکھنے والے امیگرنٹس کےلئے مختص ایچ ون بی (H-1B) ویزے کے اجراءکو روکنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے

ایچ ٹو بی ویزے جو کہ عارضی ملازمتوں کےلئے جاری کئے جاتے ہیں، کا اجراءاور امریکی یونیورسٹیوں سے گریجویٹ ہونیوالے اعلیٰ تعلیم یافتہ سٹوڈنٹس کے ملک میں رہنے اور کام کرنے کا پروگرام بھی ختم ہو سکتا ہے

نیویارک (محسن ظہیر) ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے آئندہ چند ہفتوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور اہم شعبوں میں خصوصی مہارت رکھنے والے امیگرنٹس کےلئے مختص ایچ ون بی (H-1B) ویزے کے اجراءکو روکنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ اس بات کا انکشاف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے یو ایس امیگریشن کے دو حاضر سروس اور دو سابقہ اعلیٰ حکام کے حوالے سے شائع کردہ اپنی حالیہ رپورٹ میں کیا ہے ۔ ٹائمز کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایچ ون کے ساتھ ساتھ ایچ ٹو بی ویزے جو کہ عارضی ملازمتوں کےلئے جاری کئے جاتے ہیں، کا اجراءبھی رک سکتا ہے ۔انتظامیہ امریکی یونیورسٹیوں سے گریجویٹ ہونیوالے اعلیٰ تعلیم یافتہ سٹوڈنٹس کے ملک میں رہنے اور کام کرنے کا پروگرام بھی ختم کر سکتی ہے ۔اگر یہ فیصلہ کیا جاتا ہے تو اس سے ہزاروں کی تعداد میں امیگرنٹس متاثر ہوں گے اور امریکہ میں ان کے قانونی قیام کے مسلہ پر سوالیہ نشان کھڑا ہو جائیگا۔
واضح رہے کہ امریکہ میں رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک میں بے روزگاری کی شرح14.7فیصد تک پہنچ گئی ہے جو کہ کرونا وبا کے معاشی اثرات کا نتیجہ ہے ۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ روز اول سے ہی ملک میں امیگریشن قوانین کو سخت سے سخت کرنے اور امیگریشن کو محدود کرنے کے حامی ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے اپنے ساڑھے تین سالوں میں سخت اقدام کئے اور کررہے ہیں ۔
دریں اثناءریپبلکن سینیٹرز کے ایک گروپ نے اپنے ایک حالیہ خط میں کہا ہے کہ ’گیسٹ ورکر ز پروگرام‘ کے تحت ایسے امیگرنٹس جو کہ ابھی امریکہ نہیں آئے ، ان کے ویزے منسوخ کر دئیے جائیں ۔ موجودہ حالات میں امریکی شہریوں کو روزگار کے مواقع میں ترجیح دینی چاہئیے ۔
امیگریشن ماہرین کا کہنا ہے کہ مذکورہ پالیسی پر عملدرامد کی صورت میں امریکہ میںموجود بڑی تعداد میں امیگرنٹس کو امریکہ سے ڈیپورٹیشن کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔
نیویارک سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹک کانگریس ویمن ایوٹ کلارک کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کو دیکھنا چاہئیے کہ کرونا وائرس کے موجودہ بحران میں امیگرنٹس اور امیگرنٹس کمیونٹیز کس طرح دن رات ملک و قوم کی بلا امتیاز خدمت کررہی ہیں ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ کرونا وائرس وبا کی وجہ سے امریکہ بھر میں بیشتر امیگریشن دفاتر بند ہیں اور محدود عملہ محدود حد تک خدمات انجام دے رہا ہے ۔

COPO Free Grocery and Halal Meal ad program 2020

Related Articles

Back to top button