فوری ٹیکس یا بل جمع کرواو ورنہ پکڑ لیںگے؛ فون کال فراڈیوں سے بچیں؛ پولیس کا انتباہ

نیویارک (محسن ظہیر سے ) نیویارک میں صرف پاکستانی ہی نہیں بلکہ دیگر کمیونٹیز میں بھی ایسے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں کہ جن میں جعل سازوں نے فون پر سادہ لوح امیگرنٹس کو لوٹ لیا ۔ برونکس کے بعد گذشتہ ہفتے بروکلین (نیویارک ) میں ایک پاکستانی امریکن کمیونٹی کا مقامی بزنس مین آن لائن جعل سازوں اور فراڈیوں کے ہاتھوں لٹ گیا ۔
بتایا گیا کہ گذشتہ ہفتے کمیونٹی کے ایک رکن جنہوںنے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی استدعا کی ہے، کو شام کے وقت اچانک کال موصول ہوئی ، کال کرنے والے شخص نے اپنا تعارف امریکی محکمہ انکم ٹیکس ، آئی آر ایس (IRS)کے آفیسر کے طور پر کروایا اور پاکستانی کمیونٹی کے رکن سے کہا کہ تمہارے ذمہ چار ہزار ڈالرز کے ٹیکس واجب الادا ہیں جن کی ادائیگی کی مدت ختم ہو گئی ہے لہٰذا حکم عدولی کی صورت میںتمہارے گھر پر پولیس چھاپہ مار کر تمہیں گرفتار کر لے گی ۔
کال موصول کرنے والا پاکستانی شخص اس فون کال پر گھبرا گیا اور یہی وہ وقت تھا کہ جب وہ اس جعل ساز کے جھانسے میں آگیا ۔ جعل ساز نے اسے فوری طور پر سی وی ایس سٹور سے پر ی پیڈ کارڈ خرید کر بذریعہ فون ادائیگی کا کہا ۔ پاکستانی نے ہدایت پر عمل کیا اور یوں آئی آر ایس کو رقم کی دائیگی کی بجائے اپنے چار ہزار ڈالرز جعل ساز کے ہاتھوں لٹوا بیٹھا۔
نیویارک کے علاقے کوینز کے 109پریسنٹ کے انسپکٹر برائن میگوائر کی جانب سے منگل کو اپنے پریسنٹ کے کمیونٹی قائدین اور ارکان کے نام ایک ای میل جاری کی گئی جس میںپولیس انسپکٹر برائن میگوائر نے اپنے علاقے میں بسنے والے شہریوں کو جعل سازی کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان فراڈیو ں سے ہوشیار رہیں ۔
انسپکٹر برائن میگوائر نے اپنی ایل میل میں کہا کہ گذشتہ رات ایک 75سالہ جنوبی ایشائی (امیگرنٹ) شہری کو ایک نامعلوم شخص نے کال کیا اور اپنا تعارف آئی آر ایس کے ایجنٹ کے طور پر کروایااور کہا کہ فوری طور پر اپنے ذمہ واجب الادا چار ہزار ڈالرز ادا کر دو۔
کال وصول کرنے والے شخص نے اپنی طرف سے ہوشیاری دکھاتے ہوئے کہا کہ کیا پولیس اس کو کال کرکے (ممکنہ گرفتاری کی ) صورتحال کی تصدیق کر سکتی ہے ۔
کچھ ہی دیر کے بعد اس 75سالہ شخص کو فون کال موصول ہوئی اور اس کے فون کی کالر آئی ڈی پر 109پریسنٹ کا نمبر ظاہر ہوااور کال کرنے والے شخص (جو کہ دراصل جعل ساز) تھا ، نے خودکاایک سو نو پریسنٹ کے انسپکٹر برائم میگوائر کے طور پر تعارف کروایا۔کال کرنے والے (جعل ساز) شخص نے کہا کہ اگر رقم جمع نہ کروائی گئی تو پولیس اسے آکر گرفتار کر لے گی ۔
 انسپکٹر برائم میگوائر نے اپنی ای میل میں کہا کہ مذکورہ75سالہ شخص کی خوش قستی ہے کہ وہ مذکورہ کالز وصول کرنے کے بعد بھی جعل سازی کا نشانہ نہیں بنا۔
 انسپکٹر برائم میگوائر نے اپنی ای میل میں کمیونٹی ارکان سے کہا ہے کہ وہ اپنے ساتھی کمیونٹی ارکان تک فوری یہ ہدایت پہنچائیں کہ وہ اس قسم کے جعل سازوں سے ہوشیار رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فون کرنے والے جعل ساز بالعموم گرین ڈاٹ کارڈز یا منی آرڈرز کے ذریعے فوری رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کمپیوٹر ایپلی کیشن کے ذریعے کسی شخص کو فون کال کی جا سکتی ہے کہ جس پر کال وصول کرنے والے کو جو نمبر بھی چاہیں ، ظاہر کیا جا سکتا ہے اور یوں نمبر دیکھ کر سادہ لوح لوگ دھوکہ اور فراڈ کا شکار ہو جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جعل ساز پیسے ہتھیانے کے لئے کوئی بھی فرضی کہانی بنا سکتے ہیں ۔جعل ساز خود کو گیس کمپنی ، آئی آر ایس وغیرہ سمیت کسی ادارے کا اہلکار بھی ظاہر کر سکتے ہیں ۔
 انسپکٹر برائم میگوائر نے کہا کہ جعل ساز کالرز کو کال بیک نہ کریں ، اس صورت میں ان کی جعل سازی کا شکار بننے کا امکان ہے ۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں پاکستانی امریکن لیفٹنٹ عدیل رانا نے پاکستانی امریکن کمیونٹی پر زور دیا ہے کہ وہ کسی جعل سازی کا شکار ہونے سے پہلے احتیاطی تدابیر پر ضرور عمل کریں اور اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ وہ خود ہوشیار رہیں اور اپنی کمیونٹی کو بھی خبردار کریں اور اس قسم کی اہم معلومات دوسروںتک بھی پہنچائیں ۔

تاریخ اشاعت : 2016-06-01 00:00:00
مقبول ترین خبریں
امیگریشن خبریں
SiteLock