جیکسن ہائٹس نیویارک پرمسلم کونسل آف نیویارک کے زیر اہتمام چوتھا سالانہ عظیم الشان جلسہ و جلوس عید میلاد النبی ﷺ اور امن ریلی

 امن ریلی میں سٹیٹ سینٹر پوزے پلارٹا اور نیویارک سٹیٹ اسمبلی مین چارلس لیوین کی خصوصی شرکت ، اسلام کو امن کا دین قرار دیا اور مسلم امریکن کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کا اظہار


رحمت اللعالمین حضرت محمد مصطفی ﷺ کے میلاد پاک کے موقع پر مسلم کونسل آف نیویارک کی جانب سے اس سال خصوصی طور پر جیکسن ہائٹس پر امن ریلی نکالی گئی ،کرسچئین سمیت دیگر غیر مسلم بھی شریک ہوئے


امریکہ کے دورے پر آئے پاکستان کے ممتاز علماءکرام ڈاکٹر فضیل عیاض قاسمی ، مولانا آصف ہزاروی ،سید صفدر حسین شاہ ،مفتی عبدالرحمن قمر، قاری غلام رسول قادری، علامہ خبیب چشتی کی خصوصی شرکت


صاحبزادہ سلطان ریاض الحسن ،علامہ بشارت شاذی ، صاحبزادہ عثمان افضل قادری ،سید ثقلین حیدر شاہ ، سید تصور الحسن شاہ، قاری یونس قادری، میاں غلام حیدر سمیت دیگر علماءکرام و اہم شخصیات کی شرکت


ثناءخوان مصطفی محمد اصغر چشتی حافظ محمد علی سہروردی ، ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نقیبی ، سجاد بٹ سمیت دیگر کی شرکت ، جلسہ و جلوس میں آقا کریم حضرت محمد مصطفی ﷺ کی بار گاہ اقدس میں ہدئیہ عقیدت پیش کیا جاتا رہا


امن ریلی میں مینی عالم، سلمیٰ پیٹر جان ، وکٹر گل سمیت کرسچئین اور ہندو کمیونٹی ارکان نے امن ریلی میں خصوصی شرکت کی ، پاکستانی امریکن کمیونٹی سے مکمل یکجہتی کا اظہا رکیا


مسلم کولیشن نیویارک کی جانب سے حسب روایت اس سال نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے لیفٹنٹ عدیل رانا اور لیفٹنٹ مصباح نور کو خصوصی شیلڈز پیش کی گئیں، شرکاءکا خصوصی شکرئیہ ادا کیا گیا


نیویارک (خصوصی رپورٹ) پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ایک اہم و نمائندہ تنظیم مسلم کولیشن نیویارک کے زیر اہتمام حسب روایت اس سال آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی ﷺ کے میلاد پاک کے موقع پر نہ صرف عظیم الشان جلسہ و جلوس میلاد النبی ﷺ منعقد کیا گیا بلکہ موجودہ امریکی حالات کے پیش نظر جلسہ و جلوس میلاد کے ساتھ ساتھ امن ریلی بھی نکالی گئی جس میں دین اسلام کی امن ، محبت اور بھائی چارے کی حقیقی تعلیمات کو اجاگر کیا گیا اور بعض امریکی سیاسی قائدین کی جانب سے مسلمانوں اور انکے عقیدہ پر کی جانیوالی تنقید کے جواب میں واضح کیا گیا کہ یہ سیاسی قائدین کسی گمراہ کن پروپیگنڈہ کا شکار ہونے کی بجائے دین اسلام اور نبی رحمت و سرکار دو عالم حضرت محمد مصطفی ﷺ کی تعلیمات کا مطالعہ کریں جس میں کل انسانیت کی بھلائی ، امن ، محبت اور بھائی چارے پر سب سے زیادہ زور دیا گیا ہے ۔


جلسہ و جلوس میلاد النبی ﷺ اور امن ریلی کے انعقاد میں مسلم کولیشن کے قائدین شیخ شکیل ،شفیق صدیقی، مجیب لودھی،ندیم عابد اور عامر شیخ کے علاوہ اپنا کے سابق صدر ڈاکٹر آصف رحمان نے خصوصی کردار ادا کیا ۔ اس امن کی ریلی کی سب سے اہم بات یہ رہی کہ اس میں نیویارک سٹیٹ کے سٹیٹ سینٹر پوزے پلارٹا اور نیویارک سٹیٹ اسمبلی مین چارلس لیوین نے نہ صرف خصوصی شرکت کی ، انہوںنے امن ریلی میں پاکستانی امریکن کمیونٹی ارکان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر مارچ کیا اور مارچ کے آخر میں ڈائیورسٹی پلازہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام امن کا دین ہے ۔مسلم امریکن کمیونٹی، امریکی معاشرے کا حصہ تھی، ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ نفرت اور اشتعال کی سیاست کررہے ہیں ، وہ غیر امریکی اقدار کو فروغ دے رہے ہیں جسے ہم مسترد کرتے ہیں ۔

 


شکیل شیخ، شفیق صدیقی،ڈاکٹر آصف رحمان اور ملک ندیم عابد نے اپنے اور اپنے ساتھیوںکی جانب سے سٹیٹ سینٹر پوزے پلارٹا اور نیویارک سٹیٹ اسمبلی مین چارلس لیوین کو امن ریلی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کمیونٹی سے جس یکجہتی کا اظہار کیا ہے ، اسے ہم کبھی فراموش نہیں کریں گے ۔امن ریلی میں مینی عالم، سلمیٰ پیٹر جان ، وکٹر گل سمیت کرسچئین اور ہندو کمیونٹی ارکان نے امن ریلی میں خصوصی شرکت کی ، پاکستانی امریکن کمیونٹی سے مکمل یکجہتی کا اظہا رکیا۔ ریلی میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ممتاز سیاسی ، سماجی و کاروباری شخصیات اور ارکان نے بھی شرکت کی۔


رحمت اللعالمین حضرت محمد مصطفی ﷺ کے میلاد پاک کے موقع پر مسلم کونسل آف نیویارک کے جلوس و جلسہ میلاد النبی ﷺ میں پاکستان کے ممتاز علماءکرام ڈاکٹر فضیل عیاض قاسمی ،سید صفدر حسین شاہ، مولانا آصف ہزاروی ، صاحبزادہ سلطان ریاض الحسن ، سید ثقلین حیدر شاہ ، علامہ خبیب احمد چشتی ،مفتی عبدالرحمن قمر،قاری غلام رسول قادری،علامہ بشارت شاذی ، سید تصور الحسن شاہ، قاری یونس قادری، میاں غلام حیدر سمیت دیگر نے شرکت کی ۔


جلسہ و جلوس میں ثناءخوان مصطفی محمد اصغر چشتی حافظ محمد علی سہروردی ، ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نقیبی ، سجاد بٹ سمیت دیگر نے سرکار دو عالم ﷺ کی بار گاہ اقدس میں اپنے مخصوص انداز میں ہدئیہ عقیدت پیش کیا۔ جلوس کی گذرگاہ تمام وقت درود و سلام سے گونجتی رہی ۔
امن ریلی میں نظامت کے فرائض شفیق صدیقی اور قاری غلام رسول نے جبکہ کباب کنگ ریسٹورنٹ کے ہال میں منعقد ہ جلسہ میلاد النبی ﷺ میں نظامت کے فرائض شفیق صدیقی نے ادا کئے ۔جلسہ میلا د النبی ﷺ کے موقع پر آقا کریم ﷺ اور غوث پاک حضرت سید شیخ غلام قادر جیلانی ؒ موئے مبارک کی زیارت بھی کروائی گئی۔
جلسہ میلاد النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے علماءکرام نے کہا کہ ہم نبی پاک کا میلاد مناتے ہیں۔ اگر ہم حضور کی محبت میں یہ کام کریں گے تو یہ عمل مقبول ہو جائیگا۔اللہ تعالی کا وعدہ ہے کہ جو میرے ذکر اور میرے نبیﷺ کا دنیا میں ذکر کرے گا، اللہ تعالی عرش پر اس کا ذکر فرماتے ہیں اور اس کا ذکر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمان کے جسم میں روح ،رسول اللہﷺ کی محبت ہے۔ جس جسم میں محبت مصطفی ﷺنہ ہو، اسے رب اپنی بارگاہ میں بھی نہیں رکھتا۔ اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ دنیا میں جس سے محبت کروگے روز قیامت، میں بندے کو اس کے ساتھ کھڑا کر دونگا۔ لہٰذا دنیا کی محبت کرتے وقت روز قیامت کو یاد رکھو۔حضور اپنے غلاموں کو نہیں بھولیں گے کہ جو ان پر درود و سلام پیش کرتے ہیں۔ آقا کریم کی محبت سے دین و دنیا کی کامیابی حاصل کریں۔


مسلم کولیشن نیویارک کی جانب سے حسب روایت اس سال نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے لیفٹنٹ عدیل رانا اور لیفٹنٹ مصباح نور کو خصوصی شیلڈز پیش کی گئیں۔آخر میں شرکاءکے اعزا زمیںکھانا دیا گیا ۔ مسلم کولیشن کے شیخ شکیل ، شفیق صدیقی ، مجیب لودھی اور عامر شیخ و ساتھیوں نے علماءکرام ، ثناءخوانان مصطفی اور شرکاءکا شکرئیہ ادا کیا ۔ آخرمیں صاحبزادہ سلطان ریاض الحسن نے خصوصی دعا کروائی ۔
 ۔

تاریخ اشاعت : 2015-12-23 00:00:00
مقبول ترین خبریں
امیگریشن خبریں
SiteLock