نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی ارکان کی پاکستان، پاک فوج کے حق میں ریلی

نیویارک (محسن ظہیر سے ) نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی ارکان کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی مقامی اہم شخصیات اور ارکان نے جمعہ کو یہاں مکی مسجد بروکلین کے سامنے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی۔ اس ریلی کی قیادت میاں ذاکر نسیم، شاہد خان،سمیت ان کے ساتھیوں نے کی ۔

 

نماز جمعہ کے بعد نکالی جانیوالی اس ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے جبکہ ایک بڑے بینر پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور آئی ایس آئی چیف جنرل ظہیر الاسلام کی تصویر بھی لگائی گئی تھی ۔

شرکاء تمام وقت پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔ ریلی سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں ذاکر نسیم نے کہا کہ پاکستان ہمارا وطن ہے اور پاک فوج سے ہمیں محبت ہے ۔ اوورسیز میں ہمارے وطن اور مسلح افواج پر کوئی آنچ آئے تو ہمیں درد محسوس ہوتا ہے۔ہم یہاں اپنے وطن اور پاک فوج سے یکجہتی کے اظہار کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں اور وطن اور اس کے اداروں کے خلاف ہونیوالے بے بنیاد پروپیگنڈہ کی مذمت کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ذاکر نسیم نے کہا کہ ہم حامد میر پر ہونیوالے حملے کی مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آزادی صحافت کے حق میں ہیں لیکن صحافت کو اسی طرح ذمہ داری سے اپنا کام کرنا چاہئیے کہ جس طرح امریکہ سمیت دنیا میں ذمہ دار صحافتی ادارے اپنا کام کرتے ہیں ۔

 

تاریخ اشاعت : 2014-05-09 00:00:00
مقبول ترین خبریں
امیگریشن خبریں
SiteLock