’’نبی کریم حضرت محمد مصطفی ﷺ سب کےلئے رحمت بن کر آئے ؛ رحمت اللعالمین ڈے

 
سکھی “ تنظیم کے زیر اہتمام ڈائیورسٹی پلازہ ، جیکسن ہائٹس ،کوینز(نیویارک )پر نبی کریم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے میلاد پاک کے حوالے سے رحمت اللعالمین ڈے کی پروقار تقریب
مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن سمیت پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی کے اہم علماءکرام اور ثناءخوانان مصطفی کی شرکت، برفباری اور خراب موسم کے باوجود بڑی تعداد میں عاشقان رسول کی شرکت
مسلم امریکن کمیونٹی کے علماءکرام کے علاوہ مختلف غیر مسلم امریکن کمیونٹی کے اہم قائدین اور مذیبی سکالرز و عمائدین کی شرکت کی وجہ سے رحمت اللعالمین ڈے ، انٹر فیتھ کانفرنس کی شکل اختیار کر گیا
 حضرت محمد مصطفی ﷺ ، صرف مسلمانوں کےلئے نہیں بلکہ سب کےلئے رحمت بن کر تشریف لائے ، دنیا امن ، بھائی چارے اور انسانیت کی عظمت کے اسلام کے حقیقی پیغام کو اس کی روح کے مطابق سمجھے ؛ مقررین
 تقریب کے انعقاد میں ہوسٹ کمیٹی کے قائدین ذاکر صدیقی ، شیخ توقیر الحق، شفقت تنویر اور جوڈی کسوووچ اور انکے ساتھیوں نے اہم کردار ادا کیا ، آغا صالح اور احتشام نقوی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے
ورلڈ ہارمنی کونسل کی شیرون ہملٹن گیٹز ، کونسل مین ڈینیل ڈروم کی خصوصی شرکت ، شرکاءکو میلاد النبی ﷺکی خوشی میں مٹھائی اور پھول پیش کئے گئے ، راحیلہ فردوس اور اصغر چشتی نے ہدئیہ عقیدت پیش کیا


 

نیویارک (خصوصی رپورٹ )نیویارک کی ڈائیورس کمیونٹیزکی نمائندہ تنظیم ”سکھی“(SUKHI) کے زیر اہتمام ڈائیورسٹی پلازہ ، جیکسن ہائٹس (نیویارک )پر نبی کریم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے میلاد پاک کے حوالے سے رحمت اللعالمین ڈے نہایت تزک و احتشام کیساتھ منایا گیا جو کہ ایک انٹر فیتھ کانفرنس کی شکل اختیار کر گیااور اس میںنبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفی ﷺاور دین اسلام کے امن ، بھائی چارے اور انسانیت کی عظمت و احترام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے اور اسے دنیا بھر میںعام کرنے پر زور دیا گیا
نیویارک میں اپنی نوعیت کی اس منفرد میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تقریب میں پاکستان سے امریکہ کے دورے پر آئے مفتی منیب الرحمٰن(چئیرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان) ،ممتاز مسلم امریکن سکالر امام شمسی علی، مولانا انور علی( چئیرمین اسلامک ریسرچ انسٹیٹیویٹ )نے خصوصی خطابات کئے اور نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفی ﷺ کی تعلیمات اور احکامات کے مختلف پہلوو¿ں پر روشنی ڈالی ۔
 تقریب میںسپرچیوئل یو نائیٹڈ نیشنز کی صدرشیرون ہملٹن گیٹز، امام شمسی علی، کونسل مین ڈینیل ڈروم جو کہ تقریب کے کو ہوسٹ بھی تھے سمیت آغا صالح ، سید احتشام نقوی اور فائق صدیقی نے مختلف مواقع پر نظامت کے فرائض انجام دئیے۔
رحمت اللعالمین ڈے کے حوالے سے گنبد خضری و روضہ رسول ﷺ کا ایک مانومینٹ جسے خصوصی طور پر نیشنل اسلامک کمیٹی آن سکاو¿نٹنگ نارتھ امریکہ کی جانب سے بنایا گیا تھا، جیکسن ہائٹس پر رکھا گیا تھا جو کہ تمام وقت خصوصی توجہ کا مرکز بنا رہا ۔نیویارک میںاتوار کو برفباری اورشدید خراب موسم کے باوجود بڑی تعداد میں عاشقان رسول تقریب میں شریک ہوئے ۔مسلم امریکن کمیونٹی کے علماءکرام کے علاوہ مختلف غیر مسلم امریکن کمیونٹی کے اہم قائدین اور مذیبی سکالرز و عمائدین کی شرکت کی وجہ سے رحمت اللعالمین ڈے ، انٹر فیتھ کانفرنس کی شکل اختیار کر گیا ۔تقریب میںمصری مشن برائے اقوام متحدہ کے فرسٹ سیکرٹری محمد فرغال ، بنگلہ دیشی قونصل جنرل منیر السلام کے علاوہ انٹر فیتھ سکالرز ریبائی روجر راس(بورڈ آف انٹر نیشنل سیمینری فار انٹر فیتھ سٹڈیز)، سوامی پرمیش شندا (این جی او کمیٹی آن سپرچیوئیلٹی ، ویلیو اینڈ گلوبل کنسرن ، نیویارک ) اور جارج ہوسٹن (ڈائریکٹر سنٹر فار سپرچیوئیل ڈویلپمنٹ )بھی شریک ہوئے ۔
تقریب کے انعقاد میں ہوسٹ کمیٹی کے قائدین ذاکر صدیقی ، شیخ توقیر الحق، شفقت تنویر اور جوڈی کسوووچ اور انکے ساتھیوں نے اہم کردار ادا کیا جبکہ اس کے انتظام میں ”سکھی “ تنظیم کے آغا صالح اور ”سُکھی“(SUKHI)کی پریذیڈنٹ بیگم شازیہ کوثر سمیت ان کے ساتھیوںنے اہم کردار اد اکیا۔ آغا صالح ،احتشام نقوی اور فائق صدیقی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔
اس موقع پر شرکاءبالخصوص خصوصی مہمانوں کو میلاد النبی ﷺکی خوشی میں مٹھائی اور پھول پیش کئے گئے ۔پاکستانی امریکن کمیونٹی کے معروف ثنا خوانان مصطفی محترمہ راحیلہ فردوس، اصغر چشتی اور علامہ مقصود قادری ، سید احتشام نقوی نے سرور کونین حضرت محمد مصطفی ﷺ کے حضور ہدئیہ عقیدت اور سلام پیش کیا ۔
 رحمت اللعالمین ڈے تقریب کی ہوسٹ کمیٹی ذاکر صدیقی ، شیخ توقیر الحق، شفقت تنویر اور جوڈی کسوووچ پر مشتمل تھی جبکہ انٹر فیتھ کمیٹی میں شیرون ہملٹن گیٹز،امام شمسی علی ، آغا محمد صالح،سید احتشام نقوی ،جسبر جے سنگھ، مس ایبی ڈرکر، شیکر کرشن، ریبائی مائیکل وائیزر،ریوررنڈ این جے ہائیریکس، جونئیر ریورنڈ ناکاگاکی (بدھسٹ کونسل ، نیویارک )،ڈاکٹر اوما مائیروسیکر (ہندو سوسائٹی آف نارتھ امریکہ ) ،محمد قادری ، امام سید شیخ عبداللہ ال فوال، مسٹر ڈیوڈ اینڈرسن، امام قاضی قیوم ، کمال احمد (صدر بنگلہ دیش سوسائٹی) سمیت دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمن ، امام شمسی علی ، مولانا انور علی سمیت دیگر خطابات کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد مصطفی ﷺ ، صرف مسلمانوں کےلئے نہیں بلکہ سب جہانوں اور کل انسانیت کے لئے رحمت بن کر تشریف لائے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا امن ، بھائی چارے اور انسانیت کی عظمت کے اسلام کے حقیقی پیغام کو اس کی روح کے مطابق سمجھے اور اسلام کے بارے میں پائے جانیوالے بے بنیاد اور غلط تاثرات کو یکسر مسترد کر دے ۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام کے پیرو کاروں کو بھی میلاد النبی ﷺ اس عزم کے ساتھ منانا چاہئیے کہ وہ اپنے قول و فعل اور عمل و کردار سے دنیا کے سامنے نبی کریم ﷺ کی حقیقی تعلیمات کو اس انداز میں پیش کریں گے کہ جسے دیکھ کر سب متاثر ہوں ۔
سپرچیوئیل یو نائیٹڈ نیشنز کی صدر شیرون ہملٹن گیٹز ، کونسل مین ڈینئل ڈرم ،جونئیر ریورنڈ ناکاگاکیسمیت دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے عمائدین نے نیویارک کی مسلم امریکن کمیونٹی کو رحمت اللعالمین ڈے پر مبارکباد دی اور” سکھی “تنظیم کا شکرئیہ ادا کیا کہ انہوںنے اپنی اس کوشش سے بین العقائد ہم آھنگی کو فروغ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جتنا زیادہ، ہم آہنگی پیدا ہو گی ، اتنا ہی دنیا امن کا گہوارہ بنے گی اور اس سلسلے میں ہم سب کو ایک دوسرے پر سبقت لے جانی چاہئیے ۔
سکھی تنظیم کے بانی آغاصالح نے ہوسٹ کمیٹی سمیت منتظمین اور مسلم امریکن کمیونٹی کو ڈائیورسٹی پلازہ پر سب سے پہلے رحمت اللعالمین ڈے کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفی ﷺ نے ہی نہیں بلکہ ان سے پہلے آنیوالے حضرت سیدنا موسی ؑ، حضرت سیدنا عیسی ٰ ؑ سمیت تمام انبیاءکرام نے بھی امن اور انسانیت کا پیغام دیا اورہم ان تمام انبیاءاور ان کے احکامات کو اپنے ایمان کا حصہ و جزو سمجھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بین العقائد ہم آہنگی کی کوششوں کو ہمیشہ جاری رکھاجائیگا ۔آغا صالح نے کہا کہ امریکہ میں سب کہتے ہیں کہ ہم خدا پر یقین رکھتے ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں یہ بھی کہنا چاہئیے اور مذکور ہ فقرے میں اضافہ کرنا چاہئیے کہ ہم خدا تعالیٰ پر یقین رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کی پیدا کردہ مخلوق سے محبت اور احترام بھی رکھتے ہیں ۔
تقریب میں آغا صالح نے ایک قرار داد پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ رحمت اللعالمین ڈے کی کو ہوسٹ تنظیموں بشمول سپرچیوئل یو نائیٹڈ نیشنز سمیت یو این کی دیگر متعلقہ تنظیموں کی مدد سے ایک سفارتی وفد تشکیل دے کر دنیا کے ممالک میں رحمت اللعالین ڈے کے کل انسانیت کے لئے رحمت ، امن ، بھائی چارے اور محبت کے پیغام کے ساتھ بھیجا جائے ۔ اس قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔
رحمت اللعالمین ڈے کے آ خر میں سرور کونین حضرت محمد مصطفی ﷺ کی بارہ اقدس میں سلام پیش کیا گیا اور ثناءخوانان مصطفی محمد اصغر چشتی اور راحیلہ فردوس کے ساتھ تمام منتظمین اور شرکاءنے ملکر سلام پڑھا جبکہ تقریب میں شریک دیگر کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکان احتراماً ساتھ کھڑے رہے اور انہوں نے نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو قابل ستائش قرار دیا ۔مئیر نیویارک بل ڈبلازیو، کانگریس مین جوزف کراو¿لی ، سینیٹر جلی برانڈ، نیویارک کمپٹرولر سکاٹ سٹرنگر سمیت اہم شخصیات اور نمائندوں کی جانب سے رحمت اللعالمین ڈے کے حوالے سے خصوصی پیغام بھی سکھی تنظیم کے ذریعے کمیونٹی کو دئیے گئے۔آخر میں پاک امریکن سوسائٹی کے صدر شمس الزمان نے دعا کے ساتھ رحمت اللعالمین ڈے کی تقریب کو اختتام تک پہنچایا۔

تاریخ اشاعت : 2014-01-29 00:00:00
مقبول ترین خبریں
امیگریشن خبریں
SiteLock