پاکستان زندہ آباد، نیویارک میں عظیم الشان پاکستان ڈے پریڈ ،سبز ہلالی پرچم تلے پاکستانی امریکن نے جشن آزادی پاکستان منایا

 

نیویارک (خصوصی رپورٹ)نیویارک میں بسنے والی پاکستانی امریکن کمیونٹی نے حسب روایت اس سال بھی نیویارک سٹی میں پاکستان ڈے پریڈ نکالی ۔ شہر کے وسط میں میڈیسن ایونیو پر 38سٹریٹ سے لیکر 27سٹریٹ تک نکالی جانیوالی پریڈ میں پاکستان زندہ آباد کا نعرہ اس سال کی پریڈ کا تھیم بن گیا۔ شرکاءنے پاکستان زندہ آباد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے اور سبز ہلالی پرچم کو سربلند کیا۔


امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی ،اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی ،قونصل جنرل راجہ علی اعجاز ،مین ہیٹن بورو کی بورو پذیڈنٹ مس گیل ، مئیر کی نمائندہ سارہ سعید،سٹی کمپٹرولر کی نمائندہ عائشہ لطیف سمیت اہم شخصیات نے خصوصی شرکت کی ۔


گرینڈ مارشل سفیر جلیل عباس جیلانی کی قیادت میں پاکستان ڈے پریڈ نیویارک کے عہدیداران اور بورڈ آف ٹرسٹیز نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ارکان کی بڑی تعداد کےساتھ میڈیسن ایونیو پر نکالی گئی پریڈ میں مارچ کیا ۔شرکاءنے اپنے ہاتھوں میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم اور امریکی جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔

 

اس دوران نیویارک سٹی کا میڈیسن ایونیو ،پاکستان زندہ آباد کے نعروں سے گونجتا رہا ۔ پریڈ میں اہم اداروں اور پاکستانی امریکن کاروباری مراکز کے فلوٹس بھی شامل رہے جنہوں نے پریڈ کے دوران پاکستان کی تاریخ، ثقافت کی عکاسی کی۔


میڈیسن ایونیو پر لگائے گئے سلامی کے جبوترے سے گرینڈ مارشل سمیت مہمانان خصوصی اور پریڈ کے بورڈ آف ٹرسٹیز نے فلوٹس کا معائنہ کیا اور ان کی جانب سے نیویارک سٹی میں وطن عزیز کی تاریخ و ثقافت کی عکاسی کو قابل ستائش قرار دیا۔


پریڈ کے بعد منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ میں پاکستانی سفیر سید جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان امن اور ترقی کے سفر میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کی خدمات کی معترف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

 

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ بیرون ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں کے دلوں میں پاکستان بستا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر انشاءاللہ ضرور آزاد ہوگا۔ پاکستان کشمیر ی عوام کی ان کے حقوق کی جدوجہد کی سیاسی و سفارتی حمایت کرتا رہے گا اور دنیا کے ہر فورم پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسلہ کشمیر اور بھارتی مظالم کا مسلہ پورے زور کے ساتھ اٹھائیں گے ۔
قونصل جنرل راجہ علی اعجاز نے کمیونٹی ارکان ، والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی اولاد اور آنیوالی نسلوں کو قیام پاکستان اور اس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کریں ۔


پاکستان ڈے پریڈ نیویارک کے ٹرسٹیز کی جانب سے پریڈ کے شرکاءاور پاکستانی امریکن کمیونٹی کو جشن آزادی کی مبارکباد دی گئی ۔ پریڈ کے عہدیداروں ڈاکٹر حق، سید حمیم شاہ، منیر لودھی،ملک عباس، احمد جان ، قاسم مجید،مرزا خاور بیگ و دیگر نے خطاب کے دوران مزید کہا کہ کمیونٹی قول و فعل سے ملک و قوم کا نام روشن کرے۔ اس موقع پر انہوں نے پاک امریکہ دوستی زندہ آباد اور پاکستان زندہ آباد کے نعرے لگوائے ۔


انجمن غوثیہ کے پیر سید صفدر حسین شاہ نے تلاوت قران مجید کی جبکہ اصغر چشتی نے بار گاہ رسالت میں ہدئیہ عقیدت پیش کیا ۔تقریب میں منیر لودھی اور راحیلہ فردوس نے نظامت کے فرائض بھی ادا کئے ۔پاکستان کی معروف فنکارہ فریحہ پرویز ،عاصم اظہر اور نادر خان کی جانب سے فن کا مظاہرہ کیا گیا، قومی نغموں پر شرکاءجھومتے رہے ۔
 ۔

تاریخ اشاعت : 2016-08-29 00:00:00
مقبول ترین خبریں
امیگریشن خبریں
SiteLock