بچپن میں صبح کا ناشتہ ترک کرنے کی عادت نوجوانی میں شوگر کے خطرے سے دوچار کر سکتی ہے۔ برطانوی طبی ماہرین

لندن: (ویب ڈیسک) ایک نئی تحقیق سے وابستہ سائنسدانوں نے کہا ہے کہ بچپن میں صبح کا ناشتہ ترک کرنے کی عادت نوجوانی میں ذیابیطس کے خطرے سے دوچار کر سکتی ہے۔ برطانوی طبی ماہرین کی ٹیم نے پتا لگایا ہے کہ ایسے بچے جو ہر روز صبح کا ناشتہ چھوڑتے ہیں ان میں بالغ ہونے پر ذیابیطس کی ایک قسم ٹائپ 2 میں مبتلا ہونے کے خطرے کا امکان بڑھتا ہے۔

 

آکسفورڈ، کیمبرج، گلاسگو اور سینٹ جارج لندن یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں کے اس مطالعے سے پتا چلا ہے کہ جو بچے ناشتہ کھانے کی عادت نہیں رکھتے تھے ان میں انسولین سے مزاحمت پیدا ہونے کا امکان زیادہ دیکھا گیا جو اس بیماری کی ایک اہم وجہ ہے۔ تحقیق دانوں نے ایک تجربے کے دوران 9 اور 10 برس کی عمروں کے 4,000 برطانوی بچوں کی نگرانی اور ان کے ناشتہ کرنے کی عادت کا جائزہ لیا اور دیکھا کہ وہ ناشتے میں کیا کھاتے تھے۔

 

ایسے بچے جو ہر روز ناشتہ نہیں کرتے تھے ان میں اپنے ہم عمر باقاعدگی سے ناشتہ کھانے والے بچوں کی نسبت نمایاں طور پر ایسے بلڈ مارکز ظاہر ہوئے جو ذیابیطس کے خطرے سے منسلک ہوتے ہیں۔ سائنسدانوں نے دیکھا کہ ان بچوں میں ناشتہ نہ کھانے کے باوجود انسولین کی سطح زیادہ تھی اور ان کا جسم انسولین کو اچھی طرح سے رسپانڈ کرنے کے قابل نہیں تھا۔ علاوہ ازیں جو بچے ہر روز ناشتہ نہیں کھاتے تھے ان کے خون میں صبح کے وقت شوگر کی معمولی سی مقدار زیادہ تھی ان بچوں کے مقابلے میں جو پابندی سے صبح ناشتہ کرتے تھے۔ انسانی جسم میں خون کے بہائو سے شکر ہٹانے کے لئے انسولین کی ضرورت پڑتی ہے تاکہ اس شکر سے توانائی حاصل کی جا سکے۔ انسولین ایک ہارمون ہے جو کہ لبلبہ میں موجود بیٹا سیل خارج کرتا ہے۔

 

انسولین کا انسانی جسم کی نگہداشت میں انتہائی اہم کردار ہے جو کہ خون میں موجود گلوکوز کی مقدار کو توازن میں رکھتا ہے اور اضافی گلوکوز کو گلوکوجین یا چربی کی صورت میں جگر میں محفوظ کرنے کے لئے سگنل بھیجتا ہے۔ ذیابیطس کے مرض میں بنیادی طور پر لبلبہ صحیح کام نہیں کرتا ہے یا تو یہاں سے انسولین کی پیداوار بند ہو جاتی ہے جسے ذیابیطس ٹائپ ون کا مرض جنم لیتا ہے۔

 

ذیابیطس کی دوسری قسم ٹائپ 2 میں لبلبہ جسم کی ضرورت کے مطابق انسولین خارج نہیں کرتا یا پھر جسم کے خلیات اور ٹشوز انسولین کے ساتھ صحیح طریقے سے مل کر کام نہیں انجام دیتے ہیں جس کی وجہ سے خون میں شوگر کی سطح میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ سائنسدانوں نے فائبر پر مشتمل ناشتہ کھانے کو ذیابیطس کے خلاف حفاظت قرار دیا ہے۔


تاریخ اشاعت : 2014-09-29 00:00:00
مقبول ترین خبریں
امیگریشن خبریں
SiteLock