خبریں

’ACMW‘اور برونکس کمیونٹی کونسل کے زیر اہتمام مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں امن ریلی

اے سی ایم ڈبلیو کی بازہ روحی اور انکی ساتھیوں جبکہ برونکس کمیونٹی کونسل کے میاں شبیر گل اور ان کے ساتھیوں کے زیر اہتمام اس ریلی میں کمیونٹی کے بچے ، خواتین، بوڑھے اور جوان شریک ہوئے

نیویارک (اردونیوز ) پاکستانی امریکن خواتین کی ایک اہم و نمائندہ تنظیم ”امریکن کونسل آف مینارٹی وومین “ (اے سی ایم ڈبلیو ۔ACMW) اور برونکس کمیونٹی کونسل کے زیر اہتمام مظلوم و محکوم فلسطینی عوام پر ڈھائے جانیوالے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لئے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے نیویارک سٹی میں واقع اسرائیلی قونصلیٹ کے سامنے ”امن ریلی “ اور احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا ۔اے سی ایم ڈبلیو کی بازہ روحی اور انکی ساتھیوں ڈاکٹر در شہوار، ڈاکٹر عفت صادق، ام کلثوم، ارم شیریں ، بشریٰ اشرف، خدیجہ قانون گو، سیدعلی احسن ، سید محمد احسن جبکہ برونکس کمیونٹی کونسل کے میاں شبیر گل اور ان کے ساتھیوں کے زیر اہتمام اس ریلی میں کمیونٹی کے بچے ، خواتین، بوڑھے اور جوان شریک ہوئے ۔
پاکستانی کمیونٹی کے جواں سال ارکان کی تنظیم ’امریکن پاکستانی ایڈوکیسی گروپ‘ کے ارکان بھی علی رشید کی قیادت میں جبکہ کمیونٹی کی اہم شخصیات عمران قاسم خان ،ڈاکٹرطارق ابراہیم، کامل احمر، شاہد کامریڈ ، محمد عاطف ریلی میں شریک ہوئے۔ شرکاءنے نماز جمعہ بھی با جماعت ریلی کے موقع پر ہی ادا کی ۔
شرکاءنے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینر ز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینی عوام پر ڈھائے جانیوالے اسرائیلی مظالم بالخصوص معصوم شہریوں ، بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے خلاف نعرے درج تھے ۔
اے سی ایم ڈبلیو کی بازہ روحی کا کہنا تھا کہ نیویارک میں بسنے والی خواتین کی جانب سے اس ریلی کا مقصد اپنے فلسطینی ماوں، بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا تھا، ان کے غم میں شریک ہونا اور انہیں یقین دلانا ہے کہ ہم ان پر ڈھائے جانیوالے اسرائیلی مظالم کے خلاف امریکہ میں ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے ۔

Jumma Prayer during Rally for Palestinians
Jumma Prayer during Rally for Palestinians

برونکس کمیونٹی کونسل کے میاں شبیر گل کا کہنا تھا کہ اسرائیل تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فلسطین کے علاقوں پر قابض ہو رہا ہے اور اس کی اس غاصبانہ کاروائیوں کے خلاف جب کوئی آواز بلند کرے تو انہیں ’اپنے دفاع کے حق میں کاروائی‘ کا خود ساختہ جواز پیش کرکے مظالم کا نشانہ بناتا ہے ۔فلسطین ، فلسطینی عوام کا ہے ، اقوام عالم ،حق، سچ اور انصاف کے ساتھ کھڑی ہو۔
امریکن پاکستانی ایڈوکیس گروپ کے علی رشید کا کہنا تھا کہ ۔فلسطینی عوام کو بلا تاخیر ان کی سٹیٹ ملنی چاہئی گیارہ روز جنگ میں معصوم شہریوں ، بچوں اور خواتین کو جنگی کاروائیوں کا نشانہ بنایا گیا ۔ ہم مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور امریکہ میں ان پر ڈھائے جانیوالے مظالم کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے ۔
برونکس کمیونٹی کونسل کے نعیم بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری فلسطین میں ایک عرصے سے جاری مظالم کا نوٹس لے اور بے حسی کے سلسلے کو ختم کردے ۔ہم فلسطینی عوام کے ساتھ مسلمان ہونے کی وجہ سے نہیں بلکہ انسانیت اور انسانی حقوق کی بنیاد پر کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے ۔انسانی حقوق کے چیمپئین کے دعویداروں کا فلسطینی عوام پر مظالم پر خاموشی قابل افسوس اور شرمناک ہے ۔ دین اسلام ، دین انسانیت، دین امن اور دین امن ہے ۔
ڈاکٹر طارق ابراہیم کا کہنا تھا کہ پوری امت ، فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے ، ان پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ہم سلام پیش کرتے ہیں ، اپنے فلسطینی بہنوں، ماو¿ں اور بھائیوں کو جو جرات سے ظالم کا مقابلہ کررہے ہیں ، انشاءاللہ فتح ان کی ہو گی اور فلسطینی ، ایک آزاد ریاست بنے گی ۔
خدیجہ قانون گو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم فلسطینی بچوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ان فلسطین کو آزاد دیا جائے اور ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے ۔
سید علی احسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی معصوم شہریوں بالخصوص بچوں اور خواتین پر ہونیوالے مظالم کو دیکھ کر بہت دکھ اور تکلیف ہوتی ہے ۔ظلم کا یہ سلسلہ بند ہونا چاہئیے۔ عالمی برادری کو اپنا کردار اور فرض ادا کرنا چاہئیے ۔
کمیونٹی رہنما کامل احمر نے کہا کہ فلسطینی عوام پر ہونیوالے مظالم کو دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، مسلمان امہ کو اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرکے ، فلسطین کی آزادی کے لئے اپنا کردارادا کرنا چاہئیے ۔
ریلی کے آخر میں فلسطینی عوام اور ان کی آزادی کے لئے خصوصی دعا کی گئی ۔

 

Related Articles

Back to top button