سیاسی سفر دوستی میں تبدیل ،میاں فیاض کے صاحبزادے اٹارنی فارس فیاض اور رانا سعید کی صاحبزادی حنا سعیدکی شادی

 

نیو یارک (خصوصی رپورٹ) ایک عرصہ سے ساتھ ساتھ سیاسی سفر طے کرنے والی پاکستانی کمیونٹی کی دو ممتاز ترین شخصیات پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر میاں فیاض اور جنرل سیکرٹری رانا سعید کی سیاسی دوستی حقیقی رشتہ داری میں تبدیل ہو گئی۔ میاں فیاض کے ہونہار صاحبزادے فارس میاں فیاض اور رانا سعید کی صاحبزادی حنا سعید رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئے۔

 

نیو یارک اور نیو جرسی کے مختلف پر شکوہ ہالوں میں رسم حنا سے ولیمہ کی تین بڑی تقریبات میں طویل عرصہ کے بعد پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد کی شرکت۔ تفصیلات کے مطابق میاں فیاض اور رانا سعید کے بچوں کا رشتہ لگ بھگ سال پہلے طے پایا تھا۔ گزشتہ بدھ کے روز رسم حنا کی تقریب جبکہ تھینکس گیونگ والے دن جب پوری امریکی قوم یوم تشکر منا رہی تھی دونوں گھرانے بھی مقدس رشتے کے آغاز کا جشن منانے کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار بھی ہو رہے تھے۔ تینوں تقریبات اپنی مثال آپ تھیں جن میں نیو یارک نیو جرسی کے علاوہ کینیڈا‘ دوبئی اور پاکستان وغیرہ سے مہمانوں کی بڑی تعدا د نے شرکت کی اور نوبیاہتا جوڑے اور دونوں گھرانوں کی خوشیوں کا بھر پور لطف اٹھایا۔ رسم حنا کی تقریب پورے جوش و خروش کے ساتھ یانکرز (نیو رک) کے روز ویلٹ بال روم۔ شادی کی تقریب نیو جرسی کے ریڈ یسن ہوٹل جبکہ ولیمہ پارٹی اسٹیشن آئیلینڈ کے پر شکوہ ” نکٹو را بال روم“ (Nictora) میں منعقد ہوئی۔ شادی کی تینوں تقریبات میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے جوق در جوق شرکت کی۔

 

بروکلین کی ممتاز مذہبی شخصیت ضیاءالامت فاﺅنڈیشن نیو یارک کے روح رواں میر حسین نے جوڑے کا نکاح پڑھایا۔ فارس فیاض کے بھائیوں نے تینوں تقریبات میں اپنے بھائی اور بھابی کا خیر مقدم بھر پور پرفارمنس سے کیا جس کی انہوں نے زبردست تیاری کر رکھی تھی۔ پاکستان کے ممتازگلوکاروں ندیم عباس لونے والا اور سعادیہ ملک نے ان تقریبات میں خصوصی طور سے شرکت کر کے اپنے فن کا بہترین مظاہرہ کیا۔ پاکستان کے قونصل جنرل راجہ علی اعجاز اپنی اہلیہ کے ہمراہ شادی اور ولیمہ کی تقریبات میں شریک ہوئے اور دونوں سیاسی گھرانوں کو ان کے بچوں کی شادی کی مبارکباد دی۔ نئے جوڑے نے ولیمہ تقریب میں اہل خانہ اور مہمانوں کے ہمراہ مل کر شادی کا کیک بھی کاٹا۔ دولہا فارس کے دوستوں نے بھنگڑے میں فارس کو بھی شامل کیا۔

 

فارس نے بھی خوب ساتھ دیا ۔ولیمہ والے روز رانا سعید نے اپنے داماد اور بیٹی کو والہانہ انداز میں پیار اور داد دی جبکہ میاں فیاض نے سمدھی رانا سعید کو کیک کھلا کرنئے رشتے کا پر مسرت آغاز کیا۔ ان تقریبات میں مسلم لیگ ن یو ایس اے کی پوری قیادت اپنے صدر روحیل ڈا ر کے ہمراہ شریک ہوئی اور دونوں خاندانوں کی خوشیوں میں شروع سے آخر تک ساتھ ساتھ رہے۔

تاریخ اشاعت : 2016-12-01 00:00:00
مقبول ترین خبریں
امیگریشن خبریں
SiteLock