امریکہ میں بسنے والے پاکستانی امریکی سیاست میں حصہ لیں،مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمان کا ناصر اعوان کے استقبالیہ سے خطاب

 

نیویارک (خصوصی رپورٹ) علامہ اقبال کمیونٹی سنٹر کے چئیرمین ناصر اعوان کی جانب سے سنٹر میں نیویارک کے دورے پر آئے مفتی اعظم پاکستان، روئیت ہلال کمیٹی اور تنظیم المدارس پاکستان کے چئیرمین مفتی منیب الرحمن کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیاجس میں سنٹر کے ڈائریکٹرز چوہدری جاوید اقبال چیچی ، شیخ اشفاق، محمد اصغر چشتی اور انجمن غوثیہ بروکلین کے رہنما پیر سید صفدر حسین شاہ کے علاوہ مرزا خاور بیگ، مرزا سجاول بیگ ،اظہر زمان ،علامہ بخاری سمیت دیگر کمیونٹی کی مقامی شخصیات نے شرکت کی ۔

 

علامہ اقبال کمیونٹی سنٹر آمد پر ناصر اعوان نے مفتی منیب الرحمن کا پرتپاک استقبال کیا، انہیں اپنے، سنٹر کے عہدیداران اور کمیونٹی کی جانب سے خوش آمدید کہا ۔مفتی منیب الرحمن نے علامہ اقبال کمیونٹی سنٹر کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بریفننگ حاصل کرنے کے بعد سنٹر اور اس کے ڈائریکٹرز کی کارکردگی کو شاندار الفاظ میں سراہا۔

 

مفتی منیب الرحمان نے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی امریکن کمیونٹی سے کہا کہ وہ امریکہ میں رہتے ہوئے پاکستان کی سیاست میں دلچسپی لینے کی بجائے امریکہ سیاست میں دلچسپی لیں اور موثر اور فعال کردار اداکریں ۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی اور ان کی نسلیں یہاں پروان چڑھ رہی ہیں اور چڑھیں گی لہٰذا انہیں یہاں کے معاملات میں اپنا اثر و رسوخ قائم کرنا چاہئیے ۔

 

 

مفتی اعظم پاکستان نے کہا کہ مسلم امریکن کمیونٹی کو دین اسلام کی تعلیمات و احکامات کے مطابق خود کو ڈھالنا چاہئیے اور دین اسلام کی صحیح عکاسی کرنی چاہئیے اور اس تاثر کو غلط ثابت کرنا چاہئیے کہ جو بعض گمراہ لوگوں کی حرکتوں کی وجہ سے اسلام کا قائم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جس کا دین اور اس کی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ۔ مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ مجھے جان کر بہت خوشی ہوئی کہ شاعر مشرق علامہ اقبال کے نام سے نیویارک میں باقاعدہ ایک ادارہ قائم ہے ۔

 

انہوں نے کہا کہ ہمیں نسلوں کو اپنے علمی ، سیاسی ،ادبی، ثقافتی کلچر اور فکر بھی منتقل کرنی ہے ۔ ناصر اعوان نے کہا کہ یہ ہمارے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں کہ مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمان نے علامہ اقبال سنٹر کا دورہ کیا۔میں طاہر بھٹہ، چوہدری جاوید چیچی ، شمس الزمان ، شیخ اشفاق ، راجہ ضمیر پران ، سجاد بٹ سمیت سب ساتھیوں کی جانب سے ان کا شکرئیہ ادا کرتا ہوں ۔

تاریخ اشاعت : 2016-01-20 00:00:00
مقبول ترین خبریں
امیگریشن خبریں
SiteLock