جرسی سٹی کے مئیر نے بھی عید کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا

 

جرسی سٹی (نمائندہ خصوصی) لاثانی گروپ آف نیو جرسی کے زیراہتمام خوبصورت اور پروقار عید ملن پارٹی کا انعقاد ہوا جس میں 250 سے زائد خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ جرسی سٹی کے میئر سٹیون فلپ مہمان خصوصی تھے جنہوں نے مسلم کمیونٹی کے لئے جرسی سٹی کے پبلک سکولوں میں عیدین کے مواقع پر سرکاری چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ جس کی باقاعدہ توثیق 17 ستمبر کو ہو جائے گی جب بورڈ آف ایجوکیشن سرٹیفیکیٹ کا اجراءکر دے گا۔


 قبل ازیں تلاوت کلام پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ مسلم فیڈریشن آف جرسی سٹی کے امام قاری سیف النبی نے خوبصورت انداز میں دلکش تلاوت کی۔ جبکہ منیر مغل نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی۔


 اختر علی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے انہوں نے معزز مہمان میئر جرسی سٹی سٹیون فلپ اور دیگر مہمانوں کو سٹیج پر بیٹھنے کی دعوت دی۔ لاثانی گروپ آف نیو جرسی کے روح رواں مشتاق بھٹی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ لاثانی گروپ کی کوششوں سے جرسی سٹی کے میئر نے یہ تاریخ ساز قدم اٹھایا ہے۔


واضح رہے کہ مشتاق بھٹی نے اپنے ساتھیوں سید اشتیاق ہاشمی‘ خواجہ عبدالعزیز اور چوہدری اختر علی کے ہمراہ میئر سٹیو سے رابطہ کیا۔ اور انہیں عیدین کے مواقع پر سکولوں میں چھٹی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ گروپ کی کوششوں سے میئر جرسٹی سٹی نے مسلم کمیونٹی کے دیرینہ مسئلہ کا ادراک کرتے ہوئے سکولوں میں عید کے مواقع پر چھٹی کا مطالبہ تسلیم کر لیا ہے۔ مشتاق بھٹی نے کہا کہ میئر سٹیون پاکستانی و مسلم کمیونٹی کے حقیقی دوست ہیں۔ انہوں نے میئر جرسٹی سٹی کو خطاب کی دعوت دی ۔میئر نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ جرسٹی سٹی میں مسلم کمیونٹی کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر عید کے مواقع پر سکولوں میں سرکاری تعطیل ہوا کرے گی تا کہ بچے والدین اور رشتہ داروں کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جرسٹی سٹی میں مسلم خصوصاً پاکستانی کمیونٹی کا شہر کی ترقی میں بہت اہم کردار ہے انہوں نے کہا کہ وہ مسلم و پاکستانی کمیونٹی کی دل سے عزت کرتے ہیں۔ میئر سٹیون نے کہا کہ نیو یارک اور نیو جرسٹی آمدو رفت کرنے والے کیب ڈرائیورز کے علاوہ لیموزین اور لیوری چلانے والے ڈرائیورز کو پارکنگ کے حوالے سے جن مسائل کا سامنا ہے ان کے حل کیلئے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کیب ۔ لیوری اور لیموزین کمرشل گاڑیوں کے زمرے میں آتے ہیں اس لئے ایسے افراد رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک سٹریٹ پر گاڑیاں نہیں کھڑی کر سکتے۔ جرسٹی سٹی کے ڈرائیورز کو یہ سہولت فراہم کی جا چکی ہے ۔نیو یارک سٹی کے ڈرائیورز بھی بہت جلد اس سہولت مستفیض ہونگے اور انہیں ٹکٹوں کا خطرہ درپیش نہیں رہے گا۔ میئر جرسی سٹی کے ان اعلانات کا وہاں موجود لوگوں نے خیر مقدم کیا اور انہیں زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ آخر میں میئر نے وہاں موجود افراد سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ میئر آفس کے دروازے پاکستانی کمیونٹی کے لئے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ انتہائی خوشگوار موسم اور پر تکلف کھانوں نے عید ملن پارٹی کا مزہ دوبالا کر دیا۔ خواتین اور بچیوں کی بڑی تعداد تقریب سے محظوظ ہوئی۔٭٭

تاریخ اشاعت : 2015-09-09 00:00:00
مقبول ترین خبریں
امیگریشن خبریں
SiteLock