پاکستان

شاہد گوندل مرحوم کی نماز جنازہ ، ہر آنکھ اشکبار

شاہد گوندل مرحوم کی نماز جنازہ میں کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکان نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی ، ہر دلعزیز کمیونٹی رہنما کی موت پر شہر سوگوار

نیویارک (اردونیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت شاہد گوندل کی نماز جنازہ آئی سی ایل آئی مسجد لانگ آئی لینڈ ، نیویارک میںادا کر دی گئی ۔ نماز جنازہ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔شاہد گوندل کی تجہیز و تکفین میں ان کے کی فیملی کے علاوہ ان کے نہایت ہی قریبی دوست محمد آصف اور سیف ناگرا پیش پیش رہے ۔
شاہد گوندل کی نماز جنازہ کے موقع پر ان کی جواں سال اور اچانک موت پر ہر آنکھ اشکبار تھی ۔ کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات و کمیونٹی قائدین کا کہنا تھا کہ شاہد گوندل کی وفات سے کمیونٹی ایک نہایت ہی مخلص ، بے لوث ، مشفق اور مددگار رکن سے محروم ہو گئی ہے ۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جا تی رہے گی ۔
نماز جنازہ سے قبل آئی سی ایل آئی مسجد میں ہی مرحوم کی میت کو دیدار کے لئے رکھا گیا تھا ۔اس موقع پر موجود ان کے قریبی عزیز و اقارب ، ان کی اچانک موت پر فرط غم سے آبدیدہ ہو گئے ۔
واضح رہے کہ شاہد گوندل جمعہ کو اپنی صاحبزادی سے ملنے کے لئے ڈیلاس(ٹیکساس) گئے جہاں افطاری کے بعد وہ آرام کرنے کے لئے لیٹے تو اس دوران انہیں سٹروک ہو ا جس کی وجہ سے ان کی طبیعت خراب ہو گئی اور انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دو دن زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔
شاہد گوندل مرحوم کے جسد خاکی کو ڈیلاس سے نیویارک لایا گیا اور یہاں نماز جنازہ کے بعد ان کے جسد خاکی کو واشنگٹن میمورئیل قبرستان لانگ آئی لینڈ میںآہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔شاہد گوندل کا تعلق گجرات اور گوجرانولہ سے تھا ۔ وہ بیس سال کی عمر میں امریکہ آئے تھے اور یہاں مسلسل محنت اور مشقت کے بعد کنسٹرکشن کے بزنس میں ایک نام اور مقام بنایا تھا۔
شاہد گوندل پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ایک اہم و نمائندہ تنظیم پاکستان لیگ آف یو ایس اے کے وائس پریذیڈنٹ اور پریذیڈنٹ کے عہدوں پر فائز رہے ۔ وہ پاکستان ڈے پریڈ میں متحر ک کردار ادا کرنے والے کمیونٹی قائدین میں بھی شامل تھے ۔

تازہ و اہم تریں خبروں کے لئے اردو نیوز پڑھتے رہیں ۔۔۔ اردو نیوز یو ایس اے

 

Related Articles

Back to top button