کونی آئی لینڈ ایونیو مرچنٹس ایسوسی ایشن نے 5اگست کو پاکستان ڈے بروکلین میلہ کا اعلان کر دیا، میلہ کمیٹی کا بھی اعلان 

 

نیویارک (خصوصی رپورٹ) کونی آئی لینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن انک کے زیر اہتمام 5 اگست 2017ءکو لٹل پاکستان کونی آئیلنڈ (بروکلین) میں فوسٹر ایونیو اور نیویارک ایونیو کے درمیان ”پاکستان ڈے بروکلین میلہ “کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس بات کا اعلان کونی آئیلنڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن انک کے اجلاس میں کیا گیا۔

 

ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور کمیونٹی کی ممتاز شخصیت ملک ناصر اعوان نے بروکلین میلہ 2017ءکا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی پاکستان کی خوشی میں ہم اس میلہ کا انعقاد کر رہے ہیں۔ پاکستان سے باہر پاکستان کی خوشیاں منانے کا سب کو حق حاصل ہے۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری افتخار بٹ نے کہا کہ بروکلین میلہ کا انعقاد شایان شان طریقے سے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام ساتھی میلہ کا انعقاد کمیونٹی سے کچھ طلب کئے بغیر اپنے زور پر کریں گے ہم ماضی کی روایتوں کے برعکس باوقار شاندار طریقے سے میلہ منعقد کریں گے۔

 

چیئرمین ملک ناصر اعوان نے اجلاس میں موجود اراکین کو مکمل دعوت دی کہ جو بھی میلہ کے عہدیدار بننا چاہتے ہیں وہ آگے بڑھیں۔ بعدازاں اتفاق رائے سے کمیونٹی کی ممتاز کاروباری شخصیت عبدالحمید چودھری کو بروکلین میلہ 2017ءکا چیئرمین جبکہ ممتاز کاروباری و سماجی رہنما طاہر بھٹہ کو صدر منتخب کیا گیا ہے۔ دیگر عہدیداروں میں افتخار بٹ جنرل سیکرٹری، راجہ رزاق نائب صدر، اشفاق شیخ فنانس سیکرٹری، شاہد رانجھا چیف آرگنازئر، زاہد شیخ پریس و انفارمیشن سیکرٹری چنے گئے ہیں۔ کمیونٹی کی انتہائی معتبر اور ہر دلعزیز شخصیات تاج اکبر اور حمید خان میلہ کے سرپرست اعلیٰ ہوں گے۔

 

ملک ناصر اعوان اور افتخار بٹ نے کہا کہ دونوں معتبر شخصیات نے میلہ کی سرپرستی قبول کرکے ہمیں جو عزت افزائی بخشی ہے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ اس موقع پر چودھری عبدالحمید نے کونی آئیلنڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن انک کے چیئرمین ملک ناصر اعوان کو بروکلین میلہ 2017ءکے لئے 5 ہزار ڈالر کا چیک بھی پیش کیا۔ چودھری عبدالحمید کے اس جذبے اور بروکلین میلہ کے لئے عملی تعاون پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ تمام عہدیداروں چودھری عبدالحمید، طاہر بھٹہ، افتخار بٹ، اشفاق شیخ، راجہ رزاق، شاہد رانجھا، زاہد شیخ اور دیگر نے بروکلین میلہ کو بھرپور طریقے سے منعقد کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

 

انہوں نے کہا کہ میلہ میں پاکستان سے چوٹی کے فنکار شرکت کریں گے اور ابھی سے اس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی بورڈ میں بروکلین میلہ کو ایونٹ کے طور پر شمار کیا جا چکا ہے۔ مختلف شعبوں کے لئے مزید عہدیداروں کا اعلان بہت جلد کر دیا جائے گا۔ ملک ناصر اعوان اور افتخار بٹ نے کہا کہ بروکلین میلہ کو شفاف طریقے سے منعقد کرنے کے لئے حساب کتاب کو مکمل طور پر کمیونٹی اور میڈیا کے لئے اوپن رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کو یادگار اور مثالی میلہ منعقد کرکے دکھائیں گے تاکہ انہیں بھرپور تفریح مہیا ہو سکے۔ ہم امریکہ میں پاکستان کی ثقافت اور پہچان کو زندہ رکھیں گے۔ میلہ میں یوتھ اور خواتین کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے وویمن اور یوتھ ونگز بھی تشکیل دیئے جا رہے ہیں۔ قبل ازیں پاک سیفٹی پٹرول کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا۔

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک ناصر اعوان اور دیگر عہدیداروں نے اعلان کیا کہ کمیونٹی کے اصرار اور کونی آئیلنڈ ایونیو (بروکلین) میں ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر پاک سیفٹی پٹرول کو دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے اس کے لئے کمیونٹی کے لوگوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ آگے بڑھیں تاکہ کمیونٹی کے تحفظ کے ئے اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں کونی آئیلنڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک ناصر اعوان، صدر طاہر بھٹہ، جنرل سیکرٹری افتخار بٹ کے علاوہ کو چیئرمین سجاد بٹ، فنانس سیکرٹری اشفاق شیخ، انفارمیشن و پریس سیکرٹری زاہد شیخ، جاوید اقبال چیچی، راجہ رزاق، محمد صداقت اور دیگر موجود تھے۔ شرکاءنے بروکلین میلہ کے انعقاد کے اعلان کو بھرپور سراہا۔

۔

تاریخ اشاعت : 2017-04-19 00:00:00
مقبول ترین خبریں
امیگریشن خبریں

SiteLock