پاکستان

ضمنی الیکشن ، عمران خان کا بڑا فیصلہ

عمران خان کا25ستمبر کو ہونیوالے ضمنی الیکشن میں تمام 9 حلقوں سے خود ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ

اسلام آباد ( اردو نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی جانب سے قومی اسمبلی کے نو حلقوں پر ہونیوالے ضمنی الیکشن کے حوالے سے حیران کن فیصلے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ،عمران خان کی جانب سے جاری کردہ ایک ٹویٹ میں اعلان کیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے تمام نو حلقوں میں عمران خان خود تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے ۔ یوں ایسا پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہو گا کہ کوئی امیدوار بیک وقت ملک کے قومی اسمبلی کے نو حلقوں سے امیدوار بنے گا ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی خالی 9 نشستوں پر براہ راست ضمنی انتخابات 25 ستمبر کو ہوں گے۔

شیڈول کے مطابق امیدواران کاغذات نامزدگی 10 اگست سے 13 اگست تک جمع کروا سکتے ہیں، کاغذات کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی۔قبل ازیں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے مستعفی اراکین قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر 25 ستمبر کو ضمنی انتخابات کے لیے شیڈول جاری کردیا تھا۔

شیڈول کے مطابق نامزد امیدواروں کی فہرست 14 اگست کو جاری کی جائے گی اور 17 اگست کو اسکروٹنی ہوگی، ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل 20 اگست تک جمع کرائی جاسکتی ہیں اور 25 اگست اپیلیٹ ٹربیونل میں فیصلہ ہوگا۔امیدواروں کی نظر ثانی فہرست 26 اگست کو جاری ہوگی جس کے بعد امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 27 اگست تک واپس لے سکتے ہیں۔امیدواروں کی حتمی فہرست 29 اگست تک جاری کی جائے گی اور انتخابی نشان بھی 29 اگست کو الاٹ کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے اس سے ایک روز قبل پی ٹی آئی کے 11 اراکین کے استعفے منظور کرنے کے بعد نوٹی فکیشن الیکشن کمیشن کو ارسال کردیا تھا۔

قومی اسمبلی کے ترجمان نے کہا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے آئین پاکستان کی آرٹیکل 64 کی شق (1) کے تحت تفویص اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے استعفے منظور کیے ہیں۔

Related Articles

Back to top button