پاکستانخبریں

کینیا میں جلاوطن صحافی ارشد شریف کا قتل

ارشد شریف جو کہ کینیا میں خودساختہ جلا وطنی اختیار کہے ہوئے تھے، کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا


کینیا (اردو نیوز) سینئر صحافی ارشد شریف کو کینیا میں گولی مار کر قتل کردیا گیا ہے ۔ یہ خبریں آرہی ہیں کہ ارشد شریف حادثے میں جاں بحق ہوئے ہیں ۔ان کی موت کی حتمی وجہ اور محرکات جاننے کی کوششیں جاری ہیں۔

کینیا پولیس حکام کی جانب سے نیروبی میں پاکستان ہائی کمیشن حکام کو ارشد شریف کی ہلاکت کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے ۔  

دریں اثناء کینیا کے ایک اخبار دی سٹار کے مطابق ارشد شریف کو ایک پولیس ناکے پر غلط شناخت اور گاڑی کے نہ روکے جانے پر گولی ماری گئی جو کہ ان کے سر پر لگی اور جان لیوا ثابت ہوئی ۔

ارشد شریف جو کہ کچھ عرصہ قبل ، عمران خان کی حکومت ختم ہونے کے بعد ملک چھوڑ گئے تھے ،خود ساختہ جلاوطنی اختیار کئے ہوئے تھے۔ وہ پی ڈی ایم حکومت کے ساتھ ساتھ ایسٹبلشمنٹ کے شدید ناقد شمار ہوتے تھے ۔

ارشد شریف کے مبینہ قتل کی خبر سے تقریباً بارہ سے پندرہ گھنٹے قبل ان کی جانب سے آخری ٹویٹ کیا گیا جو کہ ان کے ٹاک شو کا ایک حصہ تھا جو کہ کار ڈگی میں خفیہ ملاقاتوں سے متعلق تھا

ارشد شریف کی والدہ جن کے خاندان کا ارشد شریف سہارا تھے ، بیٹے کی موت کے اطلاع ملنے پر سکتے میں ہیں ۔ والدہ کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کو جلد از جلد ان کے پاس لایا جائے ۔

ارشد شریف شہید کے والد محمد شریف نیوی میں کمانڈر تھے،2011 میں ہارٹ اٹیک سے انتقال کرگئے ۔

ارشد کے بھائی میجر اشرف شریف اپنے والد کے جنازے میں شرکت کرنے کے لیے بغیر سیکورٹی بنوں سے نکلے تو راستے میں دہشت گردوں نےشہیدکر دیا۔

باپ بیٹے کی میتیں گھر سے اکٹھے نکلیں ، دو ہی بھائی تھے۔

بول نیوز ٹی وی کے مطابق ارشد شریف بول نیوز کا حصہ بن چکے تھے اور جلد بول ٹی وی پر بیرون ملک سے اپنا پروگرام شروع کرنے والے تھے ۔ 

صدر ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے بھی ارشد شریف کی موت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے 

وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھی ارشد شریف کے قتل پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے

 

 

Related Articles

Back to top button