اوورسیز پاکستانیز

شکاگو سے مزید250پاکستانی پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے اسلام آباد روانہ

شکاگو کے او ہیر ائیرپورٹ پر قونصل جنرل جاوید احمد عمرانی سمیت قونصل خانہ کا عملہ موجود تھا جنہوں نے مسافروں کی وطن واپسی کے انتظامات کا جائز ہ لیا اور اسے یقینی بنایا

شکاگو (اردو نیوز) پی آئی اے کی چھٹی خصوصی پرواز امریکہ میں پھنسے ہوئے پاکستانی سمیت دیگر کل250مسافروں کو لیکر اتوار کی شام امریکی شہر شکاگو سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہو گئی ۔مسافرو ں کی پاکستان روانگی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے شکاگو کے او ہیر ائیرپورٹ پر قونصل جنرل جاوید احمد عمرانی سمیت قونصل خانہ کا عملہ موجود تھا جنہوں نے مسافروں کی وطن واپسی کے انتظامات کا جائز ہ لیا اور اسے یقینی بنایا ۔
حکومت پاکستان کی جانب سے کرونا وائرس وبا کی وجہ سے پاکستان میں بین الاقوامی پروازوں کی آمد پر پابندی عائد کی گئی جس کی وجہ سے بڑی تعدادمیں پاکستانی امریکہ سمیت بیرون ممالک مین پھنس گئے۔ ان پاکستانیوں کی وطن واپسی کو یقینی بنانے کےلئے امریکہ کے لئے قومی ائیر لائینز کو امریکہ کی جانب سے کل 12خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ۔ان پروازوں کے ذریعے امریکہ سے بارہ سو سے زائد پاکستانیوں کو امریکہ سے پاکستان پہنچادیا گیا ہے ۔
پاکستان ایمبسی کے ایک بیان کے مطابق سفارتخانہ اور چاروں قونصل خانوں کی جانب سے امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ان پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی حکومت پاکستان اور سفارتخانہ کی اولین ترجیح ہے۔امریکہ میں پھنسے تمام پاکستانیوں کو سفارتخانہ یا متعلقہ قونصل خانے کے ساتھ رجسٹر کیا گیاہے۔پاکستان ایمبیسی کیے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ سے وطن واپس جانے کے خواہشمند پاکستانی آئندہ پروازوں کی معلومات کے حصول کیلئے ہیلپ لائنز سے رابطہ کریں۔

PIA special flight Chicago

Related Articles

Back to top button