بین الاقوامی

عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں کینیڈا میں جاں بحق پاکستانیوں کےلئے فاتحہ خوانی

اجلاس میں گھوٹکی حادثے کے شہداءکے لئے بھی دعا کی گئی ، طارق ملک کو ”نادرا“ کا دوبارہ چئیرمین بنانے کی منظوری دے دی گئی

اسلام آباد (احسن ظہیر سے ) وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس کے آغاز میں گھوٹکی ٹرین حادثے کے شہدا کے لئے دعا کی گئی۔ کینیڈا میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے لئے بھی فاتحہ ادا کی گئی۔ وزیرِ برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، وزیرِ اطلاعات اور مشیر پارلیمانی امور نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو حق رائے دہی کا اختیار دینے کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی۔ چئیرمین کابینہ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس کی جانب سے کابینہ کو ابتدائی رپورٹ پیش۔ وزیر قانون نے کریمنل لا ریفارمز (فوجداری قوانین اصلاحات) کے حوالے سے پیش رفت پر وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے فوجداری قوانین میں اصلاحات کے حوالے سے وزیرِ قانون اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ کابینہ نے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کا اداشدہ سرمایہ (Paid-up Capital)اورشئیر کیپیٹل (Authorized Share Capital) میں اضافے کی تجویز منظور کی کابینہ نے فرسٹ وویمن بنک کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز اور چئیرمین کی تعیناتی کی منظوری دی۔ (ان میں نجیب آگرہ والا (چئیرمین)، بشریٰ احسان، صبیحہ سلطان، اکبرعلی، وجاہت رسول خان اور نغمانہ عالمگیر ہاشمی شامل ہیں) کارلٹن ہوٹل کراچی کی اراضی کو اپارٹمنٹس کی تعمیر کے لئے برو¿ے کار لانے اور پاکستان کوارٹرز اور جمشید کوارٹرز کراچی کی ریجنریشن پلان کی منظوری کا ایجنڈا موخر کر دیا گیا ۔
کابینہ نے جسٹس (ر) ضیاءپرویز کو کمیشن آف انکوائری برائے لاپتہ افراد (Commission of Enquiry on Enforced Disappearances) میں بطور ممبر تعینات کرنے کی منظوری دی۔ یاد رہے کہ جسٹس (ر) ڈاکٹر غوث محمد کی وفات (27دسمبر2020) کے بعد یہ اسامی خالی ہو ئی تھی۔
پاکستان کوسٹ گارڈ فاو¿نڈیشن کے قیام کا ایجنڈا موخر کر دیا گیا۔ کابینہ نے عمر حبیب لودھی کو منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کوماضی میں مالی خسارے کا سامنا رہا تھا۔ موجود حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی سیل دس ارب سے بڑھ کر سو ارب تک چلی گئی ہے اور ادارہ آپریٹنگ پرافٹ میں یعنی منافع کما رہا ہے۔ کابینہ نے قومی ترانے کو جدید طرز پر ڈھالنے کے لئے (انیلاگ سے ڈولبی ایٹمز ٹیکنالوجی سے ڈیجیٹل کرنے) کمیٹی کے قیام کی منظوری دی۔
٭ کابینہ نے وزارتِ اطلاعات کی جانب سے پیش کی جانے والی اس تجویز کو بھی منظور کیا کہ پی ٹی وی سپورٹس پر سیریز اے چیمپیئن شپ 2018-19اور پاکستان بمقابلہ بنگلا دیش 2020کرکٹ میچز دکھانے کے ضمن میں پی ٹی وی کی جانب سے سونی پکچرز نیٹ ورک کو واجب الادا رقوم کی ادائیگیاں کر دی جائیں تاہم کابینہ نے پاکستان انگلینڈ میچز کے حوالے سے پی ٹی وی کو استشنیٰ دینے کی تجویز کو مسترد کر دیا۔ کابینہ نے مبشر حسن (انفارمیشن گروپ آفیسر) کو منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے تاجکستان کو کرونا وبائ کا مقابلہ کرنے کے لئے انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کی منظوری دی۔اس سامان میں پی پی ای کٹس وغیرہ شامل ہوں گی۔کابینہ نے نوید اسمعیل کو کے الیکٹرک بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بطور ممبر تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 21مئی2021،26 مئی 2021اور 02جون 2021میں لیے گئے فیصلوں پر غور کیا اور انکی توثیق کی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کے دوران معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کورونا وباءکے دوران ایک کروڑ ستر لاکھ مستحق خاندانوں میں نہایت شفاف طریقے سے رقوم کی تقسیم پر بریفنگ دی۔ اور احساس کیش پروگرام کی دوسری قسط کے بارے میں بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کورونا سے متاثرہ افراد کو معاونت فراہم کرنے کے ضمن میں پاکستان کی جانب سے شروع کیے جانے والا پروگرام دنیا کا تیسرا بڑا پروگرام ہے۔ پہلے نمبر پر جاپان، دوسرے پر امریکہ اور تیسرے نمبر پر پاکستان کا احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ نیٹ ہائیڈل پرافٹس کا معاملہ جو کہ ایک طویل عرصے سے حل طلب تھا اس کے حوالے سے معاملات طے پا گئے ہیں اور آئندہ چھ ماہ میں نیٹ ہائیڈل پرافٹس کی ادائیگیاں کر دی جائیں گی۔ کابینہ نے طارق ملک کو چئیرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دی۔ طارق ملک اس سے پہلے بھی نادرا کے چئیرمین رہ چکے ہیں۔

Related Articles

Back to top button