اوورسیز پاکستانیزکالم و مضامین

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود ، حکومت پر برس پڑے

موجودہ حکومت کے لیے صرف اتنا کہوں گا کہ اگر اس نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو پھر نہ رہے گا بانس نہ بجے گی بانسری، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

پی ٹی آئی کی پچھلی حکومت نے امپورٹڈ شخص کو کرپشن کے لیے ایک سال کا لائسنس دیا تھا جبکہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے لیے تین سال کا لائسنس دیا ہے پہلی حکومت شاید اسی وجہ سے گئی تھی
میں صدر ریاست کے منصب پر فائز ہوں چھوٹے ایشوز پر بولنا مناسب نہیں سمجھتا مگر بات اب میری برداشت کی حد سے باہر ہو چکی ہے، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا میر پور خطاب

میر پور (اردونیوز ) صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اگر میں آزاد کشمیر کے لوگوں کی دیکھ بھال نہیں کر سکتا، میرپور میں لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کے بازار کو نہیں روک سکتا، لوگوں کو انصاف مہیا نہیں کر سکتا تو پھر میرے پاس کوئی اخلاقی جواز نہیں بچتا کہ میں دنیا کے مختلف فورمز پر مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی بات کروں۔آج میں جلسہ عام میں کھلم کھلا اور دو ٹوک انداز میں کہتا ہوں کہ اب میں میرپور میں کسی کو مزید کرپشن کی اجازت نہیں دوں گا۔پی ٹی آئی کی پچھلی حکومت نے امپورٹڈ شخص کو کرپشن کے لیے ایک سال کا لائسنس دیا تھا جبکہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے لیے تین سال کا لائسنس دیا ہے پہلی حکومت شاید اسی وجہ سے گئی تھی موجودہ حکومت کے لیے صرف اتنا کہوں گا کہ اگر اس نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو پھر نہ رہے گا بانس نہ بجے گی بانسری۔میں صدر ریاست کے منصب پر فائز ہوں چھوٹے ایشوز پر بولنا مناسب نہیں سمجھتا مگر بات اب میری برداشت کی حد سے باہر ہو چکی ہے۔میں آزاد کشمیر کی حکومت کو متنبہ کرنا ہوں کہ اگر فی الفور مجموعی طور پر کرپشن کا خاتمہ خاص طور پر ایم ڈی اے کے اندر جاری کرپشن کے بازار کو بند نہ کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ایک امپورٹڈ شخص ایک سال سے میرپور میں کرپشن کی منڈی لگا کر بیٹھا ہوا ہے ،یہاں کی زمینیں نیم ریاستی لوگوں کو غیر قانونی طریقے سے الاٹ کی جا رہی ہیں لوٹ کھسوٹ کا پیسہ برمنگھم میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر کی اوورسیز کمیونٹی اربوں میں زرمبادلہ یہاں بھیجتی ہے جس سے یہاں ترقی کا پہیہ چلتا ہے یہ زرمبادلہ یہاں کی اکنامک میں ریڑھ کی حیثیت رکھتا ہے لیکن اگر یہاں سے پیسے باہر جا رہے ہیں تو اس کا بڑا ردعمل بھی آ سکتا ہے۔ 30 جون کو برطانیہ میں اوورسیز کمیونٹی کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل برطانیہ کے پلیٹ فارم سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف پریس کانفرنس کر رہی ہے اگر فوری طور پر حکومت نے کرپشن کے سلسلے کو نہ روکا تو یہ کرپشن بھی اس پریس کانفرنس کے ایجنڈے میں شامل ہو سکتی ہے۔ہمارے آباو¿ اجداد کی قبروں پر منگلا ڈیم بنا جب پاکستان میں کسی جگہ ڈیم بننے کی جگہ نہیں مل رہی تھی تو میرپور کے لوگوں نے دوبارہ قربانی دے کر اس ڈیم کی توسیع کروائی اس کے باوجود میرپور کے لوگوں کو دانستہ طور پر تعمیر و ترقی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہمجھے وزیراعظم اس لیے نہیں بنایا گیا کہ میرے پاس پیسے نہیں تھے میرے پاس میرپور میں اپنا گھر بھی نہیں لیکن میرا ضمیر مطمئن ہے کہ میرپور کے سارے گھر میرے گھر ہیں میں میرپور کے عوام کے حقوق کا محافظ ہوں۔میں پانچ سال وزیر اعظم رہا، اپوزیشن لیڈر رہا،نو مرتبہ یہاں سے ممبر اسمبلی بنا اب صدر ریاست کے عہدے پر فائز ہوں یہ مجھ پر اللہ کا فضل ہے اور میرپور کے لوگوں کا اعتماد ہے میں نہ صرف خود یہاں سے 9 مرتبہ ممبر اسمبلی بنا بلکہ میرے والد محترم بھی یہاں سے ممبر اسمبلی منتخب ہوئے پھر جب میں پیسوں کی وجہ سے وزیراعظم نہ بن سکا تو میرپور کے لوگوں نے میرے بیٹے کو یہاں سے ممبر اسمبلی منتخب کیا۔میں وزیراعظم،صدر، اپوزیشن لیڈر سمیت تمام عہدوں پر فائز رہ چکا ہوں مجھے اب مزید کسی چیز کا لالچ نہیں میں اب میرپور کے لوگوں کے مجھ پر جو احسانات ہیں ان کو اتارنا چاہتا ہوں میرپور کے حقوقِ کے تحفظ کے لیے مجھے جو بھی قربانی دینی پڑے میں وہ قربانی دوں گا۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہمیرپور میں کرپشن کے تین سالا لائسنس جاری کرنے میں حکومت کا ایک سیکرٹری بھی شامل ہے یہ ایک مافیا ہے جس نے اپنی کرپشن اور غیر قانونی کاموں کے لیے نیٹ ورک قائم کیا ہوا ہے یہ مافیا بڑے لوگوں کا نام استعمال کر کے انہیں بدنام کر رہا ہے میرپور میں اگر کسی کو ایک انچ زمین بھی غیر قانونی طریقے سے الاٹ کی گئی تو میں اس مافیا کا وہ حشر کروں گا کہ دنیا دیکھے گی۔ ہر افسر میرپور میں ملازمت کا خواہشمند ہوتا ہے کرپٹ افسران سن لیں میں نے میرپور میں پچھلے سالوں سے جاری کرپشن کا ریکارڈ جمع کر لیا ہے میں کرپٹ عناصر کے پیٹ پھوڑ کر کرپشن کا پیسہ باہر نکالوں گا۔جو جس نیٹ ورک سے بھی آیا ہے وہ کان کھول کر سن لے ان کی کرپشن کی راہ میں سلطان محمود دیوار بن کر کھڑا ہے۔پیسے میرپور کے لوگ باہر سے بھیجتے ہیں پی آئی اے پر سفر میرپور کے لوگ کرتے ہیں مگر میرپور میں ائیرپورٹ نہیں بن سکتا۔رٹھوعہ ہریام پل مکمل نہیں ہو سکتا، میرے برطانیہ کے دورے کے دوران برطانیہ میں لوگوں نے راٹھوعہ ہریام پل کی عدم تکمیل پر اپنے شدید خدشات کا اظہار کیا اگر اس پل کو فوری مکمل نہ کیا گیا تو ہم اس پر بھی شدید احتجاج کریں گے میرپور کو چند لوگوں کی کرپشن کی نظر نہیں ہونے دوں گا۔ صدر ریاست کی حیثیت سے تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنا،خطہ کی تعمیر وترقی سمیت آزاد کشمیر کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ میری ذمہ داری میں شامل ہے۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے،حریت رہنما یاسین ملک کی عمر قید کی سزا کے خلاف بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کرنے کے لئے میں نے اپنے ذاتی خرچہ پر برطانیہ،آئرلینڈ اور بیلجیم کا حالیہ دورہ کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے برطانیہ، یورپ،آئرلینڈ اور بیلجیم کے کامیاب دورہ کے بعد میرپور آمد پر اہلیان میرپور کی طرف سے قائد اعظم اسٹیڈیم میں منعقدہ استقبالی جلسہ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ سے وزیرفزیکل پلاننگ و ہاو¿سنگ چوہدری یاسر سلطان، ممبر اسمبلی محترمہ صبیحہ صدیق، مشیر چوہدری شعبان،ضلعی صدر پی ٹی آئی چوہدری محمد صدیق، ڈی جی ایم ڈی ایچ اے چوہدری محمد منشاءنقشبندی،سابق چیئرمین ایم ڈی اے ڈاکٹر امین چوہدری، افتخار خادم،جاوید اکرم نے خطاب کیا۔ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے جب جلسہ عام میں لوگوں کو مخاطب کر کے پوچھا کہ کرپشن کے خلاف لڑنے کے لیے تیار ہو تو عوام نے کھڑے ہو کر کہا کہ ہم تیار ہیں۔ قبل ازیں صدر ریاست جب سینکڑوں گاڑیوں کے جلوس کے ہمراہ پنڈال میں پہنچے تو عوام کے جم غفیر نے کھڑے ہوکر ان کا والہانہ استقبال کیااور زبردست نعرہ بازی کی۔
صدر ازاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میرا برطانیہ آئرلینڈ اور بیلجیم کا حالیہ دورہ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے نہایت ہی کامیاب رہا جس پر حکومت آزاد کشمیر کو میرے دورے کو سراہانا چاہیے تھا مگر حکومت نے سراہانے کے بجائے کرپشن کے لائسنس کے دو سال کی مزید تجدید کر دی ہے جو قابل افسوس ہے۔
قبل ازیں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا برطانیہ آئرلینڈ اور بیلجیم کے 12 روزہ کامیاب دورے کے بعد میرپور آمد پر وائی کراس میرپور پر اہلیان میرپور کی طرف سے والہانہ استقبال کیا گیا۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا قافلہ جب وائی کراس میرپور پہنچا تو پی ٹی آئی کشمیر ضلع میرپور،تحصیل میرپور سٹی،میرپور یوتھ ونگ،آئی ایس ایف اور سول سوسائٹی سوسائٹی اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد ہزاروں کی تعداد میں موجود تھے۔ اس موقع پر عوام کی طرف سے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پر گل پاشی کی گئی اس موقع پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔ نیو سٹی میرپور یونین کونسل کھاڑک،بن خرماں،سنگھوٹ، بلا بھڑکیں، تھوتھال،ایف ون، جی ون، ایف ٹو، سٹاف کالونی سمیت دیگر سیکٹرز سے عوام قافلوں کی صورت وائی کراس پہنچے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے قافلے کو سینکڑوں گاڑیوں کے جلوس کے ہمراہ جلسہ گاہ لایا گیا۔جلسہ گاہ آمد پر عوام کی طرف سے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

President AJK Barrister Sultan Mahmood Chaudhry, Urdu News USA, AJK, Prime Minister AJK

Related Articles

Back to top button