پاکستانبین الاقوامی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی عالمی برادری سے متاثرین سیلاب کی مدد کی اپیل

تباہ کن سیلاب کے دوران ملک بھر میں 1100 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جبکہ بڑے پیمانے پر انفرا اسٹرکچر تباہ، تیار فصلیں برباد اور سوا 3 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

اسلام آباد (اردونیوز ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گٹیرس اور پاکستانی حکومت نے ملک میں تباہ کن، ہلاکت خیز سیلاب سے نمٹنے میں مدد کے لیے 16 کروڑ ڈالر کی ہنگامی اپیل کردی۔ تباہ کن سیلاب کے دوران ملک بھر میں 1100 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جبکہ بڑے پیمانے پر انفرا اسٹرکچر تباہ، تیار فصلیں برباد اور سوا 3 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان مصائب و مشکلات میں ڈوبا ہوا ہے، پاکستانی عوام تباہ کن مون سون کا سامنا کر رہے ہیں، مسلسل بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث آنے والی قدرتی آفت کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ اس سے بہت زیادہ شہری زخمی ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے، اسکول تباہ ہوچکے، اسباب زندگی برباد ہوچکے، اہم انفرا اسٹرکچر نیست و نابود ہوگیا، لوگوں کے خواب چکنا چور اور ان کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تباہ کن سیلاب سے ملک کا ہر صوبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ بطور یو این ہائی کمشنر برائے پناہ گرین میں نے پاکستان کے لوگوں کی فراخ دلی دیکھی ہے، انہوں نے اپنے محدود وسائل کے ساتھ لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی مدد کی، ایسے فیاض لوگوں کی مشکلات نے میرا دل توڑ دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی مدد کے لیے پاکستانی حکومت نے نقد رقم دینے کے ساتھ دیگر امدادی کارروائیوں کے لیے فنڈز جاری کیے ہیں لیکن تباہی اتنے بڑے پیمانے پر ہے کہ مطلوبہ ضروریات سیلاب کی طرح بڑھتی ہی جارہی ہیں۔

Related Articles

Back to top button