نیویار ک سے پہلے پاکستانی امریکن ڈیموکریٹک امیدوار برائے ڈسٹرکٹ لیڈر کاشف حسین سے ملیں
الیکشن لڑنے کے لئے میری پٹیشن پر 3500سے زائد افراد نے دستخط کئے ۔الیکشن میں اگر میں سات ہزار کے قریب ووٹ حاصل کرلیتا ہوں تو میری جیت یقینی ہو گی اور میری جیت ہر کمیونٹی کی اور امیگرنٹ کمیونٹیز کی جیت ہو گی ، کاشف حسین
نیویارک (اردو نیوز ) نیویارک میں 13ستمبر کو ہونیوالے ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری الیکشن میں نیویارک سٹیٹ اسمبلی ڈسٹرکٹ 44سے کاشف حسین بھی ڈسٹرکٹ لیڈر کے امیدوار ہیں ۔کاشف حسین اگر یہ الیکشن جیت جاتے ہیں تو وہ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے منتخب ہونے والے پہلے پاکستانی امریکن ڈسٹرکٹ لیڈر ہوں گے ۔اس عہدے کی معیاد دو سال کے لئے ہوتی ہے ۔ اسمبلی ڈسٹرکٹ 44میں ڈسٹرکٹ لیڈر کی سیٹ 44سال کے بعد اوپن ہوئی ہے ۔
کاشف حسین جن کی عمر 48سا ل ہے ، نے میکینکل انجنئیرنگ میں ماسٹر ڈگری حاصل کر رکھی ہے ۔کاشف حسین کم عمری میں اپنے والد عاشق حسین جو کہ پیشے کے اعتبار سے آرکیٹیکٹ تھے ، کے ساتھ امریکہ آئے۔ وہ شادی شدہ ہیں اور ان کے دو بچے ہیں ۔
کاشف حسین گذشتہ ستائیس سالوں سے امریکہ میں مقیم ہیں اور گذشتہ بیس سالوں سے اپنے انتخابی ڈسٹرکٹ 44میں ہی مقیم ہیں ۔گذشتہ 14سالوں سے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں بطور آگژلری رضا کاراپنی خدمات انجام دینے کے علاوہ کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانڈ اور امریکن ریڈ کراس کے ساتھ ڈیزاسٹر پلاننگ ٹیم کے ساتھ بھی والنٹئیر کررہے ہیں ۔وہ امریکن ہارٹی ایسوسی ایشن میں AFD/CPRانسٹرکٹر ہیں اور تین سالوں سے ایمرجنسی میڈیکل سروسز میں ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور دوسالوں سے نیویارک سٹیٹ میں چیپلن سروسز میں بھی کام کررہے ہیں ۔
کاشف حسین متعدد تنظیموں کے بانی بھی ہیں ۔ انہوں نے متعدد تنظیموں کے تنظیمی ڈھانچے بنانے کے علاوہ ان کی تنظیم سازی میںبھی اہم کردار ادا کیا ہے ۔اسی طرح کاشف حسین نے مسلم گیونگ بیک (Muslims Giving Back)میں بھی خدمات انجام دی ہیں ۔ون نیشن تنظیم جو کہ کمیونٹی میں مستحق و لاوارث کمیونٹی ارکان کے لئے فیونرل سروسز کی ادائیگی میں اپنا کردار ادا کررہی ہے، کے قواعد و ضوابط مرتب کرنے میں بھی کاشف حسین نے اپنی خدمات انجام دیں۔ وہ پاکستان امریکن لاءانفورسمنٹ سوسائٹی میں بھی ٹرسٹی رہے ۔
کاشف حسین پاکستانی امریکن یوتھ سوسائٹی کے بانی اور چئیرمین ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ میں نے کمیونٹی میں رہتے ہوئے اپنا ایک سرگرم کردار ادا کیا ہے ۔ مقامی اور قومی سطح پر اہم ایشوز پر کمیونٹی کو ایک جگہ اکٹھے کرنے اور ان کے اجتماعی کردار میں اپنا کردار بھی ادا کیا ہے ۔
کاشف حسین کا کہنا ہے کہ ہماری پاکستانی کمیونٹی میں پہلے کبھی ملٹی ایتھنک کولیشن نہیں بنی ۔ ہم نے پاکستانی امریکن یوتھ سوسائٹی (PAYS)کے پلیٹ فارم پر یہ اپنی نوعیت کی پہلی کولیشن بنائی ہے ۔یہ پہلا گروپ ہے کہ جس میں پاکستانی امریکن کمیونٹی ارکان دیگر کمیونٹیز کے ارکان کے ساتھ ملکر ایک کولیشن کی شکل میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں ۔
کاشف حسین کا کہنا ہے کہ میں کنگز کاونٹی کی دیموکریٹک پارٹی میں اصلاحات اور پروگریسو اقدار لانا چاہتا ہوں ۔پارٹی میں سب کمیونٹیز کے چہرے نظر آنے چاہئیے اور انہیں اپنا سرگرم کردار ادا کرنا چاہئیے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کو چاہئیے کہ سیاسی سرگرمیوں میں اپنے کردار کو بڑھائیں اور اسے یقینی بنائیں جو کہ اس وقت نہ ہونے کے برابر ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری کمیونٹی کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ، اب کمیونٹی کو اہم ایوانوں اور جگہوں پر اپنی اور دوسروں کی بھی نمائندگی خود کرنی چاہئیے۔یہ ان کا حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ میری آواز کی وجہ سے ڈسٹرکٹ 44میں بسنے والی دیگر کمیونٹیز بشمول بنگلہ دیشی ، انڈین ، ازبک، یمنی اور ٹرکشن کی آواز بھی ایوانوں تک پہنچے گی اور ان کی بھی نمائندگی ہو گی ۔
ایک سوال کے جواب میں کاشف حسین نے کہا کہ امیگرنٹ کمیونٹیز کی جانبسے امیگرنٹ پہلے بطور امیدوار سامنے آنے کا رجحان نہیں تھا، اب یہ رجحان پیدا ہو رہا ہے جس سے اہم پیش رفت ہو گی ۔
کاشف حسین نے کہا کہ مجھے مقامی کمیونٹیز کی کافی سپورٹ ہے لیکن الیکشن جیتنے کے لئے پاکستانی ، بنگلہ دیشی سمیت دیگر کمیونٹیز جو کہ ڈسٹرکٹ میں بڑی تعداد میں بستی ہیں ، کو سامنے آنا ہوگا۔ میری ان سب سے اپیل ہے کہ وہ 13ستمبر کو ووٹ ڈالنے کے لئے نکلیں اور وہ حق حاصل کریں کہ جس کے وہ حقدار ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ الیکشن لڑنے کے لئے میری پٹیشن پر 3500سے زائد افراد نے دستخط کئے ۔الیکشن میں اگر میں سات ہزار کے قریب ووٹ حاصل کرلیتا ہوں تو میری جیت یقینی ہو گی اور میری جیت ہر کمیونٹی کی اور امیگرنٹ کمیونٹیز کی جیت ہو گی ۔