بین الاقوامی

ڈائریکٹر ’پیمرا‘ میاں آصف کا دورہ نیویارک ، فورتھ پلر کا استقبالیہ

فاروق مرزا ، شیخ توقیر الحق کے زیر اہتمام استقبالیہ میں پاکستانی امریکن الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کے ارکان کے علاوہ کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ارکان کی شرکت

 پاکستان میں ڈش نیٹ ورک کی طرح ڈی ٹی ایچ ٹیکنالوجی کا لائسنس پانچ ارب روپے میں فروخت کیا گیا ہے جس کے تحت سیٹلائٹ اور انٹر نیٹھ کے ذریعے لوگ گھروں میں ٹی وی چینلز دیکھ سکیں گے
حکومت کی جانب سے 69نئے ٹی وی چینلز کو لائسنس جاری کئے گئے ہیں ۔ پاکستانی میڈیا سے جو صحافی بے روزگار ہوئے ہیں ، نئے چینلز کے آنے سے ان کےلئے روزگار کے مواقع پید اہوں گے،میاں آصف

نیویارک (اردو نیوز ) پاکستانی الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے ڈائریکٹرانفورسمنٹ میاں آصف اقبال کے دورہ نیویارک کے موقع پر فورتھ پلر کے فاروق مرزا ، شیخ توقیر الحق اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے ان کے اعزا ز میں یہاں استقبالیہ دیا گیا جس میں پاکستانی امریکن الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کے ارکان کے علاوہ کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ارکان نے شرکت کی ۔ میزبانان کی جانب سے میاں آصف کو خوش آمدید کہا گیا اور انہیں امریکہ میں پاکستانی میڈیا اور پاکستانی کمیونٹی کے معاملات کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔
استقبالیہ سے خطاب کے دوران میاں آصف اقبال نے پاکستانی الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) کے کردار اور اپنے فرائض منصبی کے بارے میں بات کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا کی آزادی کو یقینی بنانے کے ساتھ اس امر کو یقینی بنانے کےلئے قواعد و ضوابط کی پابندی کو بھی یقینی بنایا جائے، اس سلسلے میں پیمرا اپنا کردار ادا کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے تمام چینلز پاکستان میں بند ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بھی ملک و قوم کے مفادات سمیت پروپیگنڈہ کے توڑ کے لئے ہر ممکن اقدام کئے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کیبل آپرٹرز، ڈسٹری بیوٹرز اور پوری میڈیا انڈسٹری نے پاک بھارت کشیدگی میں انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔آزادی اظہار رائے کے نام پر قومی سلامتی پر حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔اسلام اور پاکستان کے خلاف مواد کی نشرواشاعت پر کڑی نگرانی ہے۔پاکستان میں میڈیا مغرب سے زیادہ آزاد ہے۔
میاں آصف اقبال نے کہا کہ پاکستان میں ڈش نیٹ ورک کی طرح ڈی ٹی ایچ ٹیکنالوجی کا لائسنس پانچ ارب روپے میں فروخت کیا گیا ہے جس کے تحت سیٹلائٹ اور انٹر نیٹھ کے ذریعے لوگ گھروں میں ٹی وی چینلز دیکھ سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 69نئے ٹی وی چینلز کو لائسنس جاری کئے گئے ہیں ۔ پاکستانی میڈیا سے گذشتہ مہینوں سے جو صحافی بے روزگار ہوئے ہیں ، نئے چینلز کے آنے سے ان کےلئے روزگار کے مواقع پید اہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کےلئے بھی پاکستان میں لینڈنگ رائٹس کے ذریعے اپنے بیرون ممالک میں قائم چینلز کی پاکستان میں نشریات شروع کرنے کے مواقع پیدا کئے گئے ہیں جن سے اوورسیز کمیونٹی کو فائدہ اٹھانا چاہئیے ۔
فورتھ پلر کی طرف سے صحافیوں اور کمیونٹی ایکٹوسٹوں میں ایوارڈز بھی تقسیم کیئے گئے۔ فورتھ پلر کے صدر فاروق مرزا اور چیف کوآرڈینیٹر شیخ توقیر الحق نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے کئی پاکستانی میڈیا پروگراموں کی مدَر پدر آزادی اور پیمرا کی خاموشی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جس کے جوابات میاں آصف علی نے دیئے۔ پاکستانی امریکن پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے علاوہ سوشل میڈیا ایکٹوسٹ بھی شریک گفتگو رہے۔

Related Articles

Back to top button