اوورسیز پاکستانیز

تحریک انصاف یو ایس اے کانیویارک میں سنٹرل آفس قائم ، اعزاز آصف نے افتتاح کیا

نیویارک (اردو نیوز ) پاکستان تحریک انصاف یوایس اے کی جانب سے نیویارک میں پارٹی کا باقاعدہ طور پر مرکزی آفس قائم کر دیا گیا ہے ۔اسی دفتر میں الیکشن سیل بھی قائم کیا گیا ہے جس میں پارٹی عہدیداران ، کارکنان اور سپورٹرز انتخابی نتائج کو مانیٹر کرنے کے ساتھ پاکستان میں پولنگ کے دوران تمام وقت اپنے عزیز و اقارب اور دوست احباب کو فون کالز کرکے تحریک انصاف کو ووٹ دینے کے لئے کہیں گے ۔ پارٹی آفس کا افتتاح امریکہ کے دورے پر آئے تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اعزازآصف نے کیا ۔ انہوں نے پارٹی عہدیداروں کو دفتر کے قیام پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی تحریک انصاف ہی نہیں بلکہ ملک و قوم کی طاقت ہیں ۔ اس طاقت کو اب انشاءاللہ عمران خان کی قیادت میں حکومت پاکستان ملک و قوم کی تقدیر کو بدلنے کے لئے استعمال کریں گے ۔
پارٹی آفس کے قیام پر تحریک انصاف امریکہ کے چیف آرگنائزر ملک امتیاز علی نے بھی تمام ساتھیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ انشاءاللہ حکومت بننے کے بعد اب پارٹی کو منظم انداز میں کمیونٹی کی خدمت کرنا ہوگا۔ پارٹی آفس کی افتتاحی تقریب میں تحریک انصاف نیویارک سٹیٹ کے آرگنائزر پرویز ریاض امراء، عمران اگرہ ، محمد مالک، ضمیر احمد چوہدری ، عدیل گوندل ، مرزا خاور بیگ،ظفر چیمہ ، وسیم سید، عامر آفریدی ،احسن نقوی سمیت دیگر ارکان بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمرا ن خان اور پاکستان زندہ آباد کے نعرے لگائے جاتے رہے ۔
پاکستان تحریک انصاف یو ایس اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پارٹی آفس تحریک انصاف کے ہر ساتھی اور ہر کارکن کا آفس ہے ۔پارٹی کے تمام ساتھیوں سے اپیل ہے کہ وہ اس آفس کو ایک ایسا پلیٹ فارم سجھیں کہ جس پر ہم سب اکٹھے ہو کر عمران خان کے نئے پاکستان کے مشن کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا اپنا کردار ادا کریں ۔

Related Articles

Back to top button