اوورسیز پاکستانیز

انتخاب سے قبل دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ، مستونگ میں سراج رئیسانی سمیت85افراد شہید،عمران خان کے مدمقابل اکرم درانی کے قافلے پر بھی حملہ

مستونگ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت 85 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں زخمی ہونے والوں کی تعداد 100 بتائی جا رہی ہے

خیبر پختونخواہ میں جمعیت علماءاسلام کے عمران خان کے مد مقابل قومی اسمبلی کے امیدوار و سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اکرم درانی کے قافلے کے قریب دھماکہ ہوا جس میں چارافراد شہید ہو ئے ہیں

کوئٹہ، بنوں(اردو نیوز ) یکہ توت، پشاور میں خود کش حملے کے بعد جمعہ کو پاکستان میں بلوچستان کے علاقے مستونگ اور خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے ہیں جن میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں اور بڑی تعداد میں شہری زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ مستونگ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت 85 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں زخمی ہونے والوں کی تعداد 100 بتائی جا رہی ہے ۔اس دوران خیبر پختونخواہ میں جمعیت علماءاسلام کے عمران خان کے مد مقابل قومی اسمبلی کے امیدوار و سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اکرم درانی کے قافلے کے قریب دھماکہ ہوا جس میں چارافراد شہید ہو ئے ہیں ۔
پے در پے ہونیوالے ان واقعات کی وجہ سے اگر یہ کہا جائے کہ الیکشن سے بارہ دن قبل پاکستان کے مختلف علاقوں میں انتخابی مہم خون میں نہا گئی تو بے جا نہ ہوگا۔واضح رہے کہ دو روز قبل پشاور میں یکہ توت کے علاقے میں ہونیوالے خود کش حملے میں عوامی نیشنل پارٹی کے ہارون بلور سمیت بیس سے زائد افراد شہید ہو گئے تھے ۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کوئٹہ کے مطابق مستونگ میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا ،دھماکے میں 16 سے 20کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔اس حملے میں شہید ہونیوالے سراج رئیسانی کے بھائی لشکری رئیسانی نے اپنے بھائی کی شہادت کی تصدیق کی۔
خودکش بم دھماکے میں جاں بحق ہونیوالے نوابزادہ سراج رئیسانی بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 35 میں اپنے بھائی سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نوابزادہ اسلم رئیسانی کے مقابلے میں ہی امیدوار تھے۔
دریں اثناءمتحدہ مجلس عمل کے این اے 35 بنوں کے امیدوار اکرم خان درانی نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور کہا کہ موت کا ایک دن مقرر ہے لیکن سیاست اور جلسے جلوس نہیں چھوڑ سکتے۔اسپتال میں بنوں بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایم ایم اے امیدوار نے کہا کہ آج مجھ پر پانچواں حملہ ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میری گاڑی کے ٹائر،شیشے اور باڈی دھماکے میں مکمل تباہ ہوگئی ہے ،وہ محفوظ رہے لیکن ان کے 4 ساتھی شہید ہوگئے ہیں۔اکرم خان درانی بنوں کی قومی اسمبلی کی سیٹ پر امیدوار ہیں ان کا مقابلہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں، پشاور میں خود کش حملہ ، ہارون بلور سمیت 20سے زائد افراد شہید

Related Articles

Back to top button