اوورسیز پاکستانیز

سفارتخانوں میں ٹریڈ آفیسرز کی آسامیوں پراوورسیز پاکستانیوں کیلئے 20 فیصد کوٹہ مختص کرنے کی منظوری

یہ فیصلہ وزیراعظم آفس میں بیرون ملک ٹریڈ آفیسرز کی تعیناتی میں اصلاحات کے حوالہ سے اجلاس کے دوران کیا گیا

وزیراعظم نے وزارت تجارت کوبیرون ملک تعینات ہونے والے ٹریڈ آفیسرز کی تعیناتی کے پورے نظام کی تشکیل نو کی ہدایت کی تھی

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں ٹریڈ آفیسرز کی آسامیوں پر سمندر پار پاکستانیوں کیلئے 20 فیصد کوٹہ مختص کرنے کی منظوری دےدی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم آفس میں بیرون ملک ٹریڈ آفیسرز کی تعیناتی میں اصلاحات کے حوالہ سے اجلاس کے دوران کیا گیا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم نے وزارت تجارت کو ملک کے تجارتی مفادات کے فروغ کیلئے بیرون ملک تعینات ہونے والے ٹریڈ آفیسرز کی تعیناتی کے پورے نظام کی تشکیل نو کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعظم کی طرف سے منظور کردہ نئی پالیسی ٹریڈ آفیسرز کے شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر انتخاب، مارکیٹ کو متنوع بنانے، پاکستانی برادری کی شمولیت، اخراجات کو معقول سطح پر لانے، وسیع البنیاد مانیٹرنگ اور کارکردگی جائزہ اور اس ضمن میں خودکار عوامل کار پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔ ٹریڈ آفیسرز کو موثر انداز میں بروئے کار لانے اور زیادہ سے زیادہ رسائی کو یقینی بنانے کیلئے نئی پالیسی میں ملک کے تجارتی مفادات کے موثر فروغ بالخصوص ابھرتی ہوئی منڈیوں اور دنیا بھر کے مختلف خطوں اور تجارتی گروپوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ٹریڈ آفیسرز کی کارکردگی کی وسیع البنیاد اور حقیقی معنی میں نگرانی کو یقینی بنانے کیلئے جائزہ کے پورے نظام کی تشکیل نو کی گئی ہے۔ سیکرٹری تجارت محمد یونس ڈھاگہ نے بھی وزیراعظم کو نیشنل ٹریڈ ڈیٹا اینالیٹکس سسٹم کے بارے میں آگاہ کیا جو وزارت کی طرف سے وضع کیا جا رہا ہے۔ تجارتی اعداد و شمار، برآمدات و درآمدات ڈائریکٹری، مصنوعات کے ڈیٹابیس اور تجارتی صورتحال کے جامع اعداد و شمار کے ساتھ یہ نظام ملک کے تجارتی مفادات کے فروغ اور بہتر تجزیہ میں معاون ہو گا۔

Prime Minister Imran Khan approves 20pc quota in trade officers posts for Pakistani expatriates

Related Articles

Back to top button