اوورسیز پاکستانیز

ڈاکٹر ملیحہ لودھی اقوام متحدہ میں برقرار، امریکہ سمیت اہم ممالک میں سفیرتبدیل

واشنگٹن میں علی جہانگیر صدیقی کی جگہ جاپان میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان لیں گے جبکہ قونصل جنرل نیویارک راجہ علی اعجاز ، ایڈمرل (ر) حشام بن صدیق کی جگہ سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر ہوں گے

واشنگٹن ڈی سی میں سفیر علی جہانگیر صدیقی کی جگہ ڈاکٹر اسد مجید خان کو ذمہ داریاں سنبھالنے میں ڈیڑھ سے دو ماہ کا وقت لگ سکتا ہے ۔اس دوران ان کی تقرری کے ضروری تقاضے پورے کئے جائیں گے

کینیڈا میں رضا بشیر تارڑ،دوحہ (قطر)میں سید احسن رضا شاہ، مراکو میں حامد اصغر خان، سربیا میں شہریار اکبر خان اور ہوانا میں صاحبزادہ احمد خان کو سفیر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، شاہ محمود قریشی

نیویارک (اردو نیوز ) ڈاکٹر ملیحہ لودھی اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب کی حیثیت سے بدستور اپنے فرائض منصبی ادا کرتی رہیں گی تاہم واشنگٹن ڈی سی میں تعینات علی جہانگیر صدیقی کی جگہ جاپان میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان لیں گے جبکہ نیویارک میں تعینات قونصل جنرل راجہ علی اعجاز ، ایڈمرل (ر) حشام بن صدیق کی جگہ سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر ہوں گے ۔راجہ علی اعجاز جو کہ ریفرشر کورس کے لئے پاکستان ہیں، نیویارک واپس آئیں گے ، یہاں مختصر عرصے کے لئے قیام کریں گے اور پھر یا تو نیویارک سے واپس اسلام آباد یا نیویارک سے سیدھا ریاض (سعودی عرب ) جا کر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔خارجہ امور کی سطح پر ان تبدیلیوں کا اعلان وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں کیا ۔
حکومت کی جانب سے امریکہ ہی نہیں برطانیہ، سعودی عرب، کینیڈا اور قطر سمیت متعدد ممالک میں نئے سفیروں، ہائی کمشنروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔قابل امر ذکر یہ ہے کہ حکومت کی جانب سے دنیا کے اہم ممالک میں کی جانیوالی حالیہ تمام تعیناتیاں ،کیرئیر سفارتکاروں کی گئی ہیں اور سابق دور میں سیاسی بنیادوں پر متعین کردہ سفارتکاروں کو تبدیل کیا گیا ہے ۔ پاکستان کے انگریزی اخبار دی نیوز کی سینئر صحافی ماریانہ بابر کی رپورٹ ک مطابق ڈاکٹر ملیحہ لودھی کی اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر میں خدمات کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق کینیڈا میں رضا بشیر تارڑ،دوحہ (قطر)میں سید احسن رضا شاہ، مراکو میں حامد اصغر خان، سربیا میں شہریار اکبر خان اور ہوانا میں صاحبزادہ احمد خان کو سفیر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ دبئی میں احمد امجد علی کو قونصل جنرل تعینات کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے سفراءاور ہائی کمشنر کی تعیناتی کے عمل میں کچھ وقت لگے گا۔ تمام تعیناتیاں کیرئیر سفارتکاروں کی گئی ہیں۔

Raja Ali Ejaz, Ali Jehangir Siddiqui, Dr Asad Majeed Khan
(دائیں)سعودی عرب کے لئے نامزد سفیر راجہ علی اعجاز، (درمیان) سبکدوش ہونیوالی سفیر علی جہانگیر صدیقی ،(بائیں) امریکہ کے نامزد سفیر ڈاکٹر اسد جاوید خان

راجہ علی اعجاز کی سعودی عرب میں تعیناتی کی وجہ سے نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل کا عہدہ ان کے چارج چھوڑنے کے بعد خالی ہو جائیگا ۔ ان کی عدم موجودگی میں وائس قونصل جنرل نعیم اقبال چیمہ بطور قائمقام قونصل جنرل کام کررہے ہیں ۔ وزارت خارجہ کی جانب سے مستقبل میں اس عہدے پر نئے قونصل جنرل کی تعیناتی بھی کی جائے گی ۔
بتایا گیا ہے کہ واشنگٹن ڈی سی میں سفیر علی جہانگیر صدیقی کی جگہ ڈاکٹر اسد مجید خان کو ذمہ داریاں سنبھالنے میں ڈیڑھ سے دو ماہ کا وقت لگ سکتا ہے ۔اس دوران ان کی تقرری کے ضروری تقاضے پورے کئے جائیں گے ۔

Related Articles

Back to top button