پاکستان

امید ہے کہ دنیا افغانستان کو تنہا چھوڑنے کی غلطی نہیں دہرائے گی،شاہ محمود قریشی کی امریکی سیکرٹری خارجہ سے اہم ملاقات

شاہ محمود قریشی نے جاپانی وزیر خارجہ کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے شواہد پر مشتمل ایک "ڈوزیر" پیش کیا

نیویارک (محسن ظہیر سے ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائینز پر اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے امریکہ اور جاپان کے وزراءخارجہ سے دیگر اہم شخصیات سے اہم ملاقاتیں کی ہیں ۔شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری بلنکن اگرچہ جنوری سے مکمل رابطے میں تھے تاہم نیویارک میں ہونیوالی ملاقات ان کی پہلی بالمشافہ ملاقات ہے ۔
امریکی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ دنیا افغانستان کو تنہا چھوڑنے کی غلطی نہیں دہرائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں صرف ایک مستحکم اور وسیع البنیاد حکومت ہی اس بات کو یقینی بنا سکتی ہے کہ افغان سرزمین کا دوبارہ بین الاقوامی دہشت گرد گروہوں کے ہاتھوں استحصال نہ ہو۔شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں۔افغانستان میں ہمیں ایک نئی سیاسی حقیقت کا سامنا ہے۔ طالبان کو اپنے وعدوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔طالبان کی جانب سے جنگ بندی، عام معافی کا اعلان، خواتین کے حقوق کا تحفظ جیسے بیانات حوصلہ افزا ہیں ۔
امریکی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں ایک جامع سیاسی تصفیے کے لیے، پاکستان کی جانب سے کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ افغانستان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے افغان عوام کی مدد کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔
امریکی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی ربط، ہمیشہ دونوں ممالک کیلئے اور جنوب ایشیائی خطے کیلئے منفعت کا باعث رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ ،تجارت ، سرمایہ کاری ، توانائی اور علاقائی روابط کی بنیاد پر استوار متوازن تعلقات کا خواہاں ہے۔
شاہ محمود قریشی نے امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں۔
سیکرٹری بلنکن نے افغانستان سے امریکی شہریوں اور خطرات سے دوچار افغانیوں کے محفوظ انخلا میں معاونت کی فراہمی اور خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
قبل ازیں شاہ محمود قریشی نے فن لینڈ اور جاپان کے کے ہم منصبوں سے بھی اہم ملاقاتیں کیں جن میں دو طرفہ امور کے علاوہ اہم عالمی امور پر بات چیت کی گئی ۔
، کیساتھ ملاقات
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان سفارتی روابط کی سات دہائیاں مکمل ہونے پر وزیر خارجہ ہاویسٹو کو مبارکباد دی۔ انہوںنے کہا کہ اسلام آباد میں فن لینڈ کا سفارت خانہ دوبارہ کھلنے سے ہمارے تجارتی تعلقات وسعت پذیر ہوں گے اور عوامی سطح پر روابط میں اضافہ ہوگا۔وزیر خارجہ نے، فن لینڈ کے وزیر خارجہ ہیکا ہیوستو کو دورہ ءپاکستان کی دعوت دی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کے موقع پر جاپان کے وزیر خارجہ مسٹر توشی مِٹسو موتیجی سے ملاقات کی۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دوطرفہ تعلقات ، افغانستان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس ملاقات میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے شواہد پر مشتمل ایک “ڈوزیر” جاپانی ہم منصب کو پیش کیا۔

 

 

Related Articles

Back to top button