پاکستان

نواز شریف ہسپتال سے اور مریم جیل سے جاتی امراءپہنچ گئے

سابق وزیراعظم کو سروسز اسپتال سے ڈسچارج کردیا جبکہ دوسری طرف چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت منظور ہونے کے تیسرے روز مریم نواز کو رہا کر دیا گیا

لاہور (اردو نیوز ) سابق وزیراعظم نوازشریف کو سروسز اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا جہاں سے وہ اپنی رہائش گاہ جاتی امرا منتقل ہوگئے جبکہ دوسری طرف چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت منظور ہونے کے تیسرے روز مریم نواز کو رہا کر دیا گیا۔
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف مسلسل ناساز طبیعت کے باعث 16 روز سے سروسز اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کی دیکھ بھال کے لیے حکومت نے ڈاکٹر محمود ایاز کی سربراہی میں خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی رہائی کے بعد نوازشریف کو سروسز اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا جس کے بعد وہ اپنی صاحبزادی کے ہمراہ اسپتال سے روانہ ہوئے، اس موقع پر نوازشریف کی والدہ اور دیگر اہل خانہ بھی ساتھ تھے۔
میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے میڈیا کو بتایا کہ میڈیکل بورڈ ختم ہوگیا شریف، سٹی کے ڈاکٹر اب نوازشریف کو دیکھیں گے، شریف سٹی میڈیکل اسپتال سے آئے ڈاکٹروں کو مکمل طورپر بریف کردیا ہے، نوازشریف کے زیر استعمال 12 کے قریب ادویات جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
دریں اثناءگزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں کیپٹن (ر) صفدر اور عطااللہ تارڑ نے مریم نواز کا پاسپورٹ سمیت ضمانتی مچلکے اور ساتھ ہی 7 کروڑ روپے کی رقم بھی جمع کروائی تھی جس کی تصدیق لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے کی۔احتساب عدالت نے باقاعدہ لاہور ہائیکورٹ سے مریم نواز کی طرف سے زرضمانت 7 کروڑ روپے اور پاسپورٹ جمع کرانے کی تصدیق کی جس کے بعد ان کی رہائی کےلیے روبکار جاری کیا گیا۔احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج امجد نذیر چوہدری نے نیب عدالت میں ایک ایک کروڑ روپے کے دو مچلکے جمع کروانے کے عوض مریم نواز کی رہائی کا روبکار جاری کیا۔نیب عدالت میں مریم نواز کے ضمانتی مچلکے فیصل ایوب کی طرف سے جمع کرائے گئے جو رکن پنجاب اسمبلی سیف الملکوک کھوکھر کے صاحبزادے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز عدالتی اوقات کار ختم ہونے پر مچلکے جمع نہیں کرائے جاسکے تھے۔جیل حکام نے اسپتال جاکر مریم نواز کے دستخط لیے۔احتساب عدالت کی جانب سے روبکار جاری کیے جانے کے بعد جیل حکام نے سروسز اسپتال جاکر مریم نواز سے ان کی رہائی کے آرڈر پر دستخط کرائے جس کے بعد انہیں چوہدری شوگر ملز کیس میں عبوری ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

Nawaz Sharif, Maryam Nawaz

Related Articles

Back to top button