اوورسیز پاکستانیز

پیپلزپارٹی امریکہ کے سینئر قائدین کے زیر اہتمام محترمہ بے نظیر بھٹو شہیدکی66ویں سالگرہ

پیپلزپارٹی امریکہ کے سینئر قائدین اور ورکرز کی جانب سے آصف زرداری اورفریال تالپور کی گرفتاری کی مذمت، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اظہار اعتماد

چوہدری اعجاز فرخ،سرور چوہدری اور مدثر چوہدری کے زیر اہتمام تقریب میں ملک مشتاق،سلیم احمد ملک،بشیر قمر، خرم شہزاد،بیگم عفت فرخ ،سیمی اسد،برکت علی باجوہ، باسط اسد، عالیہ صدیقی، قیصر بھٹہ، رانا رمضان ، شاہد مہر، سلیم ملک، چوہدری شفیع سمیت دیگر کی شرکت، محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا

نیو یارک(خصوصی رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر قائدین اور ارکان نے حسب روایت اس سال بھی اپنی قائد ، شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ یہاں پارٹی رہنما چوہدری اعجاز فرخ کی رہائشگاہ پر نہایت عقیدت و احترام سے منائی ۔سالگرہ کی اس تقریب میں سابق صدر مملکت و پارٹی کے کو چئیرمین آصف علی زرداری اور محترمہ فریال تالپور کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ ایک ریاستی انتقامی کاروائی ہے جس کا مقصد محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل کو روکنا ہے اور پارٹی کارکنان محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ اس عزم کے ساتھ منا رہے ہیں کہ وہ ایسا ہونے نہیں دیں گے ۔ہم چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سلیکٹڈ وزیر اعظم کی جمہوریت دشمن پالیسیوں اور ریاستی انتقامی کاروائیوںکے خلاف ہر فورم پر اپنی آواز بلند کریں گے ۔
سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب میں چوہدری اعجاز فرخ،سرور چوہدری اور مدثر چوہدری نے مرکزی کردار ادا کیا جبکہ تقریب میں پارٹی کے سینئر مقامی قائدین و ارکان اور کمیونٹی کی اہم شخصیات ملک مشتاق، مضان رانا ، سلیم احمد ملک، خرم شہزاد،بیگم عفت فرخ ،چوہدری شیراز فرخ،برکت علی باجوہ ، چوہدری شفیع،سیمی اسد، باسط اسد، عالیہ صدیقی، سینئر صحافی بشیر قمر، مجیب لودھی،زاہد شہاز، ارشد چوہدری سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ملک مشتاق اعوان نے حسب معمول نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ مقررین نے محترمہ بے نظیر بھٹو کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر چوہدری اعجاز فرخ کے گھر کے سامنے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی بڑی تصویر رکھی گئی جس کے سامنے شمعیں روشن کرکے ان کی یاد منائی گئی اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔
اعجاز فرخ نے کہا کہ ہم نے اپنی ساری زندگی پارٹی کے لئے وقف کر دی۔ 47 سال سے زائد عرصہ سے وابستگی ہے تو امریکہ میں جدوجہد کرتے ہوئے 30 سے زائدسال ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ساتھ ہماری وابستگی اور کمنٹمنٹ ہمیشتہ رہے گی۔ ہم آج بھی ذوالفقار بھٹو اور محترمہ بے نظر بھٹو کے فلسفہ اور نظرئیے پر قائم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ میں ہر فورم پر آصف زرداری اور فریال تالپور کی گرفتاری کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں گے ۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سرورچوہدری نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ یہ اعزاز حاصل رہے گا کہ ہم محترمہ شہید کے معتمد ساتھیوں میں رہے ۔ انہوں نے ہمیشہ اعتماد کیا اور شفقت کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے جو کہ وفاق کی علامت ہے ۔بھٹو خاندان نے یکے بعد دیگر قربانیوں دے کر ہمیشہ ہر موقع پر ملک و قوم کو بچایا ۔ پاکستان کی بقاءموقع پرستی میں نہیں بلکہ وطن پرستی میں ہے اور پیپلز پارٹی ایک وطن پرست اور عوام پرست جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے بعد آصف علی زرداری نے اور اب بلاول بھٹو زرداری ان کے مشن کو آگے بڑھائیں گے ۔پارٹی کارکنان ہمیشہ کی طرح پارٹی قیادت اور پارٹی نظرئیہ کے ساتھ رہیں گے ۔
مدثر چوہدری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کو شہید کرنے والے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے تھے، ان کو ہم سب کو ملکر ناکام بنانا ہے۔ یہی بے نظیر بھٹو کو سب سے بڑا خراج عقیدت ہوگا۔بے نظیر پاکستان کی سیاست کا آفتاب تھیں۔ اس کا سورج کبھی غروب نہیں ہوگا۔ وہ اپنے پیچھے شفیق اور روشنی چھوڑ گئی ہیں۔ ہم جب بھی روشنی دیکھتے ہیں تو بے نظیر کی موجودگی کا احساس ہوتا ہے۔ اس احساس کے ساتھ وہ روشنی ہمیں راستہ اور منزل کو دکھاتی ہیں۔ بے نظیر بھٹو کی وجہ سے مسلم دنیا ہی نہیں بلکہ مغرب اور دنیا میں بھی پاکستان اور اسلام کا نام روشن کیا۔ پاکستان کو مضبوط قیادت چاہئیے۔ پاکستان کے دشمن ملک میں کمزور قیادت چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لئے وہ ہر حربہ استعمال کرتے ہیں، کمزور قیادت اس کئے پیدا کی جاتی ہے تاکہ وہ ان کو استعمال کریں اور ملک کو اپاہج بنانے کی کوشش کریں۔ آج آصف زرداری کو وقت نے ثابت کردیا ہے کہ مضبوط سیاسی قیادت کے حامل تھے۔ ان کی قیادت میں ملک کو ایک بار پھر مضبوط بنانا ہے
مقررین نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو اپنے سیاسی کارکنوں کو ہی نہیں بلکہ پاکستان کے تمام سیاسی کارکنوں کو ملک و قوم کا اثاثہ سمجھتی تھیں ۔ انہوں نے مادر جمہوریت کا کردار ادا کرکے سیاسی کارکنوں کو اپنے بھائیوں اور بیٹوں کی طرح رہنمائی فراہم کی ۔انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے لئے جس قدر قربانیاں بھٹو خاندان نے دیں کسی اور نے نہیں دی۔ آج کے حالات میں بھٹو ازم اور نظرئیے کے فروغ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم بے نظیر بھٹو کی 66ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا مشن آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں مکمل کریں گے ۔ آخر میں بینظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

Related Articles

Back to top button