بین الاقوامی

امتیاز احمد کا میر پور کی معروف سماجی شخصیت مرزا افتخارکے اعزاز میں استقبالیہ

مرزا افتخار کی سماجی بالخصوص غریب و دکھی انسانیت کے لئے ہسپتال کے حوالے سے خدمات قابل قدر ہیں ۔ اوورسیز کمیونٹی ان خدمات کو نہایت ہی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، امتیاز احمد

ہمارے ہسپتال میں الحمد للہ غریبوں کا مفت علاج ہوتا ہے ، بے شک جتنا بھی خرچ ہو ، سفید پوش لوگوں کے لئے بھی ہمارا ہسپتال ، کم خرچ پر علاج کا ایک ذریعہ بنتا ہے ، مرزا افتخار کا خطاب

نیویارک (اردونیوز، تصاویر، آزاد )پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کی معروف سماجی شخصیت امتیاز احمد کی جانب سے امریکہ کے دورے پر آئیں ، میر پور کی معروف سماجی شخصیت اور میرپور میں غریب و مستحق مریضوں کے لئے قائم کردہ ہسپتال اور مغل فاونڈیشن کے بانی مرزا افتخار کے اعزاز میں یہاں گورمے ریسٹورنٹ میں استقبالیہ دیا گیا ۔تقریب کا آغاز رب العزت کے پاک و برکت کلام سے کیا گیا ۔بعد ازاں نبی کریم ﷺ کی بار گاہ اقدس میں ہدئیہ عقیدت بھی پیش کیا گیا ۔

امتیاز احمد کے مرزا افتخار کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ میںکیپٹن عدیل رانا، زاہد قریشی ، ابراہیم کھوکھر(نیوجرسی) ، چوہدری ظہور اختر ، ظفر اقبال ، لیاقت علی ، راجہ رزاق، امام احمد علی ، بلال وڑائچ،الیاس میتلااور مظہر سلیم سمیت پاکستانی اور کشمیری امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ امتیاز احمد نے مرزا افتخار کو استقبالیہ میں خوش آمدید کہتے ہوئے مہمانوں سے ان کا اور میر پور میں موجود ان کے ہسپتال کا تعارف کروایا ۔ امتیاز احمد نے کہا کہ مرزا افتخار کی سماجی بالخصوص غریب و دکھی انسانیت کے لئے ہسپتال کے حوالے سے خدمات قابل قدر ہیں ۔ اوورسیز کمیونٹی ان خدمات کو نہایت ہی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔
افتخار مرزا نے امتیاز احمد اور شرکاءکا عزت افزائی اور پذیرائی پر شکرئیہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہسپتال کی انتظامیہ و دیگر معاملات کی دیکھ بھال کے لئے برطانیہ سے پاکستان منتقل ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ہسپتال میں الحمد للہ غریبوں کا مفت علاج ہوتا ہے ، بے شک اس پر ایک لاکھ ، دو لاکھ ، پانچ لاکھ حتیٰ کہ دس لاکھ بھی خرچ ہو ۔انہوں نے مزید کہا کہ پرائیویٹ ہسپتال کی نسبت ہمارے ہسپتال کے ریٹ پچاس فیصد کم ہیں ۔ بعض اوقات سفید پوش لوگوں کے لئے پرائیویٹ ہسپتالوں سے علاج کروانا ممکن نہیں ہوتا اور وہ مستحق مریضوں کی کیٹیگیری میں بھی نہیں آتے ، ایسے مریضوں کے لئے بھی ہمارا ہسپتال ، کم خرچ پر علاج کا ایک ذریعہ بنتا ہے ۔
استقبالیہ سے خطاب کے دوران شرکاءکی جانب سے مرزا افتخار کو امریکہ میں خوش آمدید کہا گیا اور ان کی خدمات کا خراج تحسین پیش کیا گیا ۔

Imtiaz Ahmad, Mirza Iftikhar, Mirpur

Related Articles

Back to top button