ٹیکساس سکول شوٹنگ میں ہلاک ہونیوالی سبیکا شیخ کا جسد خاکی پاکستان بھجوایا جائیگا
ٹیکساس (اردو نیوز ) امریکی ریاست ٹیکساس کے سانٹا فے سکول میں جمعہ کو ہونیوالی شوٹنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونیوالی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کا جسد خاکی پاکستان روانہ کیا جائیگا۔ اس سلسلے میں حکام کی جانب سے ضروری انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔سبیکا شیخ سکالر شپ پروگرام کے تحت امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے موجود تھی ۔
سبیکا شیخ کے انتقال پرپاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ تمام معاملات کی نگرانی کررہاہے۔پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی کے مطابق سبیکا کی میت پیر تک پاکستان بھجوانے کی کوشش کی جائے گی۔
سبیکا تین بہنوں میں سے بڑی بہن تھی ۔ اس کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی کراچی میں واقع ان کے گھر میں صف ماتم بچھ گئی ۔ اہل خانہ جو کہ اپنی بیٹی کے امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے حصول پر خوش تھے ، ان پر بیٹی کی جواں سال کی خبر نے قیامت ڈھا دی ۔سبیکاکے چھوٹے بھائی کا کہنا ہے کہ سبیکا کے پاکستان آنےکی بھرپورتیاری کر رکھی تھی۔ان کی ہرچیز یادگار ہے۔
سبیکا شیخ ٹیکساس کے سانٹا فے سکول میں پیش آنیوالے واقعہ میں ہلاک ہوئی ۔اس شوٹنگ میں کل دس افراد جن میں سے بیشتر سکول سٹوڈنٹس تھے ، ہلاک ہوئے ۔ اس یہ اس سال امریکہ میں پیش آنے والا شوٹنگ کا 22واں اور سکول شوٹنگ کا نواں واقعہ ہے ۔
شوٹنگ واقعہ میں ملوث ملزم گرفتار طالب علم کی شناخت دمتری پیگروتس کے نام سے ہوئی ہے جو سانتافے اسکول کا طالب علم ہے اور فائرنگ کے بعد خودکشی کرنے کا خواہشمند تھا مگر ہمت نہ کر پایا۔
حکام کے مطابق خون کی اس ہولی میں ملوث اس سفاک درندے کے زیر استعمال ایک ڈائری سے معلوم ہوا ہے کہ وہ خودکشی کرنا چاہتا تھا مگر اس کی ہمت نہ کر پایا۔گورنرٹیکساس نے بتایا کہ ملزم نے فائرنگ کے لئے اپنے باپ کی بندوق استعمال کی، اس نے خودکو پولیس کے حوالے کردیاتھا، طالبعلم جرم کرنے اورخودکشی کی خواہش کااظہارکرچکاتھا۔امریکی اخبار کے مطابق ریوالور بھی دمتری کے والد کا ہے جبکہ ملزم کا باپ نیشنل رائفل ایسوسی ایشن کاسرگرم رکن بھی ہے۔ دمتری بہن بھائیوں میں سب سے بڑا ہے۔