بین الاقوامی

اردو نیوز یو ایس اے کا عارف نظامی کی وفات پر اظہار تعزیت

عارف نظامی کی وفات سے دنیائے صحافت کا ایک اہم باب بند ہو گیا ہے ، عارف نظامی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، محسن ظہیر

لاہور (اردونیوز)نوائے وقت کے بانی حمید نظامی مرحوم کے صاحبزادے اور پاکستان کے معروف و مشہور صحافی عارف نظامی کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد لاہور میں سپرد خاک کردیا گیا۔مرحوم عارف نظامی کی نماز جنازہ جامع مسجد اللہ اکبر ڈیفنس، ای بلاک، لاہور میں ادا کی گئی، جس میں سینئر صحافیوں اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔عارف نظامی کو میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔عارف نظامی لاہور میں انتقال کرگئے تھے، وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور دو ہفتوں سے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔اردو نیوز کے ایڈیٹر محسن ظہیر نے عارف نظامی کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اوردعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں ۔ دنیائے صحافت کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔محسن ظہیر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں جدید صحافت کو فروغ دینے میں عارف نظامی نے کلیدی کردار اداکیا ۔ انہوں نے سینکڑوں صحافیوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کئے ، نوائے وقت ، دی نیشن اور پاکستان ٹوڈے میں صحافیوں کے لئے تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کئے ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عارف نظامی کو اس وقت شہرت حاصل ہوئی کہ جب انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی پہلی حکومت کے خاتمے کی خبر ایک دن قبل نوائے وقت میں شائع کر دی اور اس خبرکو پیپلز پارٹی کی حکومت او ر اس وقت کے صدر اسحاق خان کی جانب سے اس وقت تک تردید کی جا تی رہی کہ جب تک یہ خبر درست ثابت نہ ہو گئی ۔

Related Articles

Back to top button