پاکستان

امریکہ میں سوات سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شکیل خان کا قتل

شکیل خان کو بنگ ہیمٹن شہر میں راتدس بجے بعد اپنے ریسٹورنٹ کے سامنے نامعلوم نقاب پوش نے گولیاں مار کر بے دردی ے قتل کر دیا

قاتل واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب، پولیس نے رپورٹ درج کرکے قاتل کی تلاش شروع کر دی ہے، قتل کے محرکات کا پتہ چلایا جا رہا ہے
مقتول شکیل خان کی نماز جنازہ مکی مسجد بروکلین میں ادا کی گئی جس میں قائمقام قونصل جنرل نعیم چیمہ سمیت کمیونٹی ارکان کی بڑی تعداد میں شرکت، میت پاکستان روانہ
مقتول شکیل خان اے این پی کے رکن اسمبلی وقار خان اور افتخار خان کا بھتیجا اور اے این پی کے رہنما خان نواب کا نواسہ تھا، پسماندگان میں تین بچے اور بیوہ شامل ہے

نیویارک (محسن ظہیر ) امریکی ریاست نیویارک کے بالائی علاقہ کے بنگ ہیمٹن شہر میں جواں سال پاکستانی کو نامعلوم نقاب پوش شخص نے اس کے ریسٹورنٹ کے سامنے گولیاں مار کر بے دردی سے قتل کر دیا۔ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرنے کے بعد قاتل کی تلاش شروع کر دی ہے۔قتل کی اس لرزہ خیز واقعہ کے محرکات کا علم نہیں ہو سکا۔تفصیلات کے مطابق 30مارچ کی رات سوات سے تعلق رکھنے والے 49سالہ شکیل خان ،بنگ ہیمٹن شہر میں حلال بائٹس کے نام سے قائم اپنے ریسٹورنٹ کو بند کرنے کے بعد گھر جا رہے تھے کہ اچانک ایک نقاب پوش شخص ان کے سامنے آگیا اور انہیں مبینہ طور پر نیچے بیٹھنے کے لئے کہا ۔ بعد ازاں گولیاں مار کر جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔گولیاں لگنے کی وجہ سے شکیل خان موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی ۔ پولیس کی جانب سے قاتل کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔
Shaharyar Chaudhry Law Firm AdAd -مقتول کے نیویارک میں مقیم بھائی اور عزیز و اقارب کے مطابق مقتول شکیل خان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی اور وہ بے حد اچھا ، مخلص اور ملنسار انسان تھا ۔خیبر سوسائٹی کے تاج خان کا کہنا ہے کہ بنگ ہیمٹن شہر میں پچاس کے قریب پاکستانی فیملیز منتقل ہو ئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پویس قتل کے محرکات کا پتہ چلائے گی تاہم اس میں نفرت انگیز جرم کے پہلو کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔صاحبزاد ہ شبیر جو کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بنگ ہیمٹن پہنچے نے بتایا کہ شکیل خان کچھ ماہ پہلے نیویارک سے بنگ ہیمٹن منتقل ہوئے تھے جہاں انہوں نے حلال بائٹس کے نام سے اپنا کاروبار شروع کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اسی ریسٹورنٹ کے سامنے رات کو پہلے سے موجود نامعلوم مسلح شخص نے انہیں گولیاں مار کر ہلاک کیا ۔ کمیونٹی کو اس واقعہ پر شدید تشویش ہے ۔
مقتو ل شکیل خان کی نماز جنازہ مکی مسجد بروکلین میں ادا کی گئی جس میں قائمقام قونصل جنرل نعیم چیمہ، قونصلر کمیونٹی افئیرز حنیف چنا سمیت خیبر سوسائٹی کے قائدین اور کمیونٹی ارکان نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی ۔ کمیونٹی کی جانب سے شکیل خان کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ قاتل کو فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے ۔
شکیل خان کے جسد خاکی کو پاکستان بھجوادیا گیا ہے جہاں ان کے آبائی علاقے میں ان کی تدفین ہو گی ۔ مقتول کے پسماندگان میں تین چھوٹے بچے اور بیوہ شامل ہے ۔

Video:

Pakistani Restaurant Owner Shakeel Khan’s murder in Johnson city

Related Articles

Back to top button