اوورسیز پاکستانیز

تحریک انصاف : رانا جاوید نے ”نیویارک یونائیٹڈ “ کے نام سے پینل کا اعلان کردیا

رانا اجاوید بطورصدرنیویارک جبکہ قیصر بھٹہ سیکرٹری جنرل ، میاں توحید اللہ انفارمیشن سیکرٹری ، میاں راشد اسلام جوائنٹ سیکرٹری اور حنا رحمان وومین ونگ کی سیکرٹری کے امیدوار ہوں گے

نیویارک (اردونیوز ) پاکستان تحریک انصاف نیویارک کے انٹرا پارٹی الیکشن کے سلسلے میں پارٹی رہنما و تحریک انصاف نیویارک کے سابق صدر رانا جاوید نے اپنے پینل کے اہم عہدیداروں کا اعلان کردیا ہے۔ رانا جاوید نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کباب جی ریسٹورنٹ لانگ آئی لینڈ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ وہ ”نیویارک یونائیٹڈ “ کے نام سے تحریک انصاف نیویارک کے انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لیں گے ۔ اس الیکشن میں وہ بطورصدر امیدوار ہوں گے جبکہ ان کے ساتھ دیگر امیدواروں میں قیصر بھٹہ سیکرٹری جنرل ، میاں توحید اللہ انفارمیشن سیکرٹری ، میاں راشد اسلام جوائنٹ سیکرٹری اور حنا رحمان وومین ونگ کی سیکرٹری کی امیدوار ہوں گی ۔اس موقع پر ان کے ساتھ مظہر سلیم باگھڑیاں ، الیاس میتلا، نعیمہ سلطانہ ، ارم نوشین ، طارق مغل ، ملک سجاد، شاہد اکبر، آصف ملک ، اجمل خان ، سیدہ شبانہ حسین ، آصفہ مغل ، صفورہ وسیم بھی موجود تھے ۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ میاں توحید اللہ نے قرآن مجید کی آیات کی تلاوت کی سعادت حاصل کی ۔رانا جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن ہونے جا رہے ہیں ۔ ہم نے اس الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم نیویارک یونائیٹڈ کے نام سے الیکشن لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ہماری پوزیشن بہت اچھی ہے اور ہم پارٹی ساتھیوں کے ساتھ ملکر الیکشن جیتیں گے ۔


قیصر بھٹہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم رانا جاوید کے ساتھ اس لئے کھڑے ہوئے ہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ جیسے پہلے رانا جاوید نے نیویارک میں پارٹی کو قیادت فراہم کی تھی ، ویسے ہی آج بھی وہ تحریک انصاف نیویارک کے صدر کے لئے موزوں اور بہترین امیدوار ہیں ۔ پارٹی کے تمام نظریاتی ساتھیوں کو رانا جاوید کا ساتھ دینا چاہئیے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام ساتھیوں کے شکر گذار ہیں کہ جو آج ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں اور انہوں نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ ہمارے دست و بازو بنیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں پارٹی ساتھی ، اپنا ووٹ ڈالتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ پارٹی کو اس کے نظریاتی ، پرانے ساتھی قیادت فراہم کریں ۔


مظہر سلیم باگڑی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم رانا جاوید کو کچھ عرصے سے جانتے ہیں لیکن جتنا بھی جانتے ہیں ، ان کو مخلص اور محنتی پایا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انشاءاللہ ساتھ کھڑے رہیں گے ۔رانا جاوید کو یقین دلاتے ہیں کہ الیکشن میں ان کے دست و بازو بنیں گے۔ ہم عمران خان کے سپاہی ہیں ۔ ہم عمران خان کے وژن کو آگے بڑھانے میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے ۔انشاءاللہ رانا جاوید کو کامیابی ملے گی ۔ فرض کریں کہ اگر ہم کامیاب نہ بھی ہو سکیں تو بھی ہم کامیاب ہوں گے کیونکہ ہم عمران خان کے مشن اور وژن پر یقین رکھتے ہیں اور قطع نظر الیکشن کے اس مشن کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ہم نے حق اور نظرئیہ کا ساتھ دینا ہے۔ہم رانا جاوید کو اپنی مکمل سپورٹ کا یقین دلاتے ہیں۔
آصف ملک اور ملک سجاد نے بھی رانا جاوید کو مکمل سپورٹ کا یقین دلایا اور کہا کہ رانا جاوید تحریک انصاف نیویارک کے صدر کے لئے موزوں ترین امیدوار ہیں ۔ میاں راشد اسلام نے کہا کہ ہم رانا جاوید کی قیادت میں اپنے پینل سے انٹرا پارٹی الیکشن لڑیں گے۔ انشاءاللہ ہم نظریاتی ساتھیوں کے ساتھ ملکر الیکشن میں کامیابی حاصل کریں گے ۔ رانا جاوید نے سابقہ دور میں بطور صدر بہت اچھا کردار ادا کیا ہے۔ ہم عمران خان کے وژن کو آگے بڑھانے کے لئے رانا جاوید کو کامیاب و کامران بنائیں گے
میاں توحید اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں رانا جاوید کے ساتھ ان کے سابق صدارتی دور میں ان کی کابینہ میں رہا ہوں ۔میں نے ان کو بہت محنتی اور مخلص ساتھی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف واحد جماعت ہے کہ جو انٹرا پارٹی الیکشن کرواتی ہے ۔اس الیکشن سے پارٹی مزید مضبوط ہو گی ۔
شاہد اکبر نے خطاب کرتے ہوئے رانا جاوید کو اپنی مکمل سپورٹ کا یقین دلایا ۔انہوں نے پارٹی ساتھیوں پر زور دیا کہ وہ رانا جاوید کی ہر ممکن سپورٹ کرکے انہیں کامیاب بنائیں ۔


صفور بیگم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم رانا جاوید کوسپورٹ کرنے کے لئے بروکلین سے آئے ہیں ۔وہ ایک جینوئین شخص ہیں ، بہت محنتی اور نظریاتی ہیں ۔ ہم نے سابقہ دور میں ان کے ساتھ مل کر کام کیا ۔ انشاءاللہ رانا جاوید کامیاب ہوں گے ۔ ہمارا ووٹ ہی نہیں بلکہ دعائیں بھی رانا جاوید کے ساتھ ہیں ۔
آصفہ مغل نے کہا کہ ہم عمران خان اور رنا جاوید کے سپورٹرز ہیں ۔ انشاءاللہ ان کی کامیابی میں اپنا ہر ممکن کردارادا کریں گے ۔ سیدہ شبانہ حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ بروکلین سے رانا جاوید کو کامیاب بنانے اور سپورٹ کرنے کے لئے آئیں ہیں۔ ہمارا اور ہماری فیملی اور دوست احباب کے ووٹ رانا جاوید کےساتھ ہیں ۔ ہم رانا جاوید کو تحریک انصاف نیویارک کا آئندہ صدر دیکھنا چاہتے ہیں ۔
رانا جاوید نے تمام شرکاءکا شکرئیہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کا مشکور ہوں کہ جو میری سپورٹ کررہے ہیں اور آنیوالے دنوں میں سپورٹ کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے نمبر پورے ہیں، انشاءاللہ ہم الیکشن جیتیں گے ۔ الیکشن ، پارٹی سیاست کا حصہ ہیں ۔ جو بھی کامیاب ہو ، اس کا سب کو ساتھ دینا چاہئیے ۔ہم پارٹی کو متحد رکھیں گے ، اسی لئے ہم نے اپنے پینل کا اعلان یونائیٹڈ پینل رکھا ہے۔

Rana Javed, PTI New York elections 2021

Related Articles

Back to top button