امیگریشن نیوز

اکنا ریلیف کے زیر اہتمام امریکہ بھر میں50ہزار سکول بیگ تقسیم کرنے کا اعلان

امریکہ بھر میں سکول بیگز اور سکول سپلائی مستحق و غریب سکول سٹوڈنٹس میںموسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے سے پہلے ملک کے اہم شہروں میں بلاامتیاز تقسیم کئے جائیں گے

اکنا ریلیف کے ڈائریکٹرنارتھ ایسٹ ارشد جمال ، ڈائریکٹر انفارمیشن ہمایوں حق ،ڈائریکٹر میڈیا عائشہ آصف اور کوارڈی نیٹر بیک ٹو سکول پروگرام عاطف الرحمان کی مشترکہ پریس کانفرنس
کل کی بات ہے کہ جب ہم نے بیک ٹو سکول پروگرام شروع کیا ۔ چند سو سکول بیگز کے ساتھ کام شروع کیا اور الحمد للہ اب تک اڑھائی لاکھ سے زائد ملک بھر میں بیگز اور سپلائیز تقسیم کر چکے ہیں ۔ ارشد جمال
الحمد للہ اکنا ریلیف کے زیر اہتمام بیک ٹو سکول پروگرام کو کامیابی سے چلتے ہوئے دس سال مکمل ہو گئے ہیں ۔اس دوران ہم نے امریکہ بھر میں اڑھائی لاکھ سکول بیگز مکمل طور پر مفت تقسیم کئے ۔ ہمایوں حق
اکنا ریلیف نے اپنا بیک ٹو سکول پروگرام ڈیزائن کیا تاکہ مستحق سٹوڈنٹس کو سکول کھلنے سے پہلے نئے سکول بیگز اور سپلائیز دی جا سکیں ۔عائشہ حق کا پریس کانفرنس سے خطاب

نیویارک (اردو نیو ز) اکنا ریلیف کی جانب سے حسب روایت اس سال بھی امریکہ کے اہم شہروں میں مستحق و غریب سٹوڈنٹس میں 50ہزار سکول بیگز و سپلائیز تقسیم کی جائیں گی ۔ یہ اعلان اکنا ریلیف کے ڈائریکٹرنارتھ ایسٹ ارشد جمال ، ڈائریکٹر انفارمیشن ہمایوں حق ،ڈائریکٹر میڈیا عائشہ آصف اور کوارڈی نیٹر بیک ٹو سکول پروگرام عاطف الرحمان نے یہاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔
عائشہ آصف نے کہا کہ شاید ہم سوچتے ہوں کہ یہ اشیاءسستی ہیں اور ہر کوئی افورڈ کر سکتا ہے ۔ لیکن لوگوں کے پاس روز مرہ اشیاءکے اتنے اخراجات ہیں کہ ان کے لئے سکول بیگ اور سکول سپلائیز مل جانا غنیمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی ایک خاصی تعداد ایسی ہے کہ جن کے والدین غربت کی زندگی گذارتے ہیں ۔ہم ان کی بلا امتیاز مدد کرنا چاہتے ہیں ۔یہ حقیقت ہے کہ امریکہ میں غربت موجود ہے اور غریب و مستحق عوام کی مدد کرنا اکنا ریلیف کے مشن کا اہم حصہ ہے ۔اس لئے اکنا ریلیف نے اپنا بیک ٹو سکول پروگرام ڈیزائن کیا تاکہ مستحق سٹوڈنٹس کو سکول کھلنے سے پہلے نئے سکول بیگز اور سپلائیز دی جا سکیں ۔
ڈائریکٹر انفارمیشن ہمایوں حق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ اکنا ریلیف کے زیر اہتمام بیک ٹو سکول پروگرام کو کامیابی سے چلتے ہوئے دس سال مکمل ہو گئے ہیں ۔اس دوران ہم نے امریکہ بھر میں اڑھائی لاکھ سکول بیگز مکمل طور پر مفت تقسیم کئے ۔یہ وہ کام ہے کہ جس کی وجہ سے اکنا ریلیف قائم ہے اور لوگ ہماری مدد کررہے ہیں اور تعاون کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بیک ٹو سکول پروگرام میں بلا امتیاز بچوں میں بیگ اور سپلائیز تقسیم کرتے ہیں ۔ جو بچہ اپنے والدین کے ساتھ ہمارے سکول سپلائی کیمپ میں پہنچ جاتا ہے، قطع نظرکہ اس کا تعلق کس کمیونٹی یا مذہب وغیرہ سے ہے، ہم اس کو بیگ اور سپلائی فراہم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق کے اس کام کی وجہ سے ہمیں اپنی دین اسلام کی دعوت کی سرگرمیوں کے فروغ میںبھی مدد ملتی ہے ۔فلاح و بہبود اور خدمت خلق کے کام ہماری ہی نہیں بلکہ پوری کمیونٹی اور ہمار ے دین کی بھی یہاں پہچان بن رہے ہیں ۔
اکنا ریلیف کے ڈائریکٹرنارتھ ایسٹ ارشد جمال نے کہا کہ ایسے لگ رہا ہے کہ کل کی بات ہے کہ جب ہم نے بیک ٹو سکول پروگرام شروع کیا ۔ چند سو سکول بیگز کے ساتھ کام شروع کیا اور الحمد للہ اب تک اڑھائی لاکھ سے زائد ملک بھر میں بیگز اور سپلائیز تقسیم کر چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا نصب العین ون نیشن ، ون کاز ہے ۔ملک بھر میں اسی نصب العین کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم کام کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم خدمت خلق میں مصروف ہوتے ہیں تو لوگ ہمارے ظاہری حلیہ اور عقیدے کی بجائے ہمارے کام پر توجہ مرکوز کرتے ہیں اور یہی کام ہماری پہچان بن جاتا ہے۔ دین اسلام کا بھی یہی پیغا م ہے کہ خدمت انسانیت کو اپنے زندگی کا شعار بنائیں ۔
ارشد جمال نے کہا کہ جب ہم یہ کہتے ہیں کہ ہم سال بھر میں 50ہزار بیگز تقسیم کریں گے تو اس کا مطلب ہے کہ ہم اس خدمت خلق میں کم از کم ہالف ملین ڈالرز خرچ کرتے ہیں ۔ یہ سب فنڈز ہماری کمیونٹی کے غریبوں کے دکھ درد رکھنے والے صاحب حیثیت سپورٹرز کی جانب سے آتے ہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں ارشد جمال نے کہا کہ بیک ٹو سکول پروگرام کے سلسلے میں ہمارا پہلا میگا ایونٹ 27جولائی کو لارنس ایونیو پر ہوگا ۔ہم امریکہ بھر میں مختلف شہروں میں غریب و متوسط طبقے کے علاقوں میں بیگ تقسیم کریں گے ۔ ہم مساجد اور اسلامک سنٹرز کے ذریعے متعلقہ علاقوں میں اعلان کروادیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اس پروگرام میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ بھی ہماری ہماری پارٹنر ہے ۔ہم مقامی تنظیموں کے ساتھ ملکر بھی کام کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ویب سائٹ کے ذریعے بھی لوگوں کو مطلع کریں گے کہ کس علاقے میں ہم بیگز تقسیم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمارے اس فلاحی کام کے بہتاچھے اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب ہم مساجد اور چرچز کے ساتھ کام کرتے ہیں تو ہم امام اور چرچ کے لیدرز کو بھی پچاس کے قریب بیگ دے دیتے ہیں اور ان کے ذریعے بیگ مستحق لوگوں کے پاس پہنچ جاتے ہیں ۔

ICNA Relief Back to School Program

Related Articles

Back to top button