اوورسیز پاکستانیز

پاکستان میں خدمتِ خلق میں پیش پیش امریکی گلو کار و خدمتگار ٹاڈ شے کے اعزاز میں استقبالیہ

خدمت خلق کےلئے میں نے پاکستان کو نہیں بلکہ پاکستان نے مجھے چنا ہے ، 2005کے زلزلہ کے بعد امدادی سرگرمیوں کےلئے پاکستان گیا، پھر وہاں کا ہو کر رہ گیا، ٹاڈ شے کا خطاب

ٹاڈ شے اور ان کی تنظیم سی ڈی آرایس کی خدمات پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے ، پاکستان میں انسانیت کےلئے ان کی گرانقدر خدمات ہیں، پاکستانی کمیونٹی سی ڈی آرایس کی ہر ممکن سپورٹ کرے ، سعید حسن
تقریب سے سید عدنان بخاری ،علی راشد، وکیل انصاری ، احتشام قاضی ، بانو قاضی ، ڈاکٹرمدنیہ، اسلم بیگ اور اشرف کے خطابات ، ٹاڈ شے کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین ،ٹاڈ شے کی اہلیہ صائمہ کی شرکت

نیویارک (اردو نیوز ) پاکستان میں غریب و مستحق عوام کی خدمت میں اپنی زندگی وقف کرنے والے امریکی گلوکار ٹاڈ شے کے اعزازمیں یہاں ڈان ٹریولز اور اس کے چیف ایگزیکٹو سعید حسن کی جانب سے خصوصی استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا ۔ دھوم ریسٹورنٹ میں دئیے جانیوالے اس استقبالیہ میں سید عدنان بخاری ، علی راشد،وکیل انصاری ، احتشام قاضی ، بانو قاضی ، ڈاکٹرمدنیہ، اسلم بیگ ، واصف حسین واصف ، اشرف، ہمایوں شبیر، فضل حق سید، طالب حسین ،رضوان قریشی کے علاوہ کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ارکان نے بھی شرکت کی ۔ ٹاڈ شے سال میںایک یا دو بارامریکہ کا دورہ کرتے ہیں جس کا مقصد اپنی تنظیم کےلئے فنڈز اکٹھا کرنا ہے ۔ان کی تنظیم کمپری ہینسو ڈیزاسٹر ریسپانس سروس (CDRS)پاکستان کے مختلف پسماندہ علاقوں میں تعلیم، صاف پانی اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں غریب و مستحق افراد کی بلا امتیاز گذشتہ پندرہ سالوں سے خدمت کررہی ہے ۔
استقبالیہ سے خطاب کے دوران ٹاڈ شے نے کہا کہ میں نے سمندری طورفا ن کترینااور سری لنکا میں سونامی سمیت دنیا میں مختلف قدرتی آفات کے موقع پر خدمت خلق انجام دی ۔ اس دوران 2005میں جب پاکستان میں زلزلہ آیا تو میں خدمت خلق کا جذبہ لیکر پاکستان چلا گیا ۔وہاں پہنچ کر متعلقہ حکام کو بتایا کہ چونکہ میرا تعلق ایک میوزک بینڈ سے ہے ، اس لئے ہمیں بھاری سامان کی نقل و حرکت کا تجربہ ہے اور اس کام میں مدگارثابت ہو سکتا ہوں ۔ یوں متاثرہ علاقوں میں جوں تنظیمیں طویل مدت خدمات انجام دینے کےلئے آئیں، انہیں ہم نے لاجیسٹک سپورٹ فراہم کرنا شروع کر دی۔ پاکستان میں خدمت خلق کے دوران مجھے لوگوں سے جو پیار، شفقت اور خلوص ملا تو میں وہاں کا ہی ہو کر رہ گیا ہوں ۔اب ہماری تنظیم سی ڈی آرایس ملک کے مختلف حصوں میں ایک سو سے زائد پراجیکٹ پر کام کررہی ہے۔ ہم کوئی بہت بڑا بجٹ رکھنے والی این جی او نہیں ہیں ۔ چار لاکھ ڈالرز سے زائد ہمارا سالانہ بجٹ ہے جس میں سے بیس فیصد انتظامی اخراجات پر خرچ ہوتا ہے۔ ٹاڈ شے نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں ایک امریکی کی طرح نہیں بلکہ ایک عام انسان کی طرح کام کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی بہترین کار بھی ایندھن کے بغیر نہیں چلتی۔ ہماری ٹیم کو جوائن کریں ، ساتھ مل کر کام کریں ، مخیر حضرات ہماری تنظیم کی ہر ممکن مدد کرکے غریب و مستحق پاکستانیوں کی خدمت میں حصہ ڈالیں ۔ایک سوال کے جواب میں ٹاڈ شے نے کہا کہ میں نے پاکستان کو نہیں چنا بلکہ پاکستان نے مجھے چنا۔ میں نے پاکستان میں پندرہ سالوں میں اپنی سیکورٹی پر ایک پیسہ خرچ بھی نہیں کیا۔پاکستان کی ہر ایجنسی اور ادارے کی جانب سے ہماری این جی او کی چھان بین اور چیکنگ کی گئی اور ہمیں کلئیر کیا گیا ۔
تقریب میں ٹاڈ شے نے اپنے فن موسیقی کا بھی مظاہر ہ کیا اور پاکستان کا قومی نغمہ گا کر شرکاءکے دل جیت لئے اور تقریب پاکستان اور ٹاڈ شے کے حق میں نعروں سے گونج اٹھی ۔
استقبالیہ کے منتظمین سعید حسن ، علی رشید اور سید عدنان بخاری کی جانب سے شرکاءاور پاکستانی کمیونٹی سے کہا گیا کہ وہ ٹاڈ شے کی این جی او کی دل کھول کر مدد اور سپورٹ کریں تاکہ وہ اپنے خدمت خلق کے کاموں کا دائرہ کار بڑھا سکیں ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈان ٹریول کے چیف ایگزیکٹو سعید حسن نے کہا کہ ٹاڈ شے اور ان کی تنظیم سی ڈی آرایس کی خدمات پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے ، پاکستان میں انسانیت کےلئے ان کی گرانقدر خدمات ہیں، پاکستانی کمیونٹی سی ڈی آرایس کی ہر ممکن سپورٹ کرے۔ تقریب سے سید عدنان بخاری ، وکیل انصاری ، احتشام قاضی ، بانو قاضی ، ڈاکٹرمدنیہ، اسلم بیگ اور اشرف نے بھی خطاب کرتے ہوئے ٹاڈ شے کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیااور کہا کہ جس وطن کو ہم چھوڑ کر امریکہ آگئے، اس وطن میں امریکہ سے اٹھ کر ٹاڈ شے جیسے عظیم خدمتگار ،خدمت خلق کےلئے گئے اور اپنی زندگی وہاں پر وقف کر دی ۔ان کی جتنی بھی مدد کی جائے کم ہے ۔ہم سب کو ان کے خدمت خلق کے کاموں میں حصہ ڈالنا چاہئیے ۔
تقریب میں ٹاڈ شے کی پاکستانی بیوی صائمہ نے بھی شرکت کی جو کہ ہم ٹی وی سے تعلق رکھنے والی ایک صحافی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاڈ سے ان کی ملاقات ایک انٹرویو کے دوران ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے شوہر کی خدمات پر فخرہے ۔
ٹاڈ شے جو کہ گلوکار ہیں،نے تقریب میں اپنے فن کا بھی مظاہرہ کیا ۔

Related Articles

Back to top button