اوورسیز پاکستانیز

پاکستانی سفارتخانوں اور کمیونٹی سمیت امریکہ بھر میں یوم اظہار یکجہتی کشمیر منایا گیا

پاکستان مشن نیویارک، پاکستان ایمبسی واشنگٹن کے علاوہ قونصلیٹ میں خصوصی تقریبات،کمیونٹی تنظیموں کے زیر اہتمام بھی تقریبات منعقد کی گئیں

نیویارک میں بھارتی مظالم کی عکاسی کرتا ہوا اشتہاری ٹرک تمام وقت ٹائمز سکوائر سمیت مصروف علاقوں میں گشت کرتا رہا، بلاول بھٹو نے واشنگٹن میں یوم کشمیر منایا
کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور انہیں یقین دلایا گیا کہ ان کے حق میں امریکہ میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیری ہر فورم پراپنی آواز اس وقت تک بلند کرتے رہیں گے
تقریبات میں مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی، سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان ، قائمقام قونصل جنرل نعیم چیمہ ،بلاول بھٹو زرداری سمیت اہم شخصیات شریک ہوئیں

Ambassador Asad Majeed Khan, Kashmir Day
پاکستانی سفیر ڈاکٹراسجد مجید خان ، پاکستان ایمبسی واشنگٹن میں یوم کشمیر کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

نیویارک (چینل فائیو نیوز ) پاکستانی سفارتخانوں سمیت امریکہ کے مختلف شہروں میں پانچ فروری کے حوالے سے یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا اور کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ و اقوام عالم سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس دیرینہ مسلہ کے حل کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں ۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پاکستان مشن اور پاکستان قونصلیٹ نیویارک کے زیر اہتمام مشترکہ تقریب ہوئی جس میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی ، قائمقام قونصل جنرل نعیم اقبال چیمہ کے علاوہ پاکستانی اور کشمیری امریکن کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکان نے بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔
پاکستانی ایمبسی واشنگٹن ڈی سی میں بھی یوم کشمیر کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان کے علاوہ پریذیڈنٹ ایسوسی ایشن آف ہیومینیٹیرئین لائیرز ڈاکٹرکیرن الزبتھ، پرفیسر جارج ٹاو¿ن یونیورسٹی توقیر الحق، ڈائریکٹر کشمیر سوسائٹی رضوان قادر،پروفیسر ڈاکٹر امتیاز خان ، سردارذوالفقار خان سمیت اہم شخصیات اور کمیونٹی ارکان نے شرکت کی ۔

Zarif Khan, Bilawal Bhutto
بلاول بھٹو زرداری واشنگٹن میں یوم کشمیر کے موقع پر کشمیری امریکن کمیونٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں

پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی یوم کشمیر واشنگٹن ڈی سی میں منایا۔ انہوں نے واشنگٹن میں کشمیری امریکن کمیونٹی کے قائدین کے ایک وفد کے ساتھ خصوصی ملاقات کی اور کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ نہ صرف بلکہ ہر آنیوالے لمحے میں اپنی یکجہتی کا اظہار کرتی ہے ۔
نیویارک میں کمیونٹی کے مقامی ٹی وی چینل سب رنگ ٹی وی کے سلیم احمد ملک اور ظفراقبال کے زیر اہتمام جبکہ لانگ آئی لینڈ (نیویارک) میں پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کے بشیر قمر اور ساتھیوں کے زیر اہتمام بھی یوم یکجہتی کشمیر کے الگ الگ پروگرام منعقد ہوئے ۔
ان تمام تقریبات میں سفارتکاروں اور کمیونٹی قائدین اور ارکان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور انہیں یقین دلایا گیا کہ ان کے حق میں امریکہ میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیری ہر فورم پر اپنی آواز اس وقت تک بلند کرتے رہیں گے کہ جب تک کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت نہیں مل جاتا اور مسلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوجاتا۔

Related Articles

Back to top button