بین الاقوامی

سعودی عرب میں ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا ، اتوار 12 اگست یکم ذوالحجہ ہوگی

سعودی عرب میں ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا جس کے بعد اتوار 12 اگست یکم ذوالحجہ ہوگی۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ پیر 20 اگست کو ادا کیا جائے گا اور منگل 21 اگست کو عیدالاضحیٰ کا پہلا دن ہوگا۔

سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کی درخواست کی تھی۔

ملائیشیا، انڈونیشیا، برونائی اور یونان میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا.مختلف ممالک میں ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہوا جس کے بعد ملائیشیا، انڈونیشیا، برونائی دارالسلام اور یونان میں چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کردیا گیا۔

عرب اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان ممالک میں ہفتے کو چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد سرکاری طور پر اعلان کیا گیا کہ یکم ذوالحجہ 13 اگست بروز پیر اور عید الاضحیٰ 22 اگست کو منائی جائے گی۔سعودی عرب نے پہلے ہی عید الاضحیٰ کے لیے 11 روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان کردیا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات نے 5 یوم کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان میں کل چاند نظر آنے کا امکان
پاکستان میں محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ پاکستان میں اسلامی مہینے ذوالحجہ کا چاند 12 اگست نظر آسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق چاند کی پیدا ئش آج دوپہر 2 بجکر 59 منٹ پر ہوچکی ہے اور فلکیاتی پیرامیٹرز کے مطابق ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کا قوی امکان 12 اگست کی شام کو ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع کبھی صاف اور کبھی جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔چاند کی رویت کا حتمی اعلام مرکزی رویت ہلال کمیٹی شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد کرے گی۔ اگر کل یعنی 12 اگست کو چاند نظر آگیا تو پاکستان میں عیدالاضحیٰ 22 اگست بروز بدھ ہوگی۔عید الاضحیٰ ذوالحجہ کی 10 تاریخ کو منائی جاتی ہے، اس دن مسلمان حج بھی کرتے ہیں جبکہ سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا فریضہ بھی سرانجام دیتے ہیں۔

Tags
Show More

Related Articles

Close