شاہ محمود قریشی اہم دورہ پر امریکہ پہنچ گئے
نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گٹیرس سے جبکہ واشنگٹن میں امریکی سیکرٹری خارجہ ، قومی سلامتی کے مشیر سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے
وزیر خارجہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار اور تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کو بھی اجاگر کریں گے، ملاقاتوں میں مشرق وسطیٰ اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ہو گی
نیویارک (اردو نیوز ) وفاقی وزیر خارجہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی دورہ امریکہ کے سلسلے میں بدھ کو نیویارک پہنچ گئے ۔ یہاں جے ایف کے ائیرپورٹ پر ان کا اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم ، قونصل جنرل عائشہ علی سمیت سفارتی حکا م نے استقبال کیا ۔نیویارک میں مختصرقیام کے دوران شاہ محمود قریشی ، اقوا م متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گٹیرس سے اہم ملاقات کریں گے جس میں مسلہ کشمیر، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے نظام کے 160سے زائد دنوںکے نفاذ اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرو ل پر مسلسل فائرنگ کے واقعات اور پاکستانی تشویش سے آگاہ کریں گے ۔
نیویارک کے بعد واشگٹن میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی امریکہ سیکرٹری برائے خارجہ مائیک پومپیو، قومی سلامتی کے مشیر رابراٹ او برائن اور انتظامیہ کے دیگر اعلی حکام سے ملاقاتیں کرینگے۔ اس کے علاوہ وزیرخارجہ کیپٹل ہل میں ملاقاتوں کے علاوہ میڈیا، تھنک ٹینک اور پاکستانی برادری سے ملاقات کریں گے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی دورہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم وجبر کی وجہ سے پیدا صورتحال کے بارے میں بھی بطور خاص آگاہ کریں گے۔ وزیر خارجہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار اور تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کو بھی اجاگر کریں گے۔ دورے کا مقصد سیاسی و سفارتی ذرائع سے تنازعات کے حل کی کوشش ہے۔ ملاقاتوں میں مشرق وسطیٰ اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ہو گی۔
How does U.N. Security Council work? Interview with Iftikhar Chaudhry
Foreign minister Shah Mahmood Qureshi arrives U.S. for 3 days visit.