اوورسیز پاکستانیز

ڈاکٹر آصف محمود انشورنس کمشنر کیلی فورنیا کا الیکشن تو ہار گئے لیکن 5لاکھ ووٹس حاصل کرکے تاریخی ریکارڈ قائم کر دیا

ڈیموکریٹک پارٹی کے پاکستانی امریکن امیدوار ڈاکٹر آصف محمود تیرہ فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے

سابق انشورنس کمشنر سٹیو پوئزنر نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا کو43فیصد برتری حاصل رہی

کیلی فورنیا (اردو نیوز ) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے انشورنس کمشنر کے پاکستانی نژاد امیدوار ڈاکٹر آصف محمود پانچ جون کو ہونیوالے پرائمری الیکشن میں کامیاب نہ ہو سکے ۔ آخری اطلاعات کے مطابق انشورنس کمشنر کے عہدے کے لئے ہونیوالے پرائمری الیکشن میں سابق انشورنس کمشنر سٹیو پوئزنر نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا کو43فیصد برتری حاصل رہی جبکہ دوسرے نمبر پر 38فیصد ووٹوں کے ساتھ ڈیموکریٹک امیدوار ریکارڈو لارا رہے ۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے ہی پاکستانی امریکن امیدوار ڈاکٹر آصف محمود تیرہ فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے ۔
کیلی فورنیا کے انتخابی قانون کے مطابق پرائمری الیکشن میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والے پہلے دو امیدواران قطع نظر کہ ان کا کس جماعت سے تعلق ہے ، کے درمیان اب انشورنس کمشنر کے عہدے کےلئے نومبر میں جنرل الیکشن ہوگا۔
سٹیو پوائزنر پہلے بھی ریپبلکن پارٹی کی جانب سے انشورنس کمشنر منتخب ہو چکے ہیں ۔ جنرل الیکشن میں منتخب ہونے والا انشورنس کمشنر ڈیو جونز کی جگہ لے گا جو کہ اس سال اٹارنی جنرل کا الیکشن لڑررہے ہیں ۔
ڈاکٹر آصف محمود نے پہلے لیفٹنٹ گورنر کیلی فورنیا کا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا اور اپنی انتخابی مہم کا آغاز اسی عہدے کےلئے کیا تھا تاہم بعد میں سیاسی صورتحال کے پیش نظر وہ انشورنس کمشنر کی دوڑ میں شامل ہو گئے اوراس میں خوب مقابلہ کیا لیکن جنرل الیکشن کے لئے مقررہ ووٹوں کا اہداف حاصل نہیں کر سکے ۔
ڈاکٹر آصف محمود نے تقریبا پانچ لاکھ ووٹس حاصل کئے جو کہ کسی بھی امریکی الیکشن میں کسی بھی مسلم امیدوار کی جانب سے حاصل کئے جانیوالے سب سے زیادہ ووٹس ہیں یوں انہوں نے نیا ریکارڈ بھی قائم کیا ۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے ڈاکٹر آصف محمود کو انتخابی عمل کا بھرپور انداز میں حصہ لینے پر مبارکباد دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ انہوں نے کمیونٹی کے لئے امریکی نظام کے قومی و سیاسی دھارے میں شامل ہونے والے حوالے سے راہ ہموار کی ہے اور ان کی خدمات کو کمیونٹی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

Related Articles

Back to top button