اوورسیز پاکستانیز

مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے زیر اہتمام بیگم کلثوم نواز مرحومہ کےلئے تعزیتی اجلاس

میاں محمد نواز شریف سمیت شریف فیملی کے ساتھ گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار، بیگم کلثوم نواز کی جمہوریت کےلئے خدمات اور قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا

مسلم لیگ ہاوس نیویارک میں منعقدہ تعزیتی اجلاس میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور بیگم کلثوم نواز کی ارواح کے لئے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا کی گئی

نیویارک (خصوصی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے زیر اہتمام پارٹی رہنما و سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ و سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز مرحومہ کی یاد میں تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ بانی پاکستان کی برسی کے حوالے سے مرحومین کی ارواں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا بھی کی گئی ۔

Nawaz Sharif, Parole
نواز شریف سمیت شریف فیملی کے غم میں برابر کے شریک ہیں، مسلم لیگ (ن) امریکہ

مسلم لیگ ہاوس نیویارک میں منعقدہ تعزیتی اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے صدر روحیل ڈار، سینئر نائب صدر میاں فیاض، جنرل سیکرٹری رانا سعید،سیکرٹری انفارمیشن انور شاہ واسطی ، نیویارک سٹیٹ کے صدر احمد جان سمیت دیگر لیگی عہدیداران صاحبزادہ پیر سید میر حسین شاہ چشتی نظامی، چوہدری پرویز اختر، عبدالخالق اعوان،سجاد احمد بٹ ، ملک جمیل، چوہدری غلام حسین، راجہ رزاق، عبدالعزیز بٹ، محمد تاج خان، راجہ روف ، جمشید دانش ملک ، نور بھٹی، بابر بٹ، محمود احمد سمیت لیگی کارکنان نے شرکت کی ۔ تعزیتی اجلاس میں پیپلز پارٹی یو ایس اے کے سرور چوہدری ، تحریک انصاف نیویارک کے راو شوکت سمیت کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شیخ توقیر الحق، فاروق مرزا، راجہ ضمیر پوران، رضوان یزدانی، رانا اخلاق اورشاہد حمید خان نے بھی خصوصی شرکت کی ۔

Anwar Shah Wasti, Mir Hussain Shah
پیر سید میر حسین شاہ فاتحہ خوانی و دعا کرو ا رہے ہیں، ان کے ساتھ انور شاہ واسطی بھی موجود ہیں

روحیل ڈار کی صدارت میں منعقدہ تعزیتی اجلاس میں نظامت کے فرائض صاحبزادہ پیر سید میر حسین شاہ چشتی نظامی نے ادا کئے اور انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور بیگم کلثوم نواز کی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کروائی اور خصوصی دعا کرواتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی بار گاہ اقدس میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں، ان کے درجات بلند فرمائیں ۔

حافظ احمد علی نے قران مجید کی آیات کی تلاوت کی جبکہ معروف نعت خوان سجاد احمد بٹ نے بار گاہ رسالت میں ہدئیہ عقیدت پیش کیا ۔تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روحیل ڈار، میاں فیاض، رانا سعید، انور شاہ واسطی ، احمد جان ، چوہدری پرویز اختر، عبدالخالق اعوان،جمشید دانش ملک ، چوہدری غلام حسین، راجہ رزاق، محمد تاج خان نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز مرحومہ ایک عظیم خاتون تھیں ۔ انہوںنے قائد میاں نواز شریف کے ساتھ ہر مشکل اور آزمائش میں شانہ بشانہ ساتھ دیا ۔ملک و قوم بالخصوص جمہوریت کے لئے ان کی خدمات کو جتنا بھی خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے ۔ پاکستان کی سیاسی و جمہوری تاریخ انہیں مادر جمہوریت کے طور پر یاد رکھے گی ۔مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے ساتھ ان کی بہت سنہری یادیں وابستہ ہیں ۔ ان کی شفقت کو ساتھی ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔بیگم کلثوم نواز نے ایک ڈکٹیٹر کو نہتے ہوتے للکارا اور مردانہ وار مقابلہ کیا ۔ آج پاکستان اور جمہوریت کو ان کی بے پناہ ضرورت تھی لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ ان کی خدمات اور قربانیوں کے اثرات انشاءاللہ ملک و قوم پر مرتب ہوتے رہیں گے ۔

Khaliq Awan PML(N) USA
نیویارک سے مسلم لیگ (ن) کے عبدالخالق اعوان ، بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے پاکستان روانہ

مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے قائدین نے کہا کہ ہم میاں نواز شریف ، محترمہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے ساتھ ہونیوالی ریاستی جبر و زیادتیوں اور نا انصافیوں کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں ۔شریف خاندان نے اقتدار کی نہیں اقدار کی سیاست کی اور آخری فتح ان کے ہی نصیب میں آئے گی ۔
پیپلز پارٹی یو ایس اے کے مرکزی رہنما سرور چوہدری ، کمیونٹی کے سرگرم رہنما شیخ توقیر الحق نے بیگم کلثوم نواز کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ ایک با وقار خاتون اول اور قومی شخصیت تھیں ۔فاروق مرزا نے بیگم کلثوم نواز کی بیماری کے حوالے سے بعض میڈیا ارکان کی منفی رپورٹنگ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ منفی کردار کے حامل میڈیا کے احتساب کی بھی ضرورت ہے ۔
آخر میں مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کی جانب سے کمیونٹی کی تمام اہم شخصیات اور ارکان کا شکرئیہ ادا کیا گیا کہ جو شریف فیملی اور پارٹی کے غم میں شریک ہوئے ۔

 

بیگم کلثوم نواز لندن میں انتقال کر گئیں

 

Related Articles

Back to top button