پاکستان

وزیر اعظم عمران خان 24ستمبر کو اقوام متحدہ سے ویڈیو خطاب کریں گے

جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ محمود قریشی ، جنرل اسمبلی سائیڈ لائینز پر اہم ممالک کے وزراءخارجہ سمیت اہم عالمی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے

نیویارک (محسن ظہیر سے ) وزیر اعظم پاکستان عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے 24ستمبر کو ویڈیو خطاب کریں گے تاہم وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لئے نیویارک پہنچ رہے ہیں ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76ویں سالانہ اجلاس میں اقوام متحدہ کے196رکن ممالک میں سے 88ممالک کے سربراہان حکومت یا مملکت ذاتی طور پر شریک ہو رہے ہیں جبکہ باقی ماندہ ”ورچوئل“ (آن لائن ) شرکت کریں گے ۔ جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان پاکستان کے عالمی کردار ، ملک کی مجموعی صورتحال ، افغانستان اور کشمیر سمیت اہم امور پر تفصیلی خطاب کریں گے ۔


جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ محمود قریشی ، جنرل اسمبلی سائیڈ لائینز پر اہم ممالک کے سربراہان اور وزراءخارجہ سمیت اہم عالمی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے جن میں دو طرفہ امور سمیت اہم امور پر بات چیت کریں گے ۔وہ تھنک ٹنک کونسل آن فارن ریلیشناور انویسٹرز کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے ۔واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹراسد مجید خان بھی ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے نیویارک میں قیام کے دوران نیویارک میں ہی موجود ہوں گے ۔
وزیر خارجہ 21ستمبر منگل کو پاکستان قونصلیٹ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی جبکہ 24ستمبر کو پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔ نیویارک میں کشمیری و پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے پیش نظر 25ستمبر کو جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی یا بھارتی وزیر خارجہ کے خطاب کے موقع پر اقوام متحدہ کے سامنے بڑا احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جائیگا۔

Related Articles

Back to top button